415

انجمن طالبات اسلام کو پھر سے بحال کر دیا گیا ،تنظیم نو کے لئے پانچ رکنی مشاورتی کونسل قائم

بہت جلد مرکزی کنونشن منعقد کر کے مرکزی و صوبائی قیادت منتخب کی جائے گی
انجمن طالبات اسلام کے احیاء کے لئے لاہور میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں طالبات کی بھرپور شرکت
اجلاس سے مرکزی صدر اے ٹی آئی محمد اعظم رانجھا ، محترمہ رضوانہ لطیف ، محترمہ نصرت سلیم ، محترمہ عمارہ مصطفائی ، نواز کھرل اور تجمل گرمانی کا خطاب

رپورٹ : زرنین حاجرہ
انجمن طالبات اسلام کو تازہ جذبوں کے ساتھ پھر سے بحال کر دیا گیا ۔ تنظیم نو کے لئے پانچ رکنی مشاورتی کونسل قائم کر دی گئی ۔ ملک بھر میں بھرپور ہمدرد سازی مہم چلائی جائے گی ۔ ہر سکول ، کالج اور یونیورسٹی میں انجمن طالبات اسلام کا یونٹ قائم کرنے کا عزم کر لیا گیا ۔ بہت جلد مرکزی کنونشن منعقد کر کے مرکزی و صوبائی قیادت منتخب کی جائے گی ۔ اس بات کا فیصلہ انجمن طالبات اسلام کے احیا کے لئے لاہور میں منعقدہ “ تجدید عہد مشاورتی اجلاس “ میں کیا گیا ۔ اجلاس کی صدارت انجمن طالبات اسلام کی سابق مرکزی ناظمہ محترمہ نصرت سلیم نے کی جبکہ لندن سے وڈیو لنک کے ذریعے انجمن طالبات اسلام کی سابق مرکزی ناظمہ محترمہ رضوانہ لطیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر قائد طلباء محمد اعظم رانجھا نے خصوصی خطاب کیا ۔ دوسرے مقررین میں عمارہ مصطفائی ، محمد نواز کھرل اور تجمل گرمانی شامل تھے ۔ اجلاس میں انجمن طالبات اسلام کی تنظیم نو ، ملک گیر رابطوں ، لٹریچر کی اشاعت اور ہمدرد سازی کے لئے مشاورت کی گئی اور حکمت عملی تیار کی گئی ۔ اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے جہلم ، سرگودھا ، گجرات ، مظفرآباد ، کوٹلی ، چنیوٹ ، اسلام آباد سے کئی طالبات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا جبکہ برطانیہ سے بھی کچھ طالبات آن لائن اجلاس کا حصہ بنیں ۔

اس موقع پر صدر انجمن محمد اعظم رانجھا نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ انجمن طالبات اسلام کا احیا خوش آئند ہے ۔ انجمن طالبات اسلام کو پھر سے بحال کر کے وقت کی اہم ضرورت کو پورا کیا گیا ہے کیونکہ دختران اسلام کی صف بندی اور نظریاتی تربیت کے بغیر مصطفائی معاشرہ کی تشکیل ممکن نہیں ۔ انجمن طالبات اسلام کی تنظیم نو کے عمل میں انجمن طلباء اسلام کے وابستگان اور سابقین اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ اے ٹی آئی سے وابستہ تمام عاشقان رسول اپنی بہنوں اور بیٹیوں کو انجمن طالبات اسلام کے نظریاتی و ایمانی کاروان کا حصہ بنائیں ۔
محترمہ رضوانہ لطیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن طالبات اسلام کے احیا کا دنیا بھر کے تنظیمی و تحریکی حلقوں میں پُرجوش خیرمقدم کیا جا رہا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ بہت جلد انجمن طالبات اسلام پھر سے ملک بھر میں منظم اور متحرک ہو جائے گی ۔ انجمن طالبات اسلام کا نصب العین دختران اسلام کے دلوں میں عشق رسول کے چراغ روشن کرنا ہے ۔ ہم نے غلامی رسول میں جینے مرنے کا عہد کر رکھا ہے ۔ دختران اسلام سیدہ فاطمہ کو اپنا آئیڈیل بنائیں ۔ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے ۔

محترمہ نصرت سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پھر سے انجمن طالبات اسلام کو شہر شہر کالج کالج متحرک کرنے کی منصوبہ بندی تیار کر لی ہے ۔ نئے عزم سے بنیاد سحر رکھنے کی انقلابی جدوجہد شروع ہو چکی ہے ۔ انجمن طالبات اسلام تعلیمی اداروں میں لبرل ازم اور سیکولر ازم کی فکری مزاحمت کرے گی ۔ بے حیائی کے کلچر کا راستہ روکا جائے گا ۔ حضور نبی کریم سے لامحدود محبت اور غیر مشروط وفاداری کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ۔ انجمن طالبات اسلام کا ہدف طالبات کو عشق رسول کے برکتوں بھرے راستوں کا مسافر بنانا ہے ۔ اجلاس میں وڈیو لنک کے ذریعے ٹانڈہ سے رکن مشاورتی کونسل کبری تبسم نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والی طالبات میں زرنین حاجرہ ، وردہ اجمل ، فوزیہ رانجھا ، سدرہ رانجھا ، تحریم بتول ، ایمن بتول ، ماہ نور ، حبیبہ حامد ، اذکی سحر ، فاخرہ ، فزہ ، ثانیہ اعوان ، ردا اجمل ، نتاشا ، زرطش اور دوسری طالبات شامل تھیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں