173

برطانیہ کے شہر لیسٹر کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت ، اسسٹنٹ میئر لیسٹر مصطفیٰ ملک کااپنی فیملی کے ہمراہ المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور کا دورہ

برطانیہ کے شہر لیسٹر کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت ، اسسٹنٹ میئر لیسٹر مصطفے ملک نے اپنی فیملی کے ہمراہ المصطفے آئی ہسپتال لاہور کا دورہ کیا ، ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں لگائے گئے فری آئی کیمپ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس تقریب میں مصطفے ملک کی اہلیہ محترمہ بیگم نیر ملک ، والد گرامی ملک محمد بشیر اور بھائی سلمان ملک کے علاوہ چیئرمین المصطفے عبدالرزاق ساجد ، المصطفے آئی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر انعام الحق ، محترمہ رضوانہ لطیف اور تجمل گرمانی نے بھی شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفے ملک نے کہا کہ المصطفے آئی ہسپتال کا معیار اور خدمات لائق تحسین ہیں ۔ پرچی سے آپریشن تک مفت خدمات سرانجام دینے والے المصطفے آئی ہسپتال کو دیکھ کر دل خوش ہوا ۔ اسلامک سنٹر لیسٹر اور المصطفے کا باہمی تعاون جاری رہے گا ۔ میرے چچا ملک محمد سلیم المصطفے برطانیہ کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں ۔ اس موقع پر عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ مصطفے ملک اور ان کے خاندان کی سماجی ، سیاسی اور دینی خدمات قابل قدر ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر مصطفے ملک اور ان کی فیملی کے افراد کو پیر سید ریاض حسین شاہ جی کا ترجمہ قرآن پیش کیا گیا ۔ معزز مہمانوں نے المصطفے دسترخوان کا بھی دورہ کیا اور سینکڑوں بندگان خدا کو ہر روز دوپہر اور شام کا معیاری کھانا مفت کھلانے کے نیک کام کی تعریف کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں