659

پیر زادہ رضا ثاقب مصطفائی کے ساتھ گزرے پانچ گھنٹے ، عبدالرزاق ساجد کا ’’ مرکز المصطفے‘‘کا دورہ

محمد نواز کھرل
غصے اور غرور سے پاک اس نفیس ، خلیق اور شفیق ، غیر روایتی دینی ، علمی اور فکری شخصیت پیرزادہ رضا ثاقب مصطفائی کی شفقتوں کی شبنمی پھوار نے دل ، دماغ اور روح کو بھگو دیا ، مہکا دیا ۔۔۔ نئی سحر کے نقیب ، محبت کی بولی بولنے والے اس صاحب عزم و عمل کے ساتھ ، علم و دانش کی انوکھی اور پُرسکون بستی “ مرکز المصطفے “ کی اُجلی فضا میں گزرے پانچ گھنٹوں کی سحرانگیز کیفیات و احساسات نے جسم و جاں میں چراغاں سا کر دیا ۔۔۔۔ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین اور انجمن طلباء اسلام کے سابق مرکزی صدر برادرم عبدالرزاق ساجد کے ہمراہ گوجرانوالہ کے علاقہ لوہیانوالہ میں مشعل کی طرح روشن “ مرکز المصطفے “ پہنچے تو دل کو طمانیت سے بھر دینے اور آنکھوں کو خیرہ کر دینے والے انوکھے جمال نے گلے لگا لیا ۔۔۔۔ منفرد اور مختلف “ مرکز المصطفے “ کی پُرشکوہ عمارت ۔۔مختلف شعبہ جات کی مثالی اور معیاری کارکردگی ۔۔ ادارہ کا منظم ، مربوط اور موثر نظام ۔۔۔ طلباء و طالبات کے لئے نہایت صاف شفاف ، متاثرکن اور اُجلا ماحول ۔۔۔۔ سلیقہ شعار ، پُراعتماد ، خوش لباس ، ہنستے مسکراتے اور صاف ستھرے طلباء ۔۔۔ مرکز کی بیوٹی ، کوالٹی اور رئیلٹی ۔۔۔۔ رنگ برنگے پھولوں سے مہکے اور کھجور کے درختوں سے سجے کشادہ سبزہ زار ۔۔۔ چاروں طرف بکھری خوبصورتی ۔۔۔۔ جدید سہولتوں سے آراستہ کلاس رومز اور دفاتر ، یہ سب کچھ دیکھ کر مایوسی کے اندھیروں میں امید اور امکان کے چراغ قطار در قطار جھلملاتے محسوس ہوئے ۔۔۔ پُرتاثیر ، بامقصد اور اصلاحی و تربیتی خطبوں کے ذریعے لاتعداد بندگان خدا کو صراط مستقیم کا مسافر بنا دینے والے مخلص مبلغ ، اچھوتے مقرر ، مقبول و محبوب خطیب اور باکمال دینی راہنما ، ریاضت کیش ، صداقت شعار پیر زادہ رضا ثاقب مصطفائی کی مایوسی دھوتی اور حوصلے بانٹتی باتیں سن کر اور ان کے اہداف و عزائم جان کر دل میں ولولہ تازہ بیدار ہوا ۔۔۔۔ سادہ اطوار مگر صاحب فہم و فراست ، گمشدہ عظمت ملت کی بحالی کے لئے کوشاں پیر زادہ رضا ثاقب مصطفائی نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ملک کے 28 شہروں میں ادارہ المصطفے کے عظیم الشان اور کثیر المقاصد مراکز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے ۔۔۔

پیارے دوستو !
حُسن تکلم اور اعجاز نطق سے مالامال ، مصطفوی مٹھاس میں ڈوبے لہجے والے پیر زادہ رضا ثاقب مصطفائی کے ساتھ مجھے زمانہ طالب علمی سے محبت بھرے تعلق کا شرف حاصل ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ آج مقبولیت کے آسمان پر چاند بن کر چمکنے کے باوجود ان کے کسی رویہ ، کسی عمل اور کسی بات سے خبط عظمت ، زعم علم ، نرگسیت اور رعونت کا شائبہ تک نظر نہیں آیا ۔۔۔ ان کی عاجزی ہی ان کا اعجاز ہے ۔۔۔ ان کے فکر و نظر میں وسعت ہے ۔۔۔ ان کی گفتار ساون رُت کی پھوار جیسی ہے ۔۔۔ ان کے خوشبو بکھیرتے خطبے تقریری جمالیات کا انوکھا اظہاریہ ہیں ۔۔۔ ان کی گفتگو میں علم کا وقار اور زبان و بیان کا نکھار جھلملاتا ہے ۔۔۔۔ یہ اپنی آواز اور انداز کی انفرادیت میں یکتا ہیں ۔۔۔ اپنے اسلوب خطابت کے آپ خالق ہیں ۔۔۔ حرف اور ظرف کا وسیع ذخیرہ رکھتے ہیں ۔۔ ہر طرح کے تعصبات ، بدزبانی ، انتہا پسندی اور مذہبی طبقے کے روایتی کھردرے پن سے پاک ہیں ۔۔ لایعنی مذہبی بحثوں اور بے معنی جھگڑوں سے دور رہ کر انتہائی اخلاص ، سلیقے ، عمدگی اور جدید دور کے تقاضوں اور چیلنجز کے مطابق دین کا کام حکمت و دانائی کے ساتھ کر رہے ہیں ۔۔۔۔

باتوں میں گلوں کی خوشبو ، ارادوں میں پہاڑوں کی استقامت ، دھڑکنوں میں عشق رسول کا درد و سوز رکھنے والے دلآویز شخصیت کے مالک پیر زادہ رضا ثاقب مصطفائی نے کمال محبت کے ساتھ برطانیہ سے آئے ہوئے مہمان اور اپنے زمانہ طالب علمی کے دوست جناب عبدالرزاق ساجد اور مجھ فقیر کو مرکز المصطفے کا تفصیلی وزٹ کرایا ۔ ادارہ المصطفے کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا ۔۔۔ اس کے علاوہ ملائشیا کی ایک عالمی شہرت کی حامل مسجد کے نقشہ کے مطابق گوجرانوالہ کینٹ میں بنائی گئی اپنی جامع مسجد محمدی بھی دکھائی اور نشان منزل ریسٹورنٹ گوجرانوالہ کینٹ میں پُرخلوص ضیافت کا بھی اہتمام کیا اور وقت رخصت محبت بھرے تحائف سے بھی نوازا ۔ اس کریمانہ شفقت ، محبت اور توجہ سے مالامال کرنے اور پانچ گھنٹے کا وقت عطا کرنے پر ہم عالمی مبلغ اسلام پیر زادہ رضا ثاقب مصطفائی کے انتہائی شکرگزار ہیں ۔۔ اس محبتوں بھری بے تکلف ملاقات کا خوبصورت احساس ہمیشہ ہماری آنکھوں میں لکھا اور دل میں جگمگاتا رہے گا ۔۔ دیرینہ تنظیمی دوست چوہدری احسان علی گورائیہ اور دلبر جانی حافظ محمد یعقوب فریدی بھی اس ملاقات اور وزٹ کا حصہ تھے ۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں