1

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے پاکستان کا 80 واں آزادی بھرپور طریقے سے منایا

اسلام آباد ، لاہور ، چولستان ، مانسہرہ اور اٹک میں بڑ ی تقریبات ، قومی پرچم سربلند کیا گیا اور کیک کاٹے گئے
رپورٹ : محمد نواز کھرل
پاکستان کے 80 ویں یومِ آزادی اور 79 ویں سالگرہ کے موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے شاندار تقریبات کا اہتمام کیا ۔ اسلام آباد ، لاہور ، چولستان ، مانسہرہ اور اٹک میں بڑ ی تقریبات ، قومی پرچم سربلند کیا گیا اور کیک کاٹے گئے ۔ اس موقع پر وطن ِ عزیز کی سلامتی اور سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ المصظفیٰ ضرورت کی ہر گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ ہو گا۔
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور میں جشنِ آزادی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں اور اسٹاف نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔اس خوبصورت موقع پر حافظِ قرآن اور یتیم بچوں نے اپنے ہاتھوں سے پاکستان سے محبت کے اظہار کے لیے خوبصورت پینٹنگز بنائیں، جبکہ بچوں اور اسٹاف نے ملی نغمے پیش کیے۔حافظِ قرآن بچوں نے تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔ بچوں کی تخلیق کردہ خوبصورت پینٹنگز نے تقریب کی رونق بڑھا دی۔ایم ڈی محترمہ نصرت سلیم اور محمد نواز کھرل نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔تقریب کے ہر لمحے میں بچوں کی معصوم خوشیوں، وطن سے محبت اور جشنِ آزادی کے جذبے کی خوبصورت جھلک نظر آئی۔ یہ تقریب المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے جذبۂ خدمت، محبتِ وطن اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے عزم کی خوبصورت عکاس تھی۔
المصطفیٰ ہسپتال ڈھوڈیال مانسہرہ میں جشنِ آزادی کے حوالے سے ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں معزز مہمانوں نے شرکت کی۔مہمانانِ خصوصی محمد حنیف گوہر سواتی،چیئرمین گوہر گروپ آف کمپنیز، چیئرمین ایئر کراچی تھے۔


جبکہ دیگر شخصیات میں اسد محمود لودھی،اے ڈی سی ریلیف و ہیومن ریسورس، ضلع مانسہرہ،ڈاکٹر پروفیسر شاکر اللہ ڈین و چیئرمین آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ، ہزارہ یونیورسٹی،جنید جمشید اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل،کرنل فیاض،تاج الدین لالا شامل تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ مقررین نے جشنِ آزادی کی اہمیت اور وطنِ عزیز سے محبت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس کے بعد یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔
المصطفیٰ چولستان کے دفتر میں یومِ آزادیِ پاکستان کے موقع پر ایک پُروقار اور خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں المصطفیٰ کے وولینٹیئرز نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں قومی پرچم کی سربلندی کے عزم کے ساتھ یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کیے گئے جبکہ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر شرکاء نے وطنِ عزیز پاکستان سے محبت، اتحاد، خدمت اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کی۔
المصطفیٰ کے اسلام آباد آفس اور اٹک کے المصطفیٰ ہسپتال میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹے گئے اور وطن ِ عزیز کی سربلندی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں