379

غزہ پر حالیہ حملے میں بیس ہزار سے زائد گھر مسمار ہو چکے ہیں

تعمیر نو اور متاثرہ آبادیوں میں امداد پہنچانے کے لئے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کو آپ کی مد دکی ضرورت ہے
’’المصطفیٰ ٹرسٹ ‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کا مصر ، اردن اور القدس سے واپسی پر مانچسٹر میں تقریب سے خطاب

رپورٹ :وجاہت علی خان


فلسطین اسرائیل حالیہ جنگ میں سب سے زیادہ متاثر بچے اور خواتین ہوئی ہیں یہ فلسطینی مائیں اور بچے امن و سکون کے متلاشی ہیں ۔غزہ اور فلسطین کا کوئی گھر ایسا نہیں جو ماتم کناں نہ ہو ، ان خیالات کا اظہار ’’ المصطفیٰ ٹرسٹ ‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کیا۔وہ مانچسٹر کے ایک مقامی ریستوران میں مصر ، اردن اور القدس سے واپسی پر آگاہی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ ہماری چیئریٹی کی طرف سے غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں سے بے گھر ہونے والے افراد کو ایک لاکھ پائونڈ تک کی امداد فوڈ پیکچیز ، ادویات اور نقد رقم کی صورت تقسیم کر دی گئی ہے ، مذکورہ تقریب میں پر یسٹن کے میئر جاوید اقبال ، ممتاز بزنس مین بلال غفور ، آصف رشید بٹ ، اعجاز ملہی ، صابر رضا ، عمران خلیل ، قاری سید نقشبندی ، ممتاز مذہبی سکالر ڈاکٹر علامہ مسعود احمد رضا ، مقصود احمد او بی ای کے علاوہ مانچسٹر اور قرب و جوار کی معروف سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور جنگ سے متاثرہ فلسطینی بہن بھائیوں اور بچوں کو ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کی جانب سے اس قدر پر خطر سفر کے بعد امداد پہنچانے پر ان کی تحسین کی اور ادارے کی خدمات کو سراہا ۔عبدالرزاق ساجد نے کہا ہمیں اطمینان اس بات پر ہے کہ ہم اپنے اس دینی اور دنیاوی فرض کو نبھانے میں کامیاب ہوئے انہوں نے کہا قابل افسوس بات یہ ہے کہ اس عظیم انسانی المیے پر اقوام متحدہ تو خاموش ہے ہی لیکن ’’ او آئی سی ‘‘ سمیت مسلمان ملکوں کا کردار بھی شرمناک اور قابل مذمت ہے کیونکہ آج جب فلسطین کے لاکھوں معصوم شہری کھلے آسمان تلے بنیادی ضروریات زندگی سے محروم زندگی گذارنے پر مجبور ہیں تو ایسے میں کوئی عالمی ادارہ ان تک نہیں پہنچ رہا ۔فلسطین بھر میں بیس سے بائیس ہزار عمارتیں اور گھر مسمار ہو چکے ہیں ،سینکڑوں انسانی جانیں ضائع اور ہزاروں افراد ززخمی ہیں جنہیں بنیادی ضرورت کی ادویات تک میسر نہیں کیونکہ خصوصاً غزہ کی ناکہ بادی اس طرح کر دی گئی ہے کہ وہاں تک پہنچنا نا ممکن بنا دیا گیا ہے ، عبدالرزاق ساجد نے مزید کہا کہ اُردن میں وزارت اوقاف کے اعلیٰ حکام اور مسجد اقصیٰ کے امام و ڈائریکٹر شیخ عمر الکسوانی کے ساتھ ہونے والی ہماری میٹنگز میں بتایا گیا کہ گذشتہ رمضان میں مسجد اقصیٰ کی بیرونی دیواروں اور اندرونی حصوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ دو لاکھ برطانوی پائونڈ تک لگایا گیا ہے چنانچہ اُردن کی وزارت اوقاف کیونکہ مسجد اقصیٰ کی مینجمنٹ کی ذمہ دار ہے اس لئے ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ ان کے ساتھ مل کر مسجد اقصیٰ کے شہید ہونے والے حصوں کی تعمیر و تزین کیلئے مل کر کام کرنا چاہتا ہے جس کیلئے اُردن کی وزارت اوقاف سے مزید مذاکرات جاری ہیں۔ مذکورہ تقریب میں مسجد اقصیٰ کے امام شیخ عمر الکسوانی نے ٹیلی فون پر براہ راست خطاب بھی کیا انہوں نے ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی اپنے فلسطینی بھائیوں کیلئے کی گئی امدادی کوششوں کو سراہا اور برطانیہ میں بسنے والے مسلمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا کہ وہ فلسطینیوں کیلئے آواز بھی اٹھاتے ہیں اور ان کی مدد بھی کرتے ہیں ، تقریب سے سید ڈاکٹر مسعود رضا ، میئر پریسٹن جاوید اقبال ، بزنس مین بلال غفور ، آصف رشید بٹ راجہ فیض سلطان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کی نظامات کے فرائض ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کے ڈائر یکٹر یوکے پروگرام مقصود احمد او بی ای نے انجام دیئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں