267

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی Make the word greener کیمپین

’’ المصطفیٰ ‘‘کے زیراہتمام بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں گلوبل وارمنگ کے موضوع پر خصوصی سیمینار
یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز اور لیڈز یونیورسٹی لاہور میں ” ون ٹری ون سٹوڈنٹ ” کے عنوان سے شجرکاری مہم

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے پھیلتی ہوئی فضائی آلودگی اور زمین کے مسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر ، دنیا کو گرین اور کلین بنانے کے لئے Make the word greener کے نام سے خصوصی مہم مختلف ممالک میں شروع کر رکھی ہے ۔ اس مہم کے سلسلہ میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی شجرکاری کی جا رہی ہے ۔ پودے لگائے جا رہے ہیں اور باغات اگائے جا رہے ہیں ۔ اسی سلسلہ میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام پاکستان کے تعلیمی اداروں میں ” ون ٹری ون سٹوڈنٹ ” کے عنوان سے کیمپین جاری ہے ۔ ملک بھر میں جاری اس کیمپین کے تحت گذشتہ دنوں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان ، یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز لاہور اور لیڈز یونیورسٹی لاہور میں ہزاروں پودے لگائے گئے ۔ پودے لگانے کے اس عمل میں یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور طلباء و طالبات جوش و خروش سے شریک ہوئے ۔۔ اسی سلسلہ میں ’’ المصطفیٰ ‘‘کے زیراہتمام بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے سوشالوجی ڈیپارٹمنٹ میں گلوبل وارمنگ کے موضوع پر سیمینار بھی منعقد کیا گیا ۔ جس سے یونیورسٹی کے ڈین آف ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر حکومت علی خان ، پروفیسر ڈاکٹر کامران اشفاق ، پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین محمد افضل دھرالہ ایڈووکیٹ ، پنجاب بار کونسل کے رکن رانا طفیل نون ایڈووکیٹ ، محمد حسین بابر ایڈووکیٹ اور ’’ المصطفیٰ ‘‘کے کوآرڈینیٹر ارحم سلیم قادری نے خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں تیزی سے بڑھنے والے سنگین خطرات میں گلوبل وارمنگ سرفہرست ہے ۔ گلوبل وارمنگ کے حوالے سے پوری دنیا سرخ لکیر کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ شدید گرمی کی لہر جو صنعتی دور سے پہلے 50 سال میں ایک بار آتی تھی ، اب ہر دس سال کے بعد آ رہی ہے ۔ سرخ لکیر عبور کرنے کے بعد ہمیں ہر سات سال میں شدید ترین گرمی کا دو بار سامنا کرنا پڑے گا ۔ اس لئے گلوبل وارمنگ کے خطرے کی روک تھام کے لئے دنیا بھر کے تمام ممالک ترجیحی بنیادوں پر مشترکہ کوششیں کریں ۔ ’’ المصطفیٰ ‘‘ کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا مزید کہنا تھا کہ درجہ حرارت بڑھ جانے سے زمین کے قدرتی نظام میں خلل پڑتا ہے ۔ گلوبل وارمنگ پر توجہ نہ دی گئی تو خشک سالی ، قحط ، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بڑھ جائیں گے اور سمندری طوفانوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا ۔ آکسیجن تمام جانداروں کے لئے ناگزیر ہے ، جنگلات کا صفایا آکسیجن کی کمی کا سبب بن رہا ہے ۔ موسمی تغیرات سے بچنے اور کرہ ارض کے تحفظ کے لئے انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا ۔ مقررین نے ’’ المصطفیٰ ‘‘ کی شجرکاری مہم کا خیرمقدم کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں