المصطفیٰ آئی ہسپتال میں استقبالیہ تقریب
رپورٹ : محمد نواز کھرل
برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لئے فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ناگزیر ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے ۔ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کی فلاحی خدمات لائق تحسین ہیں ۔ المصطفے آئی ہسپتال بجھی آنکھوں کی روشنی بحال کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ المصطفے دسترخوان میں ہر روز سینکڑوں بندگان خدا کو مفت کھانا پیش کرنا بہت بڑی نیکی ہے ۔ خدمت میں عظمت تلاش کرنے والے لوگ ہمارے ہیروز ہیں ۔ پاکستان میں “ المصطفے “ کے فلاحی منصوبے وزٹ کر کے دل خوش ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المصطفے آئی ہسپتال اور المصطفے دسترخوان کے دورے کے موقع پر اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے المصطفے آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل ، نظام مصطفے پارٹی کے مرکزی صدر میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ ، پیپلز پارٹی کے مرکزی راہنما چوہدری منور انجم ، “ المصطفے “ کے کنٹری ڈائریکٹر تجمل گرمانی ، المصطفے کی ڈائریکٹر مینجمنٹ محترمہ نصرت سلیم ، المصطفے آئی ہسپتال کے سنیئر نائب صدر ، خالد حمید فضل ، نواز کھرل اور ام حبیبہ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن حُسن زیبا نے بھی خطاب کیا ۔ لارڈ قربان حسین نے مزید کہا کہ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ نے مظلوم فلسطینیوں اور برما کے روہنگیا مسلمانوں کی داد رسی کے لئے شاندار خدمات سرانجام دی ہیں ۔ مخلوق سے بھلائی خالق تک رسائی کا بہترین ذریعہ ہے ۔ اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کے خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔ طارق حمید فضل نے کہا کہ خلق خدا کی خدمت کا مشن نیکی کا سفر ہے ۔ المصطفے دردمندوں کے درد بانٹنے کے لئے سرگرم عمل ہے ۔ المصطفے آئی ہسپتال میں 9 ماہ کے دوران 1817 آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ اس دوران پچاس ہزار آنکھوں کے چیک اپ کئے گئے ہیں ۔ ہسپتال کے مزید دو فلورز کی تعمیر شروع ہو چکی ہے ۔ “ المصطفے “ کے پلیٹ فارم سے نابینا پن کے خاتمے کے لئے جدوجہد تیز تر کی جائے گی ۔ سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ لارڈ قربان حسین برطانیہ میں پاکستان کی خوبصورت شناخت اور پہچان ہیں ۔ لارڈ قربان حسین ہمیشہ ہاؤس آف لارڈز میں مظلوم انسانیت کے حق میں جرات مندانہ آواز اٹھاتے ہیں ۔ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کا شاندار فلاحی سفر قابل قدر ہے ۔ تقریب کے اہم شرکاء میں تحریک انصاف کی راہنما شہزادی اورنگ زیب ، علامہ نعیم جاوید نوری ، علی اصغر عباس ، ڈاکٹر امجد طفیل ، واجد امیر ، ناصر بشیر ، نصیر الحق ہاشمی ، ڈاکٹر چوہدری محمد تنویر سرور ، انیس احمد ، علی بخاری ، ناصف اعوان ، شہزاد روشن گیلانی ، ضمیر آفاقی ، ولایت احمد فاروقی ، ضماد گریوال ، عثمان جٹ ، عمر شیخ ، عطالرحمن فاروقی شامل تھے ۔
366