المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ محرومیوں سے دوچار پسماندہ علاقوں کو خاص طور پر اپنی فلاحی سرگرمیوں کے لئے منتخب کرتا ہے ۔ اسی سلسلہ میں پاکستان کے صحرائی علاقے چولستان میں بھی ’’ المصطفیٰ ‘‘ کا فلاحی نیٹ ورک متحرک و فعال ہے ۔ تا حد نظر پھیلے ہوئے لق و دق صحرا میں بسنے والے انسانوں کے درد بانٹنے کا مشن جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے ۔ پاکستان کی معروف طلباء تنظیم ” انجمن طلباء اسلام ” کے سابق مرکزی صدر ارحم سلیم قادری کو چولستان میں جاری ’’ المصطفیٰ ‘‘ کی فلاحی و رفاہی سرگرمیوں کو منظم اور تیز تر کرنے کے لئے کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے چولستان میں باقاعدہ دفتر بنا کر خلق خدا کی خدمت کے لئے خود کو وقف کر رکھا ہے ۔ ’’ المصطفیٰ ‘‘ کی طرف سے اب تک چولستان میں 14 نئی مساجد کی تعمیر اور پرانی مساجد کی تعمیر و مرمت اور تزہین و آرائش کا کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ اس کے علاوہ چولستان کے غریب باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔ اس منصوبے کے تحت چولستان اور دوسرے دیہی علاقوں میں سینکڑوں ہینڈ پمپس ، سولر واٹر پمپس اور الیکٹرک واٹر پمپس لگائے جا رہے ہیں ۔ چولستان میں خستہ حال تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت کا مشن بھی جاری ہے جبکہ علم کی روشنی پھیلانے کے لئے فری ایجوکیشن سنٹرز بھی قائم کئے جا رہے ہیں ۔ تعلیمی سہولتوں سے یکسر محروم چولستان میں موبائل سکولز کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں ۔ نیز خواتین کو ہنرمند بنانے کے لئے سلائی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ ’’ المصطفیٰ ‘‘ کی طرف سے چولستان کو سرسبز بنانے کے خصوصی منصوبے پر بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ دنیا بھر میں پہلے سے جاری ’’ المصطفیٰ ‘‘ کے Make the word greener پروجیکٹ کے تحت چولستان میں بھی شجرکاری مہم باقاعدگی سے جاری ہے اور جگہ جگہ ” ’’ المصطفیٰ ‘‘ گارڈن ” کے نام سے باغات لگانے کا خوبصورت عمل مسلسل جاری ہے ۔ چولستان میں ہر سال ’’ المصطفیٰ ‘‘ کے زیراہتمام فری آئی کیمپ بھی لگایا جاتا ہے اور عید قربان کے موقع پر اجتماعی قربانی کا بھی شاندار اہتمام کیا جاتا ہے ۔ علاوہ ازیں چولستان میں فوڈ ڈسٹریبیوشن پروجیکٹ کے تحت کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل تھیلے بھی وسیع پیمانے پر ہر سال تقسیم کئے جاتے ہیں ۔
220