47

لندن میں بے گھر افراد کو مفت کھانا اور رہائش کا منصوبہ

المصطفیٰ، چرچ اور ہنسلو کونسل کا شاندار منصوبہ دسمبر سے مارچ تک جاری رہا
40بے گھر افراد کے لئے کچن بنا کر روزانہ ناشتہ اور رات کا کھانا مہیا کیا گیا
میئرلندن بارو ہنسلو افضال کیانی کا خصوصی دورہ، المصطفیٰ،کو خراج تحسین
ہم رنگ و نسل اور مذہب سے بالا تر ہو کر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔عبدالرزاق ساجد

رپورٹ : رانا نعمان

موسم سرما میں بے گھر افراد کی میزبانی کے لئے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے ہنسلو کونسل سے مل کر تین ماہ پر مشتمل رہائشی سہولیات کا منصوبہ شروع کیا، یہ منصوبہ تین ماہ جاری رہنے کے بعد 31مارچ کو ختم ہوگیا۔ بے گھر افراد کے لئے ہولی ٹرینٹی چرچ (Holy Trinity Church)میں بے گھر افراد کی رہائشی کا بندوبست کیاگیاجہاں المصطفیٰ کی جانب سے صبح ناشتہ اور رات کھانے کا بندوبست کیا گیا۔ منصوبہ کے تحت 40افراد کو رہائشی سہولیات مہیا کی گئیں۔ اس سے پہلے یہ تمام افراد دسمبر کی شدید سردراتوں میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اوردکانوں کے تھڑوں پر سونے پر مجبور تھے۔لندن کی شدید سردی میں اکثر بے گھر افراد بیماری کی وجہ سے اموات کا شکار ہوجاتے ہیں۔بے گھر افراد کو رہائشی سہولیات بنیادی طور پر میئر آف ہنسلو افضال کیانی کا خواب تھا جسے المصطفیٰ نے تعبیر دی، اس موقع پر “المصطفیٰ” کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کی قیادت میں رضاکاروں کی پوری ٹیم موجود تھی جس نے بے گھر افراد کی خدمات کے لئے دن رات ایک کردیا ،چرچ میں ایک کچن قائم کیا گیا جہاں بے گھر افراد کو ناشتہ میں مکھن، بریڈ، چکن، دلیہ، سینڈوچ، سوپ، انڈے، چائے سمیت دیگر اشیا سے تواضع کی گئی، رات کے وقت بھی مزیداراور لذیذ کھانوں سے تواضع کی جاتی رہی، رات کے وقت ایک ہفتے کے دوران انواع و اقسام کے کھانے تیار کئے جاتے رہے، جن میں گوشت، مچھلی، دال ، چاول، سبزیاں شامل تھیں۔ بے گھر افراد کے رہائشی انتظامات بھی شاندار تھے جن میں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا، اس دوران کرسمس کا تہوار شروع ہواتوبے گھر افراد کے لئے رنگا رنگ کھانے کا بندوبست کیا گیا، بے گھر افراد کے رہائشی منصوبہ کے اعزاز میں “ہولی ٹرینٹی چرچ” میں ہونے والی تقریب میں کھانے پینے کے عمدہ انتظامات کئے گئے تھے، میئر آف ہنسلو افضال کیانی نے بے گھر افراد کے منصوبے کا خصوصی وزٹ کیا، اس موقع پر چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ بے گھر کا منصوبہ دراصل ان افراد کے لئے قائم کیا جو گھر کی چھت سے محروم تھے، انھوں کہا کہ خدمت انسانیت کا سفر کسی فرقہ اور مذہب کی تقریق کے بغیر شروع کیا گیا، میئرافضال کیانی نے بے گھر افراد سے بات چیت کی اور المصطفی کے رضاکاروں کی کوششوں پر انھیں خراج تحسین پیش کیا، بے گھر افراد نے کہا کہ انھیں ایک خاندان کی طرح رکھا گیا، کھانے، پینے اور رہائش کا عمدہ بندوبست کرنے پر المصطفیٰ کے شکر گزار ہیں، چرچ انتظامیہ نے کہا کہ انھیں المصطفیٰ کے ساتھ کام کرکے بے حد خوشی ہوئی، ماضی میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں تھی، ہولی ٹرینٹی چرچ اور المصطفیٰ مل کر ایسے منصوبوں پر کام جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں