82

گوادر پاکستان کو کیسے ملا ؟


سجاداظہر

12اگست 1958ء کو برٹش آرکائیوز میں ایک خط آتا ہے جس پر “خفیہ ” کی مہر ثبت ہے ۔ یہ خط گوادر کی پاکستان کو حوالگی سے متعلق ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ لندن میں جاری حالیہ ملاقاتوں کے بعد مسقط کے سلطان گوادر کو پاکستان کے حوالے کرنے پر آمادہ ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے کہا ہے کہ انہیں گوادر سے انخلا کے لیے کچھ وقت درکار ہو گا ۔وزیراعظم پاکستان نے ہمیں گوادر پر ایک قرطاس ابیض بھی دی ہے جو کہ ساتھ منسلک ہے ۔اگرچہ اس قرطاس جس میں گوادر کی 1947ء تک تاریخ بیان کی گئی ہے، میں دیے گئے مؤقف سے ہم متفق نہیں ہیں۔ہمارا خیال ہے کہ اگر یہ قرطاس چھپ گئی تو اس سے سلطان ناراض ہو سکتا ہے ۔اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ یہ اس وقت تک شائع نہ کی جائے جب تک کہ سلطان گوادر کو پاکستان کے حوالے نہیں کر دیتا ۔

فیروز خان نون کی دھمکی جو کام کر گئی :
فیروز خان نون جو کہ پاکستان کے ساتویں وزیراعظم بنے ۔ان کا عرصہ اقتدار ایک سال سے بھی کم ہے مگر گوادر کی سلطان آف مسقط سے خریداری ان کا ایک ایسا کارنامہ ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اس حوالے سے وہ اپنی آپ بیتی ” چشم دید ” میں لکھتے ہیں کہ ہمارے دور کی تاریخ گوادر کے تذکرے کے بغیر نامکمل رہے گی ۔2400 مربع میل کا یہ علاقہ پاکستان کو واپس مل گیا لیکن ا س کارنامہ پر نہ تو جشن منایا گیا اور نہ ا س کی تشہیر کی گئی ۔میں نے برطانیہ اور اپنے صدر سکندر مرزا سے وعدہ کر لیا تھا کہ اس موقع پر جشن وغیرہ نہیں منایا جائے گا کیونکہ اس طرح سلطان مسقط کے جذبات مجروح ہو نے کا اندیشہ ہے ۔
گوادر کے حوالے سے پاکستان کی قرطاس ابیض جس کا ذکر برطانیہ کے دولت مشترکہ کے آفس نے کیا تھا اور پاکستان سے درخواست کی تھی کہ اسے اس وقت تک شائع نہ کیا جائے جب تک کہ سلطان گوادر کو پاکستان کے حوالے نہیں کر دیتا ۔ یہ قرطاس ابیض ایم اکرام اللہ نے تیار کی تھی جو کہ لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر تھے ۔ فیروز خان نون نے بعد میں اسی قرطاس ابیض کو اپنی داستان حیات میں رقم کیا ہے وہ لکھتے ہیں کہ ” پاکستان کے جنوبی ساحل پر 45 میل مشرق میں جہاں ایران کی سرحدیں بحیرہ عرب سے ملتی ہیں گوادر کی بندر گاہ واقع ہے ۔ مسقط کے ایک شہزادے نے 1781ء میں قلات کے حکمران کے ہاں پناہ لی تھی ۔ قلات کا حکمران اس وقت ایک خود مختار بادشاہ تھا اس بادشاہ نے گوادر کی سالانہ آمدنی جو 84 تنکہ (شاید 84 روپیہ ) ہوتی تھی شہزادے کی گزر اوقات کے لیے اس کے حوالے کر دی ۔بعد میں یہ شہزادہ جب مسقط کا بادشاہ ہوا تو اس نے گوادر پر اپنا قبضہ برقرار رکھااور اسے قلات کے حوالے نہیں کیا ۔ حالانکہ اب وہ گوادر کی آمدنی کا محتاج نہیں تھا ۔ برطانیہ نے 1839 ء میں قلات فتح کیا اور یہاں کے حاکم بن بیٹھے ۔قلات کے حکمران نے بعد ازاں 1861 ء میں قلات کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ برطانیہ نے قلات اور مسقط کے درمیا ن مداخلت کی تاہم اس نے کسی ایک کے حق میں فیصلہ کرنے سے احتراز کیا ۔1947ء میں جب پاکستان قائم ہوا تو حکومت پاکستان نے ایک بار پھر یہ مسئلہ اٹھایا اور1949ء میں مذاکرات بھی ہوئے جو کسی فیصلہ پر نہیں پہنچ سکے ۔ اس کے بعد ا س معاملے کو وہیں چھوڑ دیا گیا لیکن جب میں 1956ء میں وزیر خارجہ مقرر ہو اتو میں نے گوادر سے متعلق کاغذات طلب کیے اور ا س قضیہ کا بغور مطالعہ کرنے کے بعد حکومت برطانیہ کے توسط سے مذاکرات شروع کر دیے ۔برطانیہ کے سامنے ایک مشکل کام آن پڑا تھا ۔ایک طرف دولت مشترکہ کا ایک رکن تھا دوسری طرف یار وفادار سلطان مسقط ،جس کے ساتھ ڈیڑھ سو سال سے گہرے مراسم تھے ۔ان دونوں کے مفادات ایک دوسرے سے متصادم تھے ۔میری توقعات کا پارہ کبھی اوپر چڑھتا تھا اور کبھی نیچے گر جاتا تھا ۔ گفت و شنید بدستور جاری رہی ۔یہاں تک کہ میں نے 1957ء میں وزارت ِ عظمی ٰ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں ۔ میں نے اس قضیہ کی تاریخ میں پہلی بار یہ قانونی نکتہ اٹھایا تھا کہ گوادر کی حیثیت ایک جاگیر کی ہے وہ ریاست کا ایک علاقہ ہے جسے ایک شخص کے لیےتفویض کیا گیا تھا کہ وہ ریاست کے واجب الادا ٹیکس وصول کرے اور اسے اپنی گزر اوقات کے لیے تصرف میں لائے یا اس رقم کو اپنی تنخواہ قیاس کرے۔ اس طرح کی امداد سے اقتدار ِ اعلی ٰ کی منتقلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ہم نے پاکستان میں وہ ساری جاگیریں منسوخ کر دی ہیں جو بہت سے لوگوں کو برطانیہ سے اپنی خدمات کے صلہ میں یا دوسرے سیاسی اسباب کی بنا پر دی گئی تھیں ۔چونکہ گوادر بھی ایک جاگیر تھی لہٰذا اس کی تنسیخ بھی کی جا سکتی تھی اور ا س علاقے پر قبضہ بھی ممکن تھا ۔میں نے اس دلیل کا تذکرہ برطانیہ سے دھمکی کے طور پر نہیں کیا تاہم یہ قانونی نکتہ تھا جو عدالتی چارہ جوئی کی صورت میں ہمارے کام آ سکتا تھا ۔ برطانوی حکومت بڑے مخمصے میں پھنس گئی ۔اگر پاکستان کی فوج ا س پر قبضہ کر لیتی ہے تو کیا برطانوی حکومت دولت مشترکہ کے رکن ا س ملک پر بمباری یا فوج کشی کر دیتی ،جس کی علامتی سربراہ خود ملکہ الزبتھ ہیں ؟ پاکستان کا دولت مشترکہ میں رہنا اس کے لیے بہت سود مند ثابت ہوا ۔مسٹر میکمیلن ،مسٹر سلون لائیڈ اور وزیر امور دولت مشترکہ لارڈ ہوم نے اس سارے معاملے میں جو منصفانہ مؤقف اختیار کیا اس کا مجھے تہہ دل سے اعتراف ہے ۔انہوں نے کسی بھی فریق پر دباؤ نہیں ڈالا چنانچہ گوادر کی منتقلی نہایت خوش اسلوبی سے ہوئی ۔گوادر جب تک ایک غیر ملک کے ہاتھوں میں تھا مجھے یوں محسوس ہوتا جیسے ہم ایک ایسے مکان میں رہتے ہیں جس کا عقبی کمرہ کسی اجنبی کے تصرف میں ہے اور یہ اجنبی کسی وقت بھی اسے ایک پاکستان دشمن طاقت کے ہاتھ فروخت کر سکتا ہے اور وہ دشمن طاقت اس سودے کے عوض بڑی سے بڑی رقم ادا کر سکتا ہے ۔

گوادر کتنے میں خریدا گیا ؟
29اگست 1958 ء کو ایک اور خط مسقط کی وزارت ِ خارجہ کی جانب سے برٹش آرکائیوز میں موجود ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 2 ستمبر تک 27 لاکھ پونڈ کی رقم واشنگٹن میں برطانوی سفارتخانے کے اکاؤنٹ میں جمع کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔جیسے ہی رقم ملے گی سلطان اس کے بعد گوادر کو پاکستان کی حوالگی شروع کر دیں گے ۔ رقم ملنے کے بعد 8 ستمبر کو سلطان نے گوادر پاکستان کے حوالے کر دیا اس حوالے سے دو طرفہ معاہدہ 8 دسمبر کو ہوا ۔ یہ رقم آج کے حوالے سے تقریباً تین کروڑ پونڈ بنتی ہے اور آج کی کرنسی کے تبادلے کی شرح دیکھی جائے تو یہ 11ارب دس کروڑ روپے بنتی ہےفیروز خان نون نے کامیاب سفارت کاری کے ذریعے گوادر کو پاکستان کے نقشے میں شامل کروایا ۔ آج گوادر کی بندرگاہ کی تعمیر کے بعد اس کی مالیت 100ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہے جو پاکستان کی معاشی طاقت کے ایک ستون کے طور پر دیکھی جا رہی ہے ۔ اگر فیروز خان نون یہ کام نہ کرتے تو شاید گوادر کا تنازعہ آج پاکستان کے لیے کشمیر کے تنازعہ سے بھی بڑا سر درد بن چکا ہوتا ۔

گوادار ائیرپورٹ کا نام فیروز خان نون سے منسوب کرنے کا معاملہ :
فیروز خان نو ن صرف ہاکستان کے وزیر اعظم ہی نہیں رہے بلکہ ان کا شمار قائد اعظم کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا ۔ تحریک پاکستان کے سرکردہ رہنما تھے ۔ گوادر ائیر پورٹ جو چین کی 246 ملین ڈالر کی امداد سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ اس سال 2 اگست کو قومی اسمبلی نے مشترکہ طور پر ایک قرار داد پاس کی کہ گوادر کے نئے انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو فیروز خان نون کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ جبکہ دوسری جانب بلوچستان کی قوم پرست جماعتیں اس کی مخالفت کرتی ہیں جس کی وجہ فیروز خان نون کا پنجابی ہونا ہے ۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبد المالک بلوچ نے ٹوئٹر پر لکھا کہ گوادر ائیر پورٹ کا نام تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے ۔جبکہ فرحت اللہ بابر نے لکھا گوادر ائر پورٹ کے نام کی تبدیلی ضروری نہیں اگر ایسا کرنا بھی ہے تو یہ قومی اسمبلی کا نہیں بلوچستان اسمبلی کا اختیار ہے ۔ دوسری جانب گوادر کے مقامی لوگ اس ائیر پورٹ کو اپنے ایک مقامی ہیرو حمل جیند کلمتی سے منسوب دیکھنا چاہتے ہیں ۔ کلمتی نے 15ویں صدی میں پرتگالی حملہ آوروں کو گوادر میں پاؤں جمانے کا موقع نہیں دیا تھا جس کے بعد پرتگالیوں نے گوادر کی بجائے گوا کو اپنا تجارتی مرکز بنا لیا تھا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں