اس مہم کے دوران 12 فری آئی کیمپ لگائے گئے ، جن میں ایک ہزار سے زائد سفید موتیا کے مفت آپریشن کئے گئے جبکہ 9 ہزار افراد کی آنکھوں کا مفت چیک اپ کیا گیا
رپوٹ : محمد نواز کھرل
شہر شہر قصبہ قصبہ دیہات دیہات ملک ملک فری آئی کیمپ لگانا المصطفی کی عالمگیر پہچان بن چکی ہے ۔ المصطفی کے زیراہتمام دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مختصر وقفوں کے بعد سارا سال فری آئی کیمپوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔۔ ہر روز ہر دن کہیں نا کہیں ، کسی دور دراز قصبہ دیہات یا شہر میں المصطفی کا فری آئی کیمپ لگا ہوتا ہے ۔۔۔ پاکستان میں المصطفی کے فری آئی کیمپوں کی تازہ مہم 28 جنوری کو شروع ہو کر 26 فروری تک مسلسل جاری رہی ۔۔ ایک ماہ پر محیط اس مہم کے دوران 12 فری آئی کیمپ لگائے گئے جن میں ایک ہزار سے زائد سفید موتیا کے مفت آپریشن کئے گئے جبکہ 9 ہزار انسانوں کی آنکھوں کا جدید مشینوں پر تسلی بخش چیک اپ کیا گیا ۔۔۔ اس مہم کا پہلا کیمپ 28 جنوری کو دینہ ضلع جہلم میں شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ میں سفید موتیا کے 44 مفت آپریشن کئے گئے ۔۔ 650 افراد کی آنکھوں کا چیک اپ کیا گیا اور 280 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے ۔۔
یکم اور دو فروری کو منڈیالہ میں فری آئی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں 72 انسانوں کی آنکھوں کا آپریشن کر کے ان کی بینائی بحال کی گئی جبکہ 1050 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کر کے انھیں ادویات فراہم کی گئیں ۔ اس کیمپ میں 520 عینکیں بھی تقسیم کی گئیں ۔۔۔
6 فروری کو ضلع گجرات کے قصبہ کنجاہ میں فری آئی کیمپ لگایا گیا ۔ اس کیمپ میں سفید موتیا کے 20 آپریشن مکمل کئے گئے ۔ 401 خواتین اور مردوں کی آنکھوں کا کمپیوٹرائزڈ چیک اپ کیا اور 140 ضرورت مندوں کو نظر کے چشمے پیش کئے گئے ۔۔
9 فروری کو اعظم کالونی جوہر آباد ضلع خوشاب میں فری آئی کیمپ منعقد ہوا ۔ اس کیمپ کے انعقاد میں حاجی کرم داد اور صاحب داد میموریل ویلفیئر سوسائیٹی نے معاونت اور محمد یاسین( بریڈ فورڈ ) نے مالی تعاون کیا ۔ جوہر آباد کے اس کیمپ کے دوران 185 سفید موتیا کے کامیاب آپریشن ہوئے ۔ 1410 بندگان خدا کی آنکھوں کا معائنہ کر کے انھیں طبی مشورے اور ادویات فراہم کی گئیں ۔ 670 نظر کے چشمے بھی ضرورت مند افراد کو فراہم کئے گئے ۔۔۔
11 فروری کو مدرسہ فاروقیہ رضویہ شفیعہ ( حافظ نذیر احمد سعیدی رحمتہ اللہ علیہ ) پنڈ دادنخان ضلع جہلم میں فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس کیمپ میں 134 افراد کی آنکھوں کی سرجری کی گئی ۔ 1130 افراد کی آنکھوں کا چیک اپ کیا گیا اور 670 نظر کے چشمے تقسیم ہوئے ۔۔۔
13 فروری کو ہرنال تحصیل گجر خان میں فری آئی کیمپ لگایا گیا ۔ اس کیمپ میں 25 سفید موتیا کے آپریشن ہوئے ۔ 510 افراد کی آنکھوں کا معائنہ ہوا ۔ 210 عینکیں بانٹی گئیں ۔ ہرنال کا یہ کیمپ بلال حسن غفور نے اپنی دادی اماں ، دادا جان اور نانا ابو کے ایصال ثواب کے لئے لگوایا ۔۔۔ 15 فروری کو ضلع سیالکوٹ کے شہر سمبڑیال میں نثار احمد کلو کی زیر نگرانی لگایا گیا ۔۔ اس کیمپ میں 75 سفید موتیا کے آپریشن کئے گئے ۔ 1210 خواتین ، مردوں اور بچوں کی آنکھوں کا ماہر ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا ۔ 320 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے ۔ اس کیمپ کو معروف اداکار نعمان اعجاز ، مقامی ایم این اے بریگیڈیئر( ر ) محمد اسلم گھمن اور ایم ڈی المصطفی محترمہ نصرت سلیم نے بھی وزٹ کیا ۔۔۔ 16 فروری کو شاہ کوٹ میں فری آئی کیمپ لگایا گیا جس میں 115 سفید موتیا کی سرجریز کی گئیں اور سینکڑوں افراد کی آنکھوں کا چیک اپ کیا گیا ۔۔ 18 فروری کو فیصل آباد کے علاقہ ملک پورہ میں چوہدری محبوب عالم سندھو کے ڈیرہ پر فری آئی کیمپ کا شاندار اہتمام کیا گیا ۔ اس کیمپ میں 70 افراد کی آنکھوں کا آپریشن کیا گیا ۔۔ 850 انسانوں کی آنکھوں کا معائنہ ہوا جبکہ 390 نظر کے چشمے بھی ضرورت مندوں کو پیش کئے گئے ۔۔ 21 اور 22 فروری کو چشتیاں ضلع بہاولنگر میں فری آئی کیمپ لگایا گیا ۔ جس سے سینکڑوں افراد نے استفادہ کیا ۔ 22 فروری تا 25 فروری چار روزہ فری آئی کیمپ ضلع اوکاڑہ کے قصبہ لاشاریاں میں لگایا گیا ۔ اس چار روزہ بڑے کیمپ سے بلاشبہ ہزاروں افراد نے استفادہ کیا ۔ 2025 کی اس پہلی مہم کا آخری فری آئی کیمپ ضلع فیصل آباد کے قصبہ ستیانہ میں لگایا گیا ۔۔۔ ان کیمپوں میں سفید موتیا کے آپریشن سے پہلے ہر مریض کے ہیپاٹائٹس بی سی ، شوگر ، بلڈ پریشر اور ایڈز کے فری ٹیسٹ بھی کئے گئے ۔۔۔
















