181

المصطفیٰ کے زیراہتمام المصطفیٰ کے زیراہتمام مسجد اقصی بیت المقدس میں قرآن سرکل کے قیام پر الفورڈ کمیونٹی سنٹر میں اظہار تشکر کی شاندار تقریب

اسلام چینل کے سی ای او محمد علی کی بطور چیف گیسٹ خصوصی شرکت، امام مسجد اقصی شیخ عمر الکسوانی کی بذریعہ زوم خصوصی دعا
مقررین میں چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد ، علامہ حافظ جمشید سعیدی ، مولانا فضل محمد ، صدف جاوید اور احمد نواز شامل تھے
المصطفیٰ ویلفیئرٹرسٹ کو مسجد اقصی بیت المقدس میں قرآن سرکل کے قیام کا اعزاز ملنے پر اظہار تشکر کے لئے الفورڈ کیمونٹی سنٹر میں شاندار تقریب منعقد کی گئی ، جس میں کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔ تقریب کے مقررین نے قبلہ اول مسجد اقصی میں قرآن پڑھنے اور پڑھانے کے لئے ” المصطفیٰ وقفیہ ” کے قیام پر المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد اور المصطفیٰ کی ٹیم کو مبارکباد دی ۔ تقریب کے مقررین میں چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد ، اسلام چینل کے چیف ایگزیکٹو محمد علی ، المصطفیٰ کی ایم ڈی صدف جاوید ، الفورڈ اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ جمشید سعیدی ، معروف اسلامی سکالر مولانا فضل محمد ، احمد نواز شامل تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ قرآن مجید کتاب ہدایت اور صحیفہ نور ہے ۔ دنیا میں پھیلی ہوئی بے چینی کو قرآن کا نور ہی ختم کر سکتا ہے قرآن اور صاحب قرآن سے وابستگی ہی فلاح و نجات کا راستہ ہے ۔ انبیا کی سرزمین فلسطین میں المصطفیٰ کے کئی فلاحی منصوبے کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں ۔ مسجد اقصی جیسے فضیلتوں والے مقدس ترین مقام پر المصطفیٰ کا قرآنک منصوبہ شروع ہونے پر اپنے رب کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں ۔ المصطفیٰ کے ڈونرز خوش بخت ہیں جن کے تعاون سے مسجد اقصی میں قرآن سرکل قائم ہوا ۔ معروف دینی سکالر مولانا فضل محمد نے کہا کہ مسجد اقصی میں قرآن پڑھنے اور سمجھنے کے لئے قرآن کلاسز کے منصوبے میں المصطفیٰ کی شرکت اہم سنگ میل ہے ۔ ہم اس برکتوں بھرے ایمان افروز منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔ قرآنی فکر کو اپنانا اور پھیلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ المصطفیٰ کا عالمگیر فلاحی مشن خدمت انسانیت کا سفر ہے ۔ اسلامک سنٹر ال فورڈ کے امام اور خطیب علامہ جمشید سعیدی نے کہا کہ مسجد اقصی میں قرآن سرکل کا قیام المصطفیٰ کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے ۔ فروغ فکر قرآن سے ہی بدامنی اور انتہا پسندی کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔ قرآن پڑھنے اور سیکھنے کے عمل میں معاونت کرنا خوش نصیبی ہے ۔ اسلام چینل کے چیف ایگزیکٹو محمد علی نے کہا کہ مسجد اقصی دنیا بھر کے مسلمانوں کی عقیدتوں کا مرکز ہے ، ایسی بابرکت جگہ پر قرآن کی روشنی پھیلانے کے لئے المصطفیٰ ی کوششیں لائق تحسین ہیں ۔ خدمت انسانیت کا مشن نیکی ، بھلائی اور خیر کا مشن ہے ۔ مسجد اقصی میں قرآن کلاسز کے مستقل منصوبے میں معاونت کرنے والے خوش نصیب ہیں ۔ المصطفیٰ کی ایم ڈی صدف جاوید نے کہا کہ المصطفیٰ کی طرف سے مسجد اقصی میں قرآن کلاسز میں شرکت کرنے والوں کو وظائف دیئے جائیں گے اور قرآن پڑھانے والے اساتذہ اور سکالرز کو تنخواہیں دی جائیں گی ۔ المصطفیٰ فلسطین کی مقامی غریب آبادی کی فلاح و بہبود کے لئے کئی فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے ۔ صدف جاوید نے دنیا بھر میں جاری المصطفیٰ کے فلاحی منصوبوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ المصطفیٰ کے فری آئی کیمپوں میں اب تک ایک لاکھ 73 ہزار آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کئے جا چکے ہیں ۔ تقریب کے آخر میں مسجد اقصی سے براہ راست بذریعہ زوم مسجد اقصی کے امام و خطیب شیخ عمر فہمی الکسوانی نے دعائے خیر کی اور مسجد اقصی میں “المصطفیٰ وقفیہ ” کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں