310

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام ملک ملک شہر شہر فوڈ بیگ تقسیم کرنے کا بڑا اہتمام ہزاروں ضرورت مند خاندان مستفید

محمد نواز کھرل
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام رمضان المبارک کے برکتوں اور سعادتوں بھرے ایام میں دنیا کے 22 ممالک کے سینکڑوں شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں میں کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل فوڈ بیگ تقسیم کرنے کا نہایت منظم اہتمام کیا گیا ۔ پاکستان میں تقسیم کئے گئے ہر فوڈ پیکٹ میں 5 ہزار روپے کی اشیائے خورد و نوش شامل تھیں ۔ ہر فوڈ پیکٹ میں گھی ، آٹا ، چینی ، چاول ، کوکنگ آئل ، دالیں ، چنے ، کھجوریں ، چائے کی پتی اور جام شیریں شربت کی بوتل رکھی گئی تھی ۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں اس سال دس ہزار فوڈ بیگ تقسیم کئے گئے ۔ جن علاقوں میں فوڈ ڈسٹریبیوشن کی گئی ان میں چولستان ، تھرپارکر ، چمن ، لاہور ، مظفرگڑھ ، میاں چنوں ، اوکاڑہ ، چنیوٹ ، میرپور اور دوسرے کئی شہر ، قصبے اور دیہات شامل تھے ۔ لاہور میں فوڈ بیگ تقسیم کرنے کی مرکزی تقریب ریس کورس پارک ( جیلانی پارک ) کے وسیع سبزہ زار میں نہایت عمدگی کے ساتھ منعقد کی گئی ، اس موقع پر کم و بیش دو ہزار مستحق اور ضرورت مند خواتین اور مردوں میں اشیائے خورد و نوش پر مشتمل پیکٹس تقسیم ہوئے ۔ اس تقریب میں المصطفیٰ آئی ہسپتال کے صدر خالد حمید فضل ، المصطفیٰ پاکستان کی مینجمنٹ ہیڈ محترمہ نصرت سلیم ، طارق محمود ( فنانس ہیڈ ) اور محمد نواز کھرل نے خصوصی شرکت کی اور تقریب کے شرکاء کوالمصطفیٰ کی فلاحی خدمات سے آگاہ کیا ۔المصطفیٰ دسترخوان لاہور میں بھی کئی روز مسلسل فوڈ پیکٹ تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش ، برما ، گیمبیا ، نائیجیریا ، افریقہ ، افغانستان ، یمن ، ملاوی اور شام کے مہاجرین سمیت 22 ممالک میں فوڈ بیگ تقسیم کرنے کا ہدف پورا کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں