335

مئیر منیر احمد کے اعزازمیں عشائیہ

یُوکے پاکستان بزنس کونسل کے شریک چئیرمین سلمان رضا نے اِیلنگ کونسل کے مئیر منیر احمد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ حاضری، معیار اور انتظامات کے حوالے سے یہ پروگرام بہت کامیاب اور بھرپور تھا۔ منیر احمد ایک مشہور پاکستانی نژاد برطانوی شخصیت ہیں۔ آپ نے کامیاب کاروبار کیا اور پھر بزنس سے ریٹائرمنٹ لے کر سیاسی کارکن کے طور سماجی اور عوامی بہبود کے لیے ہمہ وقت کام شروع کر دیا۔ آپ کئی عشروں سے اِیلنگ کے کونسلر منتخب ہوتے آ رہے ہیں اور کونسل میں لائسنسنگ اور پلاننگ سمیت کئی اہم عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ آپ گذشتہ سال کونسل کے ڈپٹی مئیر منتخب ہوئے، جبکہ اس برس آپ اِیلنگ کونسل کے مئیر بنے۔ آپ انتہائی اَن تھک، مخلص، ہر وقت لوگوں کی مدد کو تیار، تعاون کرنے والے، عجز و انکساری کا پیکر، محنتی اور بلا کے دیانت دار انسان ہیں۔ آپ صائب رائے دینے والے بے لوث ساتھی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ قدرت نے آپ کو بے تحاشا عزت سے نوازا ہے۔ بطور مئیر آپ نے ہوم سٹارٹ اِیلنگ نامی ایک فلاحی تنظیم کو مدد کے لیے چنا اور ان کے اعزاز میں دئیے گئے اس ڈنر میں بھی آپ نے پاکستانی کمیونٹی سے اس چیریٹی کی مدد کرنے پر زور دیا۔ یہ چیریٹی مقامی کونسل میں مسائل کا شکار بچوں کا سلسلہِ تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ منیر صاحب نے اپنی گفتگو کے دوران یہ بتا کر سب کو ورطہِ حیرت میں ڈال دیا کہ انہوں نے اپنے ذاتی خرچ پر اپنے آبائی گاوں میں ایک سکول بنایا اور پھر اس سکول کو حکومتی سرپرستی میں دے دیا۔ آپ نے چیریٹی کا آغاز اپنے گھر سے کر کے بہت عمدہ مثال قائم کی کہ جس سے آپ کا مثبت تاثر مزید مضبوط ہوا۔ یوکے پاکستان بزنس کونسل کے بانی چئیرمین عطا الحق نے بھی منیر احمد کی کمیونٹی کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا اور مستقبل میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں دوسری کونسلوں کے مئیرز اور کونسلرز سمیت کاروباری اور سماجی افراد کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ پُر تکلف کھانے کے علاوہ شرکا کی تفریحِ طبع کے لیے موسیقی کا بھی اہتمام تھا۔ گلوکار شہباز نے کلاسک اور پاپ گانوں سے محفل کو ایسا گرمایا کہ لوگ بھنگڑا ڈالنے پر مجبور ہو گئے۔ ایسے پروگرامات وقت کی اشد ضرورت اس لیے ہیں کہ یہ کمیونٹی کے آپس میں مل بیٹھنے کا بہانہ پیدا کرتے ہیں اور ان سے لوگوں کے تعلقات بحال اور وہ باہمی حالات سے باخبر رہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں