195

المصطفیٰ دسترخوان لاہور میں 27 افطار ڈنر مکمل ۔۔ پچاس ہزار افراد نے استفادہ کیا

صرف لاہور میں پبلک مقامات پر رمضان المبارک کے دوران پچاس ہزار افطار باکس تقسیم کئے
المصطفیٰ کے فری افطار ڈنر اور افطار باکس کی تقسیم پاکستان کے مختلف شہروں سمیت دنیا بھر میں پورا ماہ جاری رہی
مجموعی طور پر لاہور میں ایک لاکھ اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی افطاری کا شاندار اہتمام کیا گیا

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام لاہور میں مزنگ روڈ پر بنائے گئے المصطفیٰ دسترخوان میں رمضان المبارک کے دوران 27عوامی افطار ڈنر مکمل ہو گئے۔۔ المصطفیٰ دسترخوان میں ہر روز سجنے والی عوامی دعوت افطار سے پورا ماہ کم و بیش پچاس ہزار افراد نے استفادہ کیا جبکہ رمضان المبارک کے دوران صرف لاہور شہر کے پبلک مقامات پر پچاس ہزار افطار باکس بھی تقسیم کئے گئے۔ رمضان المبارک کے دوران ہر شام المصطفیٰ کی رضاکار افطار باکس ہاتھوں میں اٹھائے ہسپتالوں، جھگیوں، لاری اڈوں، ریلوے اسٹیشن، مارکیٹوں اور چوکوں چوراہوں میں کھڑے ہوکر افطار باکس تقسیم کر کے بندگان خدا کی روزہ کشائی کا اہتمام کرتے رہے۔ اس طرح مجموعی طور پر صرف لاہور شہر میں ایک لاکھ سے زائد افراد المصطفیٰ کی افطار مہم سے مستفیض ہوئے جبکہ اسی نوعیت کے افطار ڈنر اور افطار باکس تقسیم کرنے کا سلسلہ پاکستان کے مختلف شہروں اور دیہاتوں کے علاوہ دنیا کے مختلف خطوں، مختلف ممالک اور سینکڑوں مقامات پر بھی جاری رہا۔ دنیا بھر میں المصطفیٰ کی افطار مہم سے لاکھوں افراد نے استفادہ کیا۔ المصطفیٰ دسترخوان اور دوسرے مقامات پر المصطفیٰ کی طرف سے روزہ داروں کی مشروب، فروٹ، کھجور، سموسوں اور کھانے سے تواضع کی گئی۔ المصطفیٰ دسترخوان میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے عوامی فری افطار ڈنر میں ہر روز مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں اور اہم شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی اور المصطفیٰ کے عالمگیر فلاحی مشن کی تعریف کی اور المصطفیٰ دسترخوان کے حسن انتظام کو سراہا۔ چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد نے ان خوش بخت ڈونرز کا شکریہ ادا کیا ہے جن کی معاونت سے رمضان المبارک کے دوران لاکھوں افراد کی افطاری کا اہتمام ہوا۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ المصطفیٰ کی ٹیم ” مخلوق سے بھلائی، خالق تک رسائی ” کے نظریہ پر یقین رکھتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عبادت کی قضا ہے لیکن خدمت کی قضا نہیں ہے۔ اس لئے دردمند افراد خدمت انسانیت کے مشن میں المصطفیٰ کا ساتھ دیں تاکہ دکھی انسانیت کے درد بانٹنے کا سفر تیز تر ہو سکے ۔ خدمت خلق ہی بہترین نیکی اور رضائے الٰہی کے حصول کا آسان ذریعہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں