250

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا


رپورٹ: سجاد اظہر
آنکھوں کے ڈیڑھ لاکھ آپریشن مکمل کرنے پر کمیونٹی کا خراج ِ تحسین
لندن ، مانچسٹر ، لیسٹر اور لیڈز میں چیریٹی ڈنر زکا انعقاد ، امام و ڈائریکٹر مسجد اقصی ٰشیخ عمر فہمی عبداللہ الکسوانی کی خصوصی شرکت

یوں تو ہم اہل نظر ہیں مگر انجام یہ ہے
ڈھونڈتے ڈھونڈتے کھو دیتے ہیں بینائی تک
پاکستان کی بائیس کروڑ آبادی میں سے تقریباً دو کروڑ بیس لاکھ لوگ آنکھوں کے مختلف امراض کا شکار ہیں ۔ جن میں میں سے ایک بڑی تعداد وہ ہے جن کی آنکھوں میں سفید موتیا اتر آتا ہے اور ایک معمولی سے آپریشن سے ان کی بینائی بحال ہو سکتی ہے مگر صحتِ عامہ کی ناپید سہولیات کی وجہ سے لوگ بینائی سے محروم رہ جاتے ہیں ۔المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ وہ پہلی چیریٹی تھی جس نے یہ بیڑہ اٹھایا کہ وہ دور دراز علاقوں میں جہاں غربت زیادہ ہے اور نزدیک ترین کوئی ہسپتال نہیں وہاں موبائل آئی کیمپ لگائے جائیں اور لوگوں کے آپریشن کر کے انہیں سفید موتیا سے نجات دلائی جائے ۔ الحمد اللہ آج المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام پاکستان سمیت دنیا کے کئی غریب ممالک میں یہ مہم جاری ہے ۔ پاکستان میں آنکھوں کا ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال لاہور میں کام کر رہا ہے جہاں تما م سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس وقت تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں کے آپریشن مکمل کر کے انہیں بینائی لوٹائی جا چکی ہے ۔ ا س اہم سنگ میل کو عبور کرنے پرالمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے اظہار تشکر کے لئے برطانیہ کے چار شہروں میں چیریٹی ڈنر کا انعقاد کیا اور اپنے عطیہ کنندگان کو اب تک کی کارکردگی اور آئندہ کے اہداف سے آگاہ کیا ۔
ان چیریٹی ڈنر کی خاص بات مسجد اقصی ٰکے امام و ڈائریکٹر شیخ محمد عمر الکسوانی کی ان تقریبات میں شرکت تھی ۔ انہوں نےالمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی سرگرمیوں کو نہ صرف شاندار الفاظ میں خراج ِ تحسین پیش کیا بلکہ کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اس کارِ خیر میں ا لمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ہاتھ مضبوط کرے ۔ تمام پروگراموں کی نظامت نو مسلم رحیم جنگ نے کی ۔
مانچسٹر :
مانچسٹر میں ہونے والے چیریٹی ڈنر میں اہلیان مانچسٹر نے بھرپور شرکت کر کے تنظیم کی حوصلہ افزائی کی اور دل کھول کر عطیات دیے ۔ سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم، معروف کاروباری شخصیت بلال غفور،ممبر پارلیمنٹ افضل خان ،ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی ، لارڈ واجد اور میئر راچڈیل محمد عاصم نے بھی خصوصی شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امام و ڈائریکٹر الاقصی مسجد بیت المقدس شیخ عمر فہمی الکسوانی نے کہا کہ المصطفی ٰویلفیئر ٹرسٹ پاکستان میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد غریب لوگوں کی بینائی بحال کرا چکا ہے پاکستان جا کر اس کے رفاعی کاموں کا اپنی آنکھوں سے جائزہ لیا ہے جس خدمت خلق کی تبلیغ ہمارے پیارے نبی نے کی اس سنت کو ا لمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ اسی کی نسبت سے پوری دنیا میں سرانجام دے رہاہے الاقصی ٰمسجد میں بھی ا لمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے کام کروائے ہیں اور مجبور فلسطینیوں کی بھی دل کھول کر خدمت کی ہے اور ہر سال مسجد اقصٰی میں افطار پروگرام کرواتے ہیں۔

اس لئے آپ لوگ دل کھول کر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمت کریں کیونکہ یہ پوری دیانت داری سے اپنا کام کر رہے ہیں اس موقع پر افضل خان ایم پی نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خدمت خلق میں ہی عظمت ہے۔لارڈ واجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ خدمت خلق کے لئے کئی ادارے کام کر رہے ہیں مگر ا لمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی نسبت بھی عظیم ہے اور کام بھی عظیم ہے جنہوں نے ا ن لوگوں کو بینائی لٹائی جو شاید عام حالات میں ساری زندگی اندھے رہتے۔ یاسمین قریشی ایم پی نے کہا کہ آنکھوں کی بینائی لوٹانا افضل ترین نیکی ہے اور اس کام میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا ساتھ دیں۔
سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک میں جہاں غربت بہت زیادہ ہے وہاں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ جیسے ادارے ہی لوگوں کی فلاح کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں۔ راچڈیل کے لارڈ میئر محمد عاصم نے بھی المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی سرگرمیوں کو سراہااور کہا کہ کسی بھی ادارے کی کارکردگی پرکھنا ہو تو ا س کے سربراہ کو دیکھیں ۔ عبدالرزاق ساجد کو ہم کافی عرصے سے جانتے ہیں اور پاکستان میں المصطفی ٰ ویلفیئر سوسائیٹی جس کے روح ِ رواں حاجی حنیف طیب ہیں انہوں نے عبدالرزاق ساجد کی تربیت کی ہے جس کی بدولت عبد الرزاق ساجد نے جس کام کو بیڑہ اٹھا یا اس میں آج ایک اہم سنگ میل کو عبور کر لیا ہے ۔
معروف کاروباری شخصیت بلال غفور نے کہا کہ المصطفی ٰویلفیئر ٹرسٹ کے کام کے وہ خود گواہ ہیں اور پاکستان کے غریب علاقوں میں جا کر وہ ان کے آئی کیمپوں کا از خود دورہ کر چکے ہیں اس لئے وہ شرکاء کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ان کا پیسہ حق داروں تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی المصطفی ٰ کی دل کھول کر مدد کرتے ہیں اور آپ لوگ بھی اپنے عطیات ’’المصطفیٰ‘‘ کودیں ۔
اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالزاق ساجد نے کہا کہ آپ لوگوں کے عطیات سے وہ پاکستان میں ایک لاکھ 52ہزار سے زائد لوگوں کی بینائی بحال کروا چکے ہیں اور لاہور میں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال چلا رہے ہیں جہاں آنے والے تمام مریضوں کا علاج مفت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چیریٹی چلانے سے قبل انہوں نے پہلے چلنے والی تنظیموں کے کام کا بغور مشاہدہ کیا۔انہوں نے دیکھا کہ جو لوگ غریب ہوتے ہیں ان کا علاج کرنے سے پہلے خیراتی ہسپتال انہیں کہتے ہیں کہ وہ اپنے علاقے کے نمبردار سے زکوٰۃ کا فارم دستخط کروا لائیں ۔ ایک بندہ جس کی عزت نفس پہلے ہی خیراتی ہسپتال آ کر ختم ہو چکی ہوتی ہے اس کے عزتِ نفس کا مزید جنازہ نکالا جات ہے ا جب اسے اپنے ہی گائوں سے غربت کا سرٹیفیکٹ لانےکا کہا جاتا ہے ۔ اس لئے جب ہم نے یہ بیڑہ اٹھایا تو ہم نے سوچ لیا تھا کہ ہمارے خیراتی کیمپوں اور ہسپتال میں جو بھی آئے گا ہم ا س غریب کی عزت نفس کو مجروح نہیں ہونے دیں گے اور اس کا علاج مفت ہو گا ۔ جب ہم نے لاہور میں اپنے ہسپتال کو سو فیصد فری کرنے کا فیصلہ کیا تو ہماری انتظامیہ کے کچھ لوگ سمجھتے تھے کہ یہ ممکن نہیں ہو گا مگر ہمارے مرحوم ایم ایس اور میرا یہ خیال تھا کہ ہم اس کو ممکن بنائیں گے اور آج الحمد اللہ یہ لاہور بلکہ پورے پاکستان میں آنکھوں کا واحد ہسپتال ہے جو سو فیصد مفت ہے ۔ ہمارا سلوگن ہے’’ روشنی سب کے لیے‘‘ ہم لوگوں میں لاٹھیاں نہیں آنکھیں تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام بخاری پیدائشی نابینا تھے ایک روز اس کی ماں نمازفجر کی نمازکے بعد مسلے پر بیٹھ کر رونے لگی کہ اے اللہ تو اس کی آنکھیں ٹھیک کر دے تجھے ابراہیم خلیل اللہ کا واسطہ ہے اگر اس کی آنکھیں ٹھیک ہو جائیں تو میں اس کو دین کے لیے وقف کر دوں گی، ابھی دعا ختم نہیں ہوتی اور ماں کی آنکھیں ابھی آنسوئوں سے نم ہی ہوتی ہیں کہ امام بخاری دوڑتے ہوئے آتے ہیں اور ماں سے لپٹ جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میری آنکھیں ٹھیک ہو چکی ہیں ۔پھر آپ سب واقف ہیں کہ امام بخاری نے دین کی کتنی خدمت کی۔ ہم اپنادارہ کار مزید پھیلانا چاہتے ہیں۔مزید شہروں میں ہسپتال بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے آپ کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ہم شاید وہ واحد چیریٹی ہیں جو پہلے کہتے ہیں کہ آپ آئیں اور ہمارا کام دیکھیں اگر دل مانیں تو عطیہ دیں ورنہ ہمارے لیے دعا کر دیں ۔
قبل ازیں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایم ڈی صدف جاوید نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کے پچیس ملکوں میں کام کر رہے ہیں ۔ جن میں پاکستان ، افغانستان ، یمن ، غزہ ، بنگلہ دیش اور افریقہ جیسے پسماندہ ممالک سر فہرست ہیں ۔ ہماری فلاحی سرگرمیوں میں پینے کے پانی ، ایمر جنسی ریلیف ، صحت ِ عامہ ، خواتین کے لئے روزگار کی فراہمی ، پائیدار ترقی ، ماحولیات ، جبری مشقت کا خاتمہ ، تعلیم سمیت کئی شعبے شامل ہیں ۔ گزشتہ دو سال میں جاری وبا کے دنوں میں جب سب لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے تھے تب بھی ہمارے کارکن ضرورت مندوں کی مدد کے لئے میدان میں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ان پروگراموں کا مقصد آ پ کو اپنی کارکردگی بتانا ہے اور مستقبل کے لئے اپنے ویژن سے روشناس کرانا ہے ۔ ہم آپ کے عطیات سے ایک تاریخ رقم کر رہے ہیں ہمیں ہر موڑ پر آپ کی مدد اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ المصطفی ٰ کی آپریشنل کاسٹ بہت محدود ہے اور ہم صرف اتنے لوگوں کی ٹیم ہیں جسے انگلیوں پر گنا جا سکتا ہے ۔
اس موقع پر’’ المصطفیٰ‘‘ کے ڈائریکٹر مقصود احمد اور نثار احمد اورشمامہ لطیف نے ایونٹ کو کامیاب بنانے پر اہلیان مانچسٹر کا شکریہ ادا کیا ۔
لندن :
لندن میں ہونے والے چیریٹی ڈنر میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے جوک در جوک شرکت اور تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی ہال کچھا کچھ بھر چکا تھا ۔ جو ا س بات کی دلیل تھا کہ کمیونٹی المصطفی ٰ کی سرگرمیوں پر کس قدر اعتماد کرتی ہے ۔

تقریب میں میئر آف ہیرو کونسلر غضنفر علی ،اسلام چینل کے سی ای او محمد علی ، حاجی محمد منیر ، شفیق الرحمٰن ، حاجی محمد صدیق ،المصطفیٰ کے چیئرمین عبد الرزاق ساجد ، ایم ڈی صدف جاوید اور پروگرام ڈائریکٹر مقصود احمد کا خصوصی خطاب ، نظامت رحیم جنگ نے کی ۔نعت رسول ِ مقبول راجہ فیض سلطان جبکہ تلاوت کریم کا شرف حافظ عبد الرزاق چوہدری نے حاصل کیا ۔ امام مسجد اقصی ٰ شیخ عمر الکسوانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے مسجد اقصی ٰ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت متعدد فلاحی کام کئے ہیں جبکہ غزہ کے متاثرین کے لئے کھانے پینے اور طبی امداد کا بندوبست کیا ہے جس کے وہ خود گواہ ہیں اس لئے آپ المصطفیٰ کی مدد اس یقین کے ساتھ کر سکتے ہیں کہ آپ کے عطیات حق داروں تک پہنچ رہے ہیں ۔ میئر آف ہیرو کونسلر غضنفر علی نے اپنے خطاب میں المصطفیٰ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ المصطفیٰ نے پاکستان کے ساتھ وبا کے دنوں میں برطانیہ بھر میں بھی فلاحی خدمات سرانجام دی ہیں ۔ شفیق الرحمٰن جنرل سیکرٹری ہنسلو جامع مسجد نے المصطفیٰ کو پاکستان میں ہسپتال کی تعمیر کے لئے جگہ عطیہ کرنے کا علان کیا ۔ چیئرمین برینٹ مسجد حاجی صدیق نے کہا کہ المصطفیٰ کے پلیٹ فارم سے دس دس سال سے اندھے لوگوں کو بینائی دی جا رہی ہے ۔ٹرسٹ کے چیئرمین عبد الرزاق ساجد نے کہا کہ ہم نے یہاں چیرٹی سیکٹر میں نئی روایت کام کی پہلے کام دیکھیں اور پسند آئے تو عطیہ کریں ۔ہمیں جو بھی پوچھتا ہے ہم کہتے ہیں کہ آپ کے گائو ں میں ہم مفت آئی کیمپ لگاتے ہیں اگر کام پسند آئے تو ہماری مدد کریں تاکہ ہم اپنے کام کو مزید پھیلا سکیں ۔ہم نے آپ کے تعاون سے ہی ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں کو بینائی لوٹائی ہے اور جلد ہم دو لاکھ آپریشن کا ہدف بھی حاصل کر لیں گے ۔ ٹرسٹ کی ایم ڈی صدف جاوید نے تنظیم کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان ، انڈیا ، بنگلہ دیشن ، غزہ ، افغانستان اور یمن سمیت دنیا کے پچیس ممالک میں ہم ضرورت مندوں کی امداد میں مصروف ہیں اور آپ کے عطیات سے زندگیاں بدل رہے ہیں ۔ اسلام چینل کے سی ای او محمد علی نے کہا کہ المصطفیٰ نے نہایت مختصر وقت میں کئی فلاحی تنظیموں کو اپنے شاندار کام کی بدولت پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ تقریب میں سینکڑوں لوگوں نے المصطفیٰ کے منصوبوں پر دل کھول کر عطیات دیئے ۔
لیسٹر:
لیسٹر میں ہونے والی تقریب کی نظامت ا لمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر مقصود احمد نے کی ۔جبکہ تلاوت کلام پاک کا شرف ڈاکٹر حافظ منیر احمد اور ولید محبوب نے حاصل کیا ۔ نعت رسول مقبول راجہ طلعت محمود نے پیش کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق میئر لیسٹر کونسلر غلام مصطفی ٰ ملک نے کہا کہ یہاں آ کر مجھے بہت خوشی ہوئی، میں اسلامک سینٹر لیسٹر کا ٹرسٹی بھی ہوں، میں المصطفیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ ڈیڑھ لاکھ لوگوں کی نہیں بلکہ ڈیڑھ لاکھ خاندانوں کی زندگیاں بدلی گئی ہیں میں ساجد صاحب کوپاکستان سے جانتا ہوں جب ہم دونوں اے ٹی آئی میں تھے۔ میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمیں اس مبارک مہینے میں المصطفی ٰکی مدد کرنی چاہیے۔اسلامک سینٹر لیسٹر بھی ہمیشہ کی طرح المصطفیٰ کی مدد جاری رکھے گا۔

مصباح بتول کونسلر نے کہا کہ میرے لئے یہ بات اس لئے بھی فخر کی ہے کہ المصطفی ٰ ویلفیئر ٹرسٹ شاید ان ایک دو مسلمان تنظیموں میں سے ہے جس کی ایم ڈی ایک خاتون ہیں ۔ یہ خواتین کو اعلی عہدوں پر اختیار دینے کی روایت ہے جس پر میں المصطفی ٰ ویلفیئر ٹرسٹ کو خراج ِ تحسین پیش کرتی ہوں ۔
قبل ازین ا لمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبد الرزاق ساجد نے ٹرسٹ کی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی اورکہا کہ ہم واحد چیریٹی ہیں جو کہتے ہیں کہ پہلے کام دیکھیں پھر اگر دل مانے تو عطیہ کریں ۔
. مقصود احمد ڈائریکٹر پروگرامز نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے شہر تلمبہ میں ہونے والے آئی کیمپ میں شریک ایک بوڑھی عورت سے پوچھا کہ آپ اتنے سالوں سے اندھی تھیں تو آپ نے اب تک آپریشن کیوں نہیں کروایا ۔اس نے جوب دیا کہ میں پیٹ بھروں یا آنکھیں دیکھوں یعنی پاکستان میں اتنی زیادہ غربت ہے کہ لوگوں کے پاس اپنی صحت پر توجہ دینے کئے کوئی آپشن ہی نہیں ہے ایسے میں المصطفی ٰ ویلفیئر ٹرسٹ امید کی ایک کرن بن کر سامنے آیا ہے ۔
صدف جاوید نے کہا کہ ا لمصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے گزشتہ دس سالوں میں ڈیڑھ لاکھ نادار لوگوں کو آنکھوں کو روشنی دی ہے آپ لوگوں کے عطیات سے ہم نے اپنے آپریشن میں اضافہ کر دیا ہے ان شا اللہ اس سے زیادہ آپریشن ہم اگلے پانچ سالوں میں کریں ۔
امام و ڈائریکٹر مسجد اقصی شیخ عمر الکسوانی نے کہا کہ انہوں نے فلسطین اور پاکستان میں جا کر المصطفی کے کام کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے عطیات ضرورت مندوں تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی مسلمان مسجد اقصٰی کی زیارت کریں کیونکہ یہ مسجد الحرام کے بعد دوسری مسجد ہے اور مسلمانوں کا تیسرا مقدس مقام ہے جہاں سے نبی کریم معراج پر تشریف لے گئے تھے۔ قاضی اشتیاق احمد نے کہا کہ المصطفی کا کام روشنی تقسیم کرنا ہے اس لئے یہ آپ کے عطیات کی صحیح اہل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں