360

’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ 10 لاکھ ضرورتمندوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے میں کامیاب

بیورو رپورٹ
’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ نے ہر سال کی طرح اس دفعہ بھی عیدالاضحیٰ پر قربانی کی اپنی روایت کے مطابق سُنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک ملین سے زیادہ افراد کیلئے قربانی کی ہے۔ ’’المصطفیٰ‘‘ سمجھتا ہے کہ عیدالاضحیٰ دنیا بھر میں ان ضرورت مند افراد کو یاد رکھنے کا بھی دن ہے جنہیں سال بھر گوشت یا اچھا کھانا نصیب نہیں ہوتا۔ ’’المصطفیٰ‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ اس سال ہم نے پاکستان‘ یمن‘ فلسطین‘ بنگلہ دیش‘ برما‘ صومالیہ‘ شام‘ سوڈان سمیت دنیا بھر کے ان ممالک کے غریب اور بھوک و پیاس سے بے حال بہن بھائیوں اور بچوں کیلئے قربانی کی ہے اور انہیں گوشت مہیا کیا ہے جہاں بدترین انسانی المیے لاکھوں جانیں لینے کا سبب بن رہے ہیں اور ان بحرانوں کے شکار افراد سب سے زیادہ جن چیلنجوں اور تکلیفوں سے نبردآزما ہیں ان میں سب سے بڑھ کر بھوک ہے۔ انہوں نے کہا ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کی سب سے بڑی ترجیح یہی ہے کہ ان لوگوں کے کھانے پینے کا بندوبست کیا جائے اور ہم عیدین سے پہلے بھی پورا سال اپنے ڈونرز اور احباب کی مدد سے اپنی یہ ذمہ داری پوری تندہی سے نبھانے کی کوششوں میں مصروف رہتے ہیں‘ چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ عیدالاضحیٰ خصوصی طور پر وہ تہوار ہوتا ہے جب دنیا بھر کے مسلمان جانوروں کی قربانی کر کے اپنا یہ مذہبی فریضہ پورا کرتے ہیں۔ اس موقع پر ہزاروں ایسے مخیّر افراد جو خود انسانی المیّوں والی جگہوں پر جاکر اپنے ضرورت مند بہن بھائیوں کی مدد نہیں کر سکتے وہ ہمیں وسیلہ بنا کر ان کی مدد کرتے ہیں۔ چنانچہ ہم اپنے ڈونرز کی امانتیں انتہائی ناگفتہ بہہ حالت میں رہ رہے انسانوں تک پہنچا کر اپنا فرض نبھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں قدرے اطمینان ہے کہ ہم کم از کم ایک ملین سے زیادہ افراد اور خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے میں سرخرو رہے ہیں کہ ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ دنیا کے 19 ممالک میں 10 لاکھ مصیبت زدہ افراد تک قربانی کا گوشت پہنچانے میں اپنی دینی و دنیاوی ذمہ داریاں نبھا سکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں