489

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی سرگرمیاں

لاہور میں سب سے زیادہ فری آئی کیمپ لگانے کا اعزاز
شہر بھر میں 40 کیمپوں میں 5723 مریضوں کا معائنہ ، 547 کامیاب آپریشن ہوئے
المصطفیٰ ویلفیئر آئی ہسپتال کوصوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ فری آئی کیمپ لگانے کا اعزاز حاصل ہو گیا،41دنوں کے مختصر عرصہ کے دوران شہر بھر میں 40 کیمپ لگے فری آئی کیمپوں کے دوران 5723 غریب ،مستحق اورضرورت مند مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ ہوا جن میں 547مریضوں کے سفید موتیا کے کامیاب آپریشن ہوئے جو دوبارہ اپنی آنکھوں سے دیکھنے کے قابل ہو چکے ہیں۔ فری آئی کیمپ شعبہ شریعہ کی سربراہ نصرت سلیم کی زیر نگرانی جاری ہیں ، ٹیم میں ماہر امراض چشم ام فروہ، ماہر امراض چشم زرنین حاجرہ، لیب ٹیکنیشن حسیب مصطفیٰ ،انجنیئر اشہد رسول سمیت دیگر طبی عملہ شامل ہے۔ آئی کیمپوں کی ٹیم اتنی جانفشانی ، محنت اور لگن سے کام میں مصروف ہے کہ ایک دن میں تین کیمپ لگانے کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے، آئی کیمپوں میں مستحق مریضوں کو آنکھوں کے معائنہ، لیب ٹیسٹ، نظر کے چشموں سمیت دیگر سہولیات مفت مہیا کی جاتی ہیں، بعدازاں المصطفیٰ آئی ہسپتال میں تمام مریضوں کی آنکھوں کے آپریشن، لینز اور ایک ماہ کی ادویات کا بندو بست کیا جا تا ہے۔باٹا پور سمیت سرحدی دیہات ،یوحنا آباد میں مسیحی آبادی، شاہدرہ، بھاٹی دروازی سمیت اندرون شہر، فیروز پورروڈ، ٹھوکر ملتان روڈ، اچھرہ، چوبرجی، میانی صاحب قبرستان ، صحافی کالونی سمیت شہر کے ہر علاقہ میں فری آئی کیمپ لگائے گئے، نصرت سلیم نے بتایا کہ مخیر افراد کسی بھی علاقے میں فری آئ کیمپ لگانا چاہتے ہو فوری المصطفیٰ آئی ہسپتال میں رابطہ کر سکتے ہیں۔

المصطفیٰ آئی ہسپتال اور آستانیہ عالیہ کدھر شریف کے درمیان آئی کیمپوں کا معاہدہ
المصطفی آئی ہسپتال کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر ناصر چودھری کی قیادت میں وفد نے ڈیرہ حضرت میاں صاحب کدھر شریف منڈی بہاؤ الدین کا دورہ کیا ، وفد میں شامل ایم ایس ڈاکٹر محمد شریف، تجمل گرماُنی، ارسلان طاہر اور فیاض ملک نے کدھر شریف پہنچے تو سجادہ نشین صاحبزادہ محمد احسن نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور وفد کی چادر پوشی بھی کی گئی،وفد کے ارکان نے حضرت ڈاکٹر فرخ حفیظ کے مزار اقدس پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔اس موقع پر ایک سادہ تقریب کے دوران المصطفیٰ آئی ہسپتال اور ڈیرہ حضرت میاں صاحب کدھر شریف(ڈی ایم ایچ ایس) کے درمیان آنکھوں کے مریضوں کے مفت علاج کے لئے باہمی معاہدہ پر دستخط کئے گئے جس کے مطابق المصطفیٰ آئی ہسپتال آنکھوں کے آپریشن کے لئے تعاون کرے گا، وفد نے آپریشن تھیٹر کا معائنہ کیا ، دو طرفہ طے ہونے والے معاہدہ پر عملدرآمد ہو چکا ہے اور دونوں اداروں کے اشتراک سے ہر جمعرات کو ضرورت مند اور مستحق مریضوں کے مفت علاج اور سفید موتیا کے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

اے ٹی آئی کے نومنتخب قائدین کی تقریب حلف برداری
انجمن طلبا اسلام کے نومنتخب مرکزی صدر اعظم رانجھانے المصطفیٰ آئی ہسپتال کا دورہ کیا اس موقع پر رکن مشاورت کمیٹی عامر اسماعیل اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، اس موقع پر اے ٹی آئی کے وفد کو ہسپتال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ، بعد ازاں اے ٹی آئی کی نو منتخب قیادت کو المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے دفتر ایمپرس روڈ پر عشائیہ بھی دیا گیا ، مقررین نے کہا کہ اے ٹی آئی اور المصطفیٰ لازم و ملزوم ہیں، المصطفیٰ میں شامل سابقین انجمن دنیا بھر میں فلاح انسانیت کی خدمت میں مصروف اور ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں، حاجی محمد حنیف طیب نے1983میں المصطفیٰ کا جو پودا لگایا وہ تن آور درخت بن چکا ہے ، مقررین نے المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کی کاوشوں کو سراہا جن کی وجہ سے المصطفیٰ کا نیٹ ورک دنیا بھر کے 22ملکوں میں پھیل چکا ہے ۔ تقریب کے آخر میں تمام نومنتخب عہدیدارا ن سے سابق مرکزی صدر معظم شہزاد ساہی نے حلف بھی لیا جو المصطفیٰ کا اعزاز ہے ۔

المصطفیٰ آئی ہسپتال کی کامیابی اورترقی کےلئے دعاگوہوں
سابق چیف لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ
المصطفی آئی ہسپتال کے زیراہتمام 9 ویں فری آئی کیمپ میں لیسکو کےسابق چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ بطور مہمان خصو صی شریک ہوئے اور آئی کیمپ کا افتتاح کیا،تقریب میں طارق حمیدفضل، خالد حمید فضل،شاہد اسماعیل، متین شاہد،ایم ایس ڈاکٹر محمد شریف ،عظم پاشا، مقصودچغتائی ودیگر شریک ہوئے۔ مجاہد پرویز چٹھہ نے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ المصطفئ آئی ہسپتال لاہورکی منیجمنٹ اورطبی عملہ کوخراج تحسین پیش کرتاہوں جو آنکھوں کا مفت علاج کر نے میں مصروف ہیں ۔ اپنی 36سال پیشہ وارانہ زندگی میں بڑے کام کئے لیکن میری زندگی میں خدمت خلق کرنے کی کمی رہی جس کے لئے المصطفی اآئی ہسپتال میں حاضرہوگیا۔ اس مادی دنیا میں گھر کے افراد بھی ایک دوسرے کا خیال نہیں رکھتے المصطفٰٰی میں جس طرح خدمت ہو رہی ہے وہ احسن اقدام ہے ۔المصطفی آئی ہسپتال کی کامیابی اورترقی کےلئے دعاگوہوں۔

ساہیوال میڈیکل کالج کا دورہ
المصطفیٰ آئی ہسپتال کی وفد نے شعبہ شریعہ کی سربراہ نصرت سلیم کی قیادت میں ساہیوال میڈیکل کالج کا دورہ کیا، وفد میں انجنیئر اشہد رسول، تحریم نور، ظہیر عباس شامل تھے، فد نے ہسپتال میں مختلف شعبوں کا معائنہ کیا،اس موقع پر نصرت سلیم نے گورنر پنجاب چود ھری محمد سرور سے ملاقات کی اور انھیںایمز میگزین پیش کیا ، وفد نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم،ڈاکٹر شہلہ اکرم سمیت دیگر سے ملاقاتیں کر کے انھیں ہسپتال کی خدمات کے متعلق آگاہ کیا۔

بین الاقوامی سیاح مقصود چغتائی کا کامیاب آپریشن
پاکستان کے معروف بین الاقوامی سیاح مقصود چغتائی کا المصطفیٰ آئی ہسپتال میں کامیاب آپریشن ، جس کے بعدان کی آنکھوں کی بینائی بحال ہو گئی ، سفید موتیا کی وجہ سے ان کی آنکھوں کی بینائی کمزور ہو چکی تھی ، پروفیسر ڈاکٹر ناصر چودھری نے خود ان کی آنکھوں کا آپریشن کیا، مقصود چغتائی نے تقریب کے دوران بتایا کہ سفید موتیا کی وجہ سے انھیں دھندلا نظر آتا تھا اور رات کے وقت ڈرائیونگ میں دشواری ہو رہی تھی ، ایک مرتبہ وہ موٹر سائیکل سے گر کر زخمی بھی ہو گئے ، المصطفیٰ آئی ہسپتال میں آنکھوں کے فیکو آپریشن اور جدید لینز کی مدد سے آنکھوں کی روشنی بحال ہو گئی ہے اور اس خوبصورت دنیا کو دوبارہ دیکھنے کے قابل ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے اپنی تنظیم کی جانب سے طارق حمید، خالد حمید، تجمل گرمانی ، نصرت سلیم اور ہسپتال انتطامیہ کو شاندار خدمات پر تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کی پاکستان آمد
المصطفیٰٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد اور چیف ایگزیکٹو رضوانہ لطیف 18فروری کو پاکستان پہنچے ، وہ اپنے بھتیجے ، حاجی محمد اقبال کے فرزند احمد رضا کی شادی میں شرکت کی ، اپنے قیام کے دوران استقبالیہ تقریبات، اہم شخصیات سے ملاقاتوں سمیت فلاحی منصوبہ جات کا دورہ کیا ، وہ 8مارچ تک پاکستان قیام کریں گے۔

سڑکوں، فٹ پاتھوں اور پارکوں میں سونے والے بے گھر افراد میں گرم کپڑے اور رضائیوں کی تقسیم
المصطفیٰ آئی ہسپتال وقف مزنگ کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بے گھر افراد کو سردی سے بچائو اور ان کے علاج معالجہ کی مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ (یو کے ) ونٹر پراجیکٹ کے تحت بے گھر اور لاوارث افراد کے لئے چوبرجی ، مال روڈ، ریلوے سٹیشن اور داتا دربار سمیت دیگر علاقوں میںکھلے آسمان تلے سڑکوں، فٹ ہاتھوں اور پارکوں میں سوئے غریب ، لاواث اور بے گھرافراد میں رضائیاں، گرم کپڑے اور کھانا تقسیم کیاگیا سردی سے بچائو کے لئے گرم کپڑے لے کر بے گھر افراد کے چہرے خوشی سے چمک اٹھے، المصطفی کے چیئرمین عبدالرزاق وساجد نے بتایا کہ بے گھر افراد کو رضائیوں، گرم کپڑوں اور کھانے کی تقسیم سمیت علاج کی سہولیات مہیا کرنا اعزاز ہے

المصطفیٰ آئی ہسپتال کی ہر طرح مدد کریں گے،وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کہا ہے کہ غربت سے نکلنے کا واحد راستہ اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات ہیں، اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر بچے کا بنیادی حق ہے، والدین بے شک کھانا کم کھائیں اور خرچ کم کردیں لیکن اپنی اولاد کو اچھی تعلیم ضرور دیں تاکہ ان کے بچے معاشرے میں صحت مند زندگی اور اچھی تعلیم حاصل کر سکیں، ان خیالات کا اظہار انھوں  نے المصطفیٰ آئی ہسپتال مزنگ میں  10ویں  فری آئی کیمپ کے موقع پر مہمان خصو صی خطاب کر تے ہوئے کیا، اس موقع پر انھوں نے فیتہ کاٹ کر آئی کیمپ کا افتتاح بھی کیا، تقریب میں  طارق حمید فضل، خالد حمید فضل، ایم ایس ڈاکٹر محمد شریف، نصرت سلیم سمیت مریضوں اور ان کے ورثا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انھوں نے کہا کہ دھوکہ دہی اور ناشکری نہیں  کرنی چاہئے او ر ملک سے محبت کر نا سیکھیں، ملک ترقی کرے گا تو سب کا فائدہ ہو گا، انھوں  نے آنکھوں  کے علاج کے لئے المصطفیٰ آئی ہسپتال کی ہر طرح مدد کریں گے، ہسپتال میں مستحق مریضوں  کے علاج کا اجر اللہ تعالی دے گا، المصطفیٰ زندگیوں کو تبدیل کر رہا ہے۔

گورنر پنجاب کی اہلیہ پروین سرور کے ہاتھو ں فری آئی کیمپ کا افتتاح
گورنر پنجاب کی اہلیہ پروین سرور نے المصطفیٰ اآئی ہسپتال مزنگ روڈ لاہور میں دوسرے فری اآئی کیمپ کی افتتاح کیا۔ تقریب میں مسرت قیوم،طارق حمید فضل، خالد حمید فضل، عظیم پاشا سمیت مریضوں اور لواحقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب کی اہلیہ نے امراض چشم میں مبتلا مستحق مریضوں کے لئے اآنکھوں کے معائنہ ، آپریشن ، جدید مشینوں اور ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی سفید موتیا کے اآپریشن کی سہولیات مہیا کرنے ، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو سراہا،اس موقع پر بتایا گیا کہ مستقبل میں المصطفیٰ اآئی ہسپتال میں انسٹیوٹ اآف اآپتھو مولوجی قائم کرنا چاہتے ہیں اور امید ہے اللہ تعالی کامیابی عطا فرمائے گا، اس موقع پر مریضوں میں تجوید اور ترجمہ پر مشتمل قران مجید کے تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

حجاز ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط
المصطفی آئی ہسپتال اور حجاز ٹیچنگ ہسپتال کے درمیان آنکھوں کے علاج اور لیبارٹری معائنہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئےدو الگ الگ یادداشتوں پر دستخط ہو گئے، المصطفی آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل اور حجاز ہسپتال کے صدر سہیل اقبال نے تقریب کے دوران دستخط کئے اس موقع پر خالد حمید فضل، تجمل گرمانی، اویس یاسین، ایم ایس المصطفی آئی ہسپتال ڈاکٹر محمد شریف، عظیم پاشا، نصرت سلیم، فیاض احمد اطہر، شہزاد عبدالروف، ایم ایس حجاز ہسپتال ڈاکٹر نجیب اللہ ملک، ڈاکٹر سعید، عبدالغفار ، زمان عامر سمیت دیگر موجود تھے،سہیل اقبال نے کہا کہ دونوں اداروں کا مقصد انسانیت کی خدمت ہے اور خلق خدا کی خدمت ڈیوٹی سمجھ کر ادا کر رہے ہیں، حجاز ہسپتال ہر شعبہ میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے، عطائ الرحمان شیخ ہمارے استاد تھے اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے،المصطفی آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل، خالد حمید فضل ،ایم ایس ڈاکٹر محمد شریف نے کہا کہ المصطفی آئی ہسپتال کو بہت تیزی سے فروغ مل رہا ہے، سفید موتیا کے علاوہ آنکھوں کے پردہ سمیت دیگر امراض کا جلد علاج شروع ہوگا، مستقبل میں پنجاب سکول آف آپتھومولوجی بنانا چاہتے ہیں،آخر میں وفد نے حجاز ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ اور خدمات کو سراہا۔

ایس پی سول لائن رضا صفدر کاظمی کے ہاتھو ں فری آئی کیمپ کا افتتاح
المصطفی آئی ہسپتال مزنگ روڈ لاہور میں پانچویں تین روزہ فری آئی کیمپ کا افتتاح ایس پی سول لائن ڈویژن رضا صفدرکاظمی نے کیا۔ ایس پی رضا صفدرکاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آنکھیںں بہت بڑی نعمت ہیں،اس کی حفاظت کےلئے فری علاج کرنا صدقہ جاریہ ہے۔المصطفی آئی ہسپتال ایک کارخیر کے طورپر انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے ۔ میں بطور بھائی حاضرہواہوں۔یہی میرے لئے سب سے بڑا اعزاز ہے۔علامہ عنایت اللہ مشرقی کے پوتے حامد خان مشرقی نے کہا کہ ضروری نہیں نیکی عطیات کی جائے بلکہ مریضوں کو فری علاج کے بارے بتانابھی نیکی ہے ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل نے کہا کہ المصطفی آئی ہسپتال50شہروں میں فری آئی کیمپ لگا کر وہاں چار ہزارسے زائد مریضوں کی آنکھوں کی سرجری کر چکا ہے ۔ ایم ایس ڈاکٹر شریف نے کہا کہ آنکھ کے مریض کا آپریشن حکومتی کرونا ایس اوپیزکو مدنظر رکھتے ہوئے کرتے ہیں ۔ تقریب کے آخر میں ایس پی رضا صفدرکاظمی کے والد مرحوم کی مغفرت کےلئے دعاکی گئی ۔بعدازاں ایس پی سول لائن ،صدرافضال طالب ،صدرطارق حمید فضل ودیگر عہداروں نے ہسپتال کا دورہ،اوپی ڈی ،جدید ٹیکنالوجی پرمشتمل لیب،فارمیسی،آپریشن تھیٹر ودیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔

این ایچ ایس انگلینڈ کی ایمبولنس ہسپتال پہنچ گئی
المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور کو نیشنل ہیلتھ سروس انگلینڈ کی مرسیڈیز ایمبولنس مل گئی ، لاہور میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی جدید ترین ایمبولنس ہے جس میں او پی ڈی، ایمرجنسی، لیبارٹری، فرسٹ ایڈ سمیت تمام ضروری سہولیات موجود ہیںِ المصطفی آئی ہسپتال اس ایمبو لنس کو بطور موبائیل آئی یونٹ استعمال کرے گی اور دیہی اور پسماندہ علاقوں میں آئی سکریننگ کی سہولیات مہیا کرے گی۔

مختصر خبریں
المصطفیٰ آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل کے بیٹے نوشیروان طارق کے گھر بیٹے کی ولادت ہوئی ، بیٹے کا نام ولی نوشیروان طارق رکھا گیا ہے ، جناب طارق حمید کے اہلخانہ نے پوتے کی ولادت کی خوشی میں جی او آر میں خصو صی تقریب کا اہتمام کیا۔
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے فنانس منیجر ارسلان طاہر کے گھر لیہ میں بیٹی کی ولادت ہوئی ، بیٹی کی خوشی میں انھوں نے تمام عملہ میں مٹھائی تقسیم کی جبکہ عملہ نے ان کے اہلخانہ اور بیٹی کے لئے خصو صی دعائیں کیں۔
المصطفیٰ آئی ہسپتال کے ٹرسٹی تجمل گرمانی کے سسر محمود خان گرمانی کا رضائے الہیٰ سے انتقال ہو گیا، انھیں آبائی گائوں ٹھٹھہ گرمانی ضلع مظفر گڑھ میں سپرد خاک کر دیا گیا، مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے المصطفیٰ آئی ہسپتال میں تعزیتی اجلاس ہوا جس میں مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے خصو صی دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

المصطفیٰ لنگر خانے کے لئے تعاون کی اپیل
المصطفیٰ آئی ہسپتال میں غریب ، مستحق مریضوں ، لواحقین اور مسافروںکے لئے فری لنگر شروع ہو گیا ہے ، ہر بدھ اور جمعرات کو مفت کھانا تقسیم ہو گا، کھانوں میں مٹن قورمہ اور بریانی شامل ہو گی، لنگر خانے کے لئے لاہور کی معروف کیٹرنگ کمپنی ٹائم اینڈ ٹیسٹ کے مالک شاہد اسماعیل کی جانب سے 60کرسیاں اور میز عطیات کے طور پر دئیے گئے ہیں جہاں مہمانوں کو عزت و احترام کے ساتھ کھانا پیش ہو گا، لنگر خانے کے سلسلہ میں تقریب میں المائدہ ٹرسٹ کے صدرمحمد علی خواجہ، صدر کریسنٹ لائنز کلب شاہد لون سمیت دیگر موجود تھے، المائدہ ٹرسٹ لنگر میں ہر جمعرات کو  کھانا فراہم کر ے گا ، محمد علی خواجہ نے بتایا کہ وہ لاہور کے سات مقامات پر دستر خوانوں میں ایک ہزار افراد کو کھانا کھلا رہے ہیں، المصطفیٰ آئی ہسپتال سے ملحق لنگر خانے کے لئے تعمیرات کا آغاز ہو چکا ہے ، المصطفیٰ آئی ہسپتال کی انتظامیہ جلد پیر سے ہفتہ چھ دن لنگر تقسیم کرے گی، مخیر افراد سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایک دن کھانا فراہم کر سکتے ہیں ، لنگر خانے کی تعمیر کے اخراجات کا تخمینہ 1لاکھ 75ہزار روپے لگایا گیا ہے جس کے لئے مالی تعاون کر یں، لنگر خانہ تعمیر کرنے والے مخیر شخص اور ادارے کے نام کی پلیٹ بھی آویزاں ہو گی ، یہ صدقہ جاریہ ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں