263

گورنر ہاؤس لاہور میں چیئرمین’’ المصطفیٰ ‘‘ جناب عبدالرزاق ساجد کو ’’ گورنر پنجاب ایوارڈ ‘‘ دینے کی تقریب

رپورٹ: محمد نواز کھرل
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی طرف سے المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کو ان کی شاندار بین الاقوامی فلاحی خدمات کے اعتراف میں “ گورنر ایوارڈ “ دیا گیا ہے ۔۔ ایوارڈ دینے کی خصوصی تقریب گورنر ہاؤس کے دربار ہال میں منعقد کی گئی ۔ تقریب میں بیگم گورنر محترمہ پروین سرور ، المصطفے کی ٹرسٹی رضوانہ لطیف ، المصطفے برطانیہ کی مینجنگ ڈائریکٹر صدف جاوید ، سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان اور نظام مصطفے پارٹی کے صدر میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ ، المصطفے آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل ، کرنل ( ر ) عبدالقیوم ، معروف فلاحی شخصیت اور کالم نگار مسرت قیوم ، لیسکو کے کمپنی سیکریٹری اویس یاسین ، فلیٹیز ہوٹل کے ڈائریکٹر آپریشنز ارشاد بی نجم ، میو ہسپتال اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ایچ او ڈی پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری ، انجیئر عبدالروف شہزادہ ، المصطفے کے کنٹری ڈائریکٹر تجمل گرمانی ، خالد حمید فضل ، نصرت سلیم ، سجاد اظہر ، رئیس اقبال ، عظیم پاشا ، کمال قریشی ، اردو ٹائمز لندن کے ایڈیٹر طاہر چوہدری ، نواز کھرل ، طارق محمود ، نازیہ نور ، اکبر چوہدری سمیت شہر کی اہم کاروباری ، سرکاری اور سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کی فلاحی خدمات لائق صد تحسین ہیں ۔ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ دُکھی انسانیت کے لئے اپنائیت کا سائبان ہے ۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جنہیں اللہ کریم اپنی مخلوق کی خدمت کے لئے منتخب کر لیتا ہے ۔ اپنے خالق کو خوش کرنے کا بہترین راستہ خلق خدا کی خدمت کرنا ہے ۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عبدالرزاق ساجد کا جذبہ خدمت خلق قابل قدر اور لائق تقلید ہے ۔

اس طرح کی فلاحی شخصیات ہمارے معاشرے کا عطر اور ہمارے ملک کا فخر ہیں ۔ مجھ سے زیادہ میری بیگم “ المصطفے “ کی شاندار خدمات کی معترف ہے اور المصطفے کی ایمبیسیڈر ہے ۔ المصطفے اور سرور فاؤنڈیشن طے پانے والے ایم او یو کے تحت مل کر مشترکہ فلاحی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں ۔ میں “ المصطفے “ کے کئی فری آئی کیمپوں کا دورہ کر کے ان کی ٹیم سے بہت متاثر ہوا ہوں ۔ خدمت خلق سے جو سکون ملتا ہے وہ کسی اور کام میں نہیں ملتا ۔ سیاست کو دولت سازی کی بجائے خدمت کا ذریعہ بنانے کی ضرورت ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیگم گورنر پروین سرور نے کہا کہ عبدالرزاق ساجد اور ان کی مخلص و متحرک ٹیم کم وسائل اور زیادہ مسائل والے بندگان خدا کی بے لوث خدمت میں مصروف ہے ۔ مسائل زدہ انسانوں کے درد بانٹنے والے افراد ہمارے حقیقی ہیروز ہیں ۔ فلاح انسانیت کا مشن خیر ، بھلائی اور دردمندی کا سعادتوں اور برکتوں بھرا سفر ہے ۔ اس فلاحی راستے کے مسافر دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں ۔ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ نے اپنے فری آئی کیمپوں کے ذریعے ایک لاکھ پچاس ہزار سفید موتیا کے مفت آپریشن مکمل کر کے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ اس موقع پر المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے اپنی تقریر میں کہا کہ گورنر پنجاب کی طرف سے ایوارڈ ملنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ، میں یہ ایوارڈ اپنی ٹیم اور اپنے ڈونرز کے نام کرتا ہوں ۔ سب سے بڑا ایوارڈ غریبوں کی پُرخلوص دعائیں ہیں ۔ “ المصطفے “ کا دائرہ کار دنیا کے 22 ممالک تک پھیل جانا اللہ کریم کی کرم نوازی کے بغیر ممکن نہیں تھا ۔ المصطفے کی ٹیم “ ہر وقت خدمت اور بروقت خدمت “ پر یقین رکھتی ہے ۔ مخیر لوگ خدمت کے سفر میں ہمارے ہمسفر بنیں اور محروم طبقات کے درد بانٹیں ۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ہمیشہ “ المصطفے “ کی سرپرستی کرتے ہیں اور خدمت خلق کے کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں ۔ سرور فاؤنڈیشن کا تعاون بھی “ المصطفے “ کو حاصل ہے ۔ تقریب کے آخر میں شرکائے تقریب کے لئے شاندار ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں