171

المصطفیٰ کا عالمگیر قربانی پراجیکٹ 25

رپورٹ : محمد نواز کھرل

المصطفیٰ کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس برس بھی ایثار و قربانی کا درس دیتی عید قربان کے موقع پر پاکستان ، انڈیا ، بنگلہ دیش ، غزہ ، ملاوی ، ایتھوپیا سمیت دنیا بھر میں ملک ملک شہر شہر قصبہ قصبہ بستی بستی اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کر کے ان لاکھوں گھروں میں گوشت پہنچایا گیا جو سال بھر گوشت کھانے سے محروم رہتے ہیں ۔۔ پاکستان میں اس سال مجموعی طور پر ملک بھر میں 9 ہزار قربانیوں کا ہدف مکمل کیا گیا ۔ پاکستان کے چاروں صوبوں اور آذاد کشمیر کے 56 شہروں اور قصبوں میں 280 مقامات پر نہایت منظم طریقے سے اجتماعی قربانیوں کا انتظام کیا گیا ۔۔ پاکستان میں ایک محتاط اندازے کے مطابق 632000 انسانوں نے المصطفی کے قربانی پروجیکٹ سے استفادہ کیا ۔۔ 36300 مستحق اور ضرورت مند خاندانوں تک عزت و احترام کے ساتھ گوشت پہنچایا گیا اور مجموعی طور پر پاکستان میں 125300کلوگرام گوشت تقسیم ہوا ۔۔۔
المصطفی نے قربانی سے بہت پہلے صحت مند اور شرعی شرائط پر پورا اترنے والے جانوروں کی خریداری نہایت شفافیت کے ساتھ مکمل کی ۔ جانوروں کی صحت کا خیال رکھنے کے لئے ہر جگہ وٹرنری ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی گئیں اور جانوروں کے چارہ اور دیکھ بھال کے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔۔
لاہور میں عالمی معیار کے جدید سلاٹر ہاوس میں سلاٹرنگ اور پیکنگ کا انتظام کیا گیا اور چلرز کے ذریعے تین تین کلو گوشت کے پیکٹ مزنگ روڈ پر المصطفی کے ہیڈ کوارٹر میں پہنچائے گئے جہاں پر پہلے سے جاری کئے ڈیجیٹل ٹوکن سسٹم کے تحت گوشت تقسیم کیا گیا ۔۔ لاہور میں گوشت تقسیم کرنے کا عمل مسلسل تین دن وقفے وقفے سے جاری رہا ۔۔ لاہور میں چیئرمین المصطفی جناب عبدالرزاق ساجد اور سی ای او محترمہ رضوانہ لطیف نے قربانی کے تمام معاملات کی خود نگرانی کی اور اپنے ہاتھوں سے گوشت تقسیم کیا ۔۔ چیئرمین المصطفی نے لاہور کے ریلوے اسٹیشن پر قلیوں کے ساتھ عید منائی اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا ۔۔۔
لاہور اور دوسرے تمام مقامات پر گوشت حاصل کرنے کے لئے آنے والوں کے بیٹھنے کے لئے سایہ دار اور پرسکون جگہ اور شربت کا بھی اہتمام کیا گیا ۔۔ لاہور اور دوسرے شہروں میں عید کے تین دن گوشت پکا کر بھی مختلف مقامات پر ان بے گھر افراد اور غریب انسانوں کو کھلایا گیا جو عید والے دن بھی گھر سے باہر رہتے ہیں ۔ لاہور کے گنگا رام ہسپتال کی نرسز ، پیرا میڈیکل سٹاف ، گارڈز اور مریضوں کے لواحقین کے لئے عید کے روز المصطفی کی طرف سے دسترخوان لگا کر کھانے کا شاندار اہتمام کیا گیا ۔۔ اسی طرح لارنس گارڈن کے مالیوں اور ریلوے اسٹیشن کے قلیوں کے لئے کھانے کا اہتمام کیا گیا ۔۔۔ اس کے علاوہ جھگیوں ، بھٹہ مزدوروں ، اندرون لاور اور مختلف غریب بستیوں میں بھی المصطفی ٹیم نے خود لوگوں کی دہلیز پر پہنچ کر گوشت تقسیم کیا ۔۔ لاہور میں سنٹرل کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا جہاں سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ملک بھر میں ہونے والی قربانیوں کو واچ کیا گیا ۔۔ لاہور میں عید کے ایام میں گوشت کی تقسیم کے دوران مزنگ روڈ پر میلے کا سماں رہا اور مختلف اہم شخصیات نے گوشت بانٹنے کے عمل کو وزٹ بھی کیا ۔ وزٹ کرنے والوں میں معروف اینکر اور کالم نگار سہیل وڑائچ ، معروف سنگر رفاقت علی خان ، معروف ادیب اور کالم نگار اقتدار جاوید اور معروف بزنس مین ، المصطفی آئی ہسپتال لاہور کے صدر شیخ خالد حمید فضل شامل تھے ۔
تفصیلات کے مطابق المصطفی کے زیراہتمام پنجاب میں جن شہروں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام ہوا ، ان میں راولپنڈی ، اٹک ، چکوال ، ٹانڈہ گجرات ، لاہور ، خانیوال ، ملتان ، کوٹ ادو ، بہاولپور ، چولستان ، کندیاں میانوالی ، بورے والا ، جھنگ اور چنیوٹ ، میاں چنوں شامل تھے ۔۔ بلوچستان میں صحبت پور ، ڈیرہ مراد جمالی ، سبی اور جعفرآباد میں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام ہوا ۔۔۔ آذاد کشمیر میں کوٹلی ، باغ ، حویلی ، راولا کوٹ ، نیلم ویلی ، ہٹیاں اور مظفرآباد میں قربانیوں کا انتظام کر کے وسیع پیمانے پر گھر گھر گوشت تقسیم کیا گیا ۔۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی نواحی بستیوں میں بھی گوشت تقسیم کر کے غریب انسانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا گیا ۔۔ صوبہ خیبر پختونخواہ میں مانسہرہ اور مردان میں جبکہ صوبہ سندھ میں تھرپارکر اور بدین میں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا گیا ۔۔ المصطفی ٹیم نے عید کے تین دن اپنے گھروں اور اپنی فیملیز سے دور رہ انسانوں کی خدمت کی اور قربانی پروجیکٹ کو نہایت شاندار طریقے سے سرانجام دیا ۔۔۔ عید کی خوشیوں کو سب کے ساتھ بانٹنے کا یہ سفر خدمت خلق کا عملی ثبوت ہے ۔ گوشت کے ہر پیکٹ کے ساتھ محبت ، عزت ، امید اور عزم کا پیغام بھی پہنچایا گیا ۔۔ یہ جذبہ نہایت پرخلوص اور خالص تھا ۔ جس نے خدمت انسانیت ، ہمدردی اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال قائم کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں