184

چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد کا آٹھ روزہ بھرپور دورہ کینیڈا

الحمدللہ ۔۔ امریکہ کے بعد کینیڈا میں بھی المصطفیٰ کے فلاحی مشن کا آغاز ۔۔۔ دفتر قائم ۔۔۔
انٹرنیشنل اسلامک کانفرنس میں شرکت ۔۔۔ تقریبات ۔۔ ملاقاتیں ۔۔ رابطے ۔۔۔

رپورٹ : محمد نواز کھرل
الحمدللہ ، المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے بڑھتے اور پھیلتے رفاہی کام کے تسلسل کا ایک اور اہم سنگ میل ۔۔۔ امریکہ کے بعد کینیڈا میں بھی المصطفے کے عالمگیر فلاحی مشن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ۔۔ باقاعدہ دفتر قائم ۔۔۔ رجسٹریشن کا عمل مکمل ۔۔۔ جناب احتشام یوسف کوآرڈینیٹر نامزد ۔۔۔ اس سلسلہ میں المصطفے کے ہمہ وقت فعال ، متحرک اور مخلص چیئرمین جناب عبدالرزاق ساجد نے 22 دسمبر تا 31 دسمبر 2022 کینیڈا کا تفصیلی اور کامیاب دورہ کیا ۔ انھوں نے کینڈا میں آٹھ روز قیام کے دوران ٹورانٹو میں انٹرنیشنل اسلامک کانفرنس میں شرکت کے علاوہ درجنوں تقریبات سے خطاب کیا اور اہم شخصیات سے بامقصد ملاقاتیں کیں ۔ جناب عبدالرزاق ساجد پچھلے دو ماہ میں اردن ، امریکہ ، فلسطین اور پاکستان کا دورہ مکمل کر کے 22 دسمبر کو کینیڈا پہنچے تو ٹورانٹو ایئرپورٹ پر المصطفے کینیڈا کے کوآرڈینیٹر احتشام یوسف اور ان کے ساتھیوں نے عبدالرزاق ساجد کا پرتپاک استقبال کیا ۔ چیئرمین المصطفے نے دورہ کینیڈا کے پہلے تین روز ٹورانٹو میں ہونے والی سالانہ انٹرنیشنل اسلامک کانفرنس میں شرکت کی اور Reviving the Islam کے عنوان سے منعقدہ اس عالمی سطح کی کانفرنس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے اسلامی سکالرز اور اسلامی تحریکوں کے اہم راہنماوں سے ملاقاتیں کیں ۔ کانفرنس میں المصطفے کا سجایا گیا سٹال مندوبین کی توجہ کا مرکز بنا رہا ۔ تین روز جاری رہنے والی کانفرنس کے دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے المصطفے کا کیمپ وزٹ کیا ۔ کیمپ پر موجود المصطفے کی ٹیم نے وزٹرز کو المصطفے کا لٹریچر پیش کیا اور انھیں المصطفے کی فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا ۔
24 دسمبر کی شام ٹورانٹو کے مقامی ریسٹورنٹ میں کینیڈا کی معروف اور ہردلعزیز دینی و سماجی شخصیت جناب سید بدیع الدین سہروردی کی پرخلوص میزبانی میں منعقدہ دینی محفل میں چیئرمین المصطفے عبدالرزاق ساجد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا ۔ اس برکتوں بھری معطر و منور محفل کے اہم شرکاء میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معروف و مقبول خطیب ، جماعت اہل سنت پنجاب کے سابق خطیب مفتی محمد اقبال چشتی ، 31 مساجد پر مشتمل اسلامک کونسل کے چیئرمین جناب مسعود احمد ، علامہ حسنین رضا صدیقی ، مولانا قاری خالد عثمان ، ایوب اشرفی شامل تھے ۔۔۔ 26 دسمبر کو جناب سید بدیع الدین سہروردی نے عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا ، جس میں اہم کمیونٹی راہنماوں نے شرکت کی اور کینیڈا میں المصطفے کے قیام کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔ 27 دسمبر کے دن عبدالرزاق ساجد نے ایک اور لوکل دینی اجتماع میں شرکت کی سعادت حاصل کی اور اجتماع کے شرکاء کو المصطفے کے اغراض و مقاصد ، اہداف ، منصوبوں اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا ۔ 28 دسمبر کو چیئرمین المصطفے نے ایک مہربان دوست کے گھر پر منعقدہ روحانی محفل میں خصوصی شرکت کی ، اس محفل میں دربار حضرت داتا گنج بخش لاہور کے خطیب مفتی محمد رمضان سیالوی بھی شریک ہوئے ، انھوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ المصطفے کی فلاحی خدمات لائق تحسین ہیں ۔ لاہور میں قائم المصطفے آئی ہسپتال پرچی سے آپریشن تک مفت خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ اپنے 8 روزہ دورہ کے آخر میں 30 دسمبر کو چیئرمین المصطفے عبدالرزاق ساجد نے ٹورانٹو کی مرکزی جامع مسجد ریاض الجنہ میں نماز جمعہ ادا کی اور بعد ازاں اسی مسجد کے پرشکوہ ہال میں منعقدہ سالانہ کانفرنس میں بطور چیف گیسٹ شرکت کی ، اس کانفرنس میں مقامی ممبر پارلیمنٹ اور متعدد کونسلرز کے علاوہ مفتی محمد اقبال چشتی ، مفتی محمد رمضان سیالوی نے بھی خطاب کیا ۔ اسی روز معروف بینکار اور شہر کی معروف سماجی شخصیت فیصل محمود نے چیئرمین المصطفے عبدالرزاق ساجد کی پذیرائی کے لئے مقامی ریسٹورنٹ میں عشائیہ کا اہتمام کیا ، جس میں معروف افسانہ نگار ، شاعرہ ، کالم نگار اور کئی کتابوں کی مصنفہ محترمہ روبینہ فیصل اور معروف سیاسی شخصیت مظہر شفیق بھی شریک ہوئے ۔ دورہ کینیڈا کے دوران کراچی سے تعلق رکھنے والے انجمن طلباء اسلام کے سابق مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر خالد انصاری نے بھی اپنے پرانے تنظیمی ساتھی اور سابق مرکزی صدر انجمن طلباء اسلام جناب عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں مقامی ریسٹورنٹ میں ظہرانہ دیا ، اے ٹی آئی کے ابتدائی دور کے ناظم پنجاب جناب قاری عطاءاللہ بھی اس ظہرانے کا حصہ تھے ، اس محبتوں بھری ملاقات کے دوران تینوں دیرینہ تحریکی احباب نے اے ٹی آئی کے پرانے زمانے سے جڑی خوبصورت یادوں کو تازہ کیا ۔ اس موقع پر جناب ڈاکٹر خالد انصاری نے اپنی کتاب ” سید البشر بے مثل و بے مثال ” عبدالرزاق ساجد کو پیش کی ۔ المصطفے ویلفئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کینیڈا میں قیام کے دوران اپنے زمانہ طالب علمی کے دوست اور کلاس فیلو امتیاز حسین کھرل اور سید حامد رضا سے بھی ملاقات کی ۔ چیئرمین المصطفے نے کمیونٹی ٹی وی کو ایک گھنٹہ پر محیط خصوصی انٹرویو بھی دیا اور پاکستان کے شہر سمبڑیال سے تعلق رکھنے والے ٹی وی اینکرجناب نثار احمد کاہلوں کے سوالوں کے جواب دیئے ۔ اس مفصل انٹرویو کے دوران عبدالرزاق ساجد نے 22 ممالک میں جاری المصطفے کے فلاحی منصوبوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ المصطفے اب تک ایک لاکھ 75 ہزار آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کر چکی ہے ۔ ٹورانٹو میں قیام کے دوران المصطفے آئی ہسپتال لاہور کے ٹرسٹی شیخ عبدالعزیز نے بھی چیئرمین المصطفے عبدالرزاق ساجد سے ملاقات کی اور ان کے لئے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا ۔ جناب عبدالرزاق ساجد نے دورہ کینیڈا کے آخری روز 31 دسمبر کو 31 مساجد کا انتظام و انصرام کرنے والی اسلامک کونسل کے چیئرمین جناب مسعود احمد کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی ۔ استقبالیہ میں شریک شخصیات نے کینیڈا میں المصطفے کے کام کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا ۔ جناب عبدالرزاق ساجد کینیڈا کا بھرپور دورہ مکمل کر کے یکم جنوری 2023 کو واپس لندن پہنچ گئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں