169

معروف علمی شخصیت پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل سالک کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ فلسفہ کے سابق سربراہ ،
الحاج محمد حنیف طیب ، عبدالرزاق ساجد ، محمد عثمان خان نوری ، میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ ، ڈاکٹر عبدالرحیم اور دوسری اہم شخصیات کا خطاب
سابق وفاقی وزیر ، نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین اور المصطفیٰ کے سرپرست اعلی الحاج ڈاکٹر محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ پروفیسر طفیل سالک درویش صفت انسان تھے ۔ انھیں تصوف پر گہرا ادراک حاصل تھا ۔ وہ مولانا روم ، علامہ اقبال اور امام احمد رضا خان بریلوی کی فکر کے پرچارک تھے ۔ انھوں نے انجمن طلبا اسلام کا تربیتی ، فکری اور تنظیمی لٹریچر لکھا اور اے ٹی آئی کے مقبول عام نعرے تخلیق کئے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی شعبہ فلسفہ کے سابق چئیرمین اور انجمن طلبا اسلام پنجاب کے پہلے ناظم پروفیسر ڈاکٹر طفیل سالک کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو المصطفیٰ آئی ہسپتال مزنگ روڈ لاہور میں منعقد کیا کیا گیا ۔ تعزیتی ریفرنس سے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد ، سابق ایم این اے محمد عثمان خان نوری، انجنئیر رانا لیاقت علی ، ہدایت اللہ مجاہد ، میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے خطاب کیا جبکہ اسلم سعیدی اور متین کشمیری نے منقبت پیش کی ۔ چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ پروفیسر طفیل سالک نے نظام مصطفی کے لئے زندگی وقف کر رکھی تھی ، وہ اے ٹی آئی کے فکری راہنما تھے ۔ پروفیسر طفیل سالک بلند پایہ سکالر تھے ۔ سابق ایم این اے اور انجمن طلباء اسلام کے سابق مرکزی صدر محمد عثمان خان نوری نے کہا کہ پروفیسر طفیل سالک سراپا علم و ادب تھے ۔ انھیں انگریزی ، عربی، فارسی سمیت بے شمار زبانوں پر عبور حاصل تھا ۔ سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل اور نظام مصطفیٰ پارٹی کے مرکزی صدر میاں خالد حبیب الہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پروفیسر طفیل سالک بلند مرتبہ علمی شخصیت اور باعمل انسان تھے ۔ تقریب کے آخر میں پروفیسر طفیل سالک کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں