228

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے رمضان المبارک کے دوران ہر روز ملک ملک شہر شہر ہزاروں افراد کی افطاری اور کھانے کا شاندار اہتمام کیا گیا

یکم رمضان سے 29 رمضان المبارک تک دنیا بھر میں تین لاکھ سے زائد افراد نے المصطفیٰ کی افطاری مہم سے استفادہ کیا ۔
بازاروں ، کچی آبادیوں ، جھگیوں ، ہسپتالوں ، ریلوے اسٹیشنوں ، لاری اڈوں اور دوسرے پبلک مقامات پر ہر شام ہزاروں افطار باکس تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی پورا ماہ جاری رہا
رپورٹ : محمد نواز کھرل
بے سہاروں کا سہارا بننے کے لئے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا عالمگیر فلاحی مشن دنیا کے 22 ممالک میں جوش و جذبے کے ساتھ مسلسل جاری ہے ۔۔ خدمت میں عظمت پر یقین رکھنے والی المصطفیٰ کی متحرک و فعال ٹیم بندگان خدا کی بے لوث خدمت کے لئے ہر وقت اور بروقت سرگرم عمل رہتی ہے ۔۔۔ ملک ملک شہر شہر قصبہ قصبہ المصطفیٰ کی طرف سے فری آئی کیمپوں کے انعقاد ، راشن کی تقسیم ، یتیموں کی کفالت ، صاف پانی کی فراہمی ، حفاظ کرام کو ماہانہ وظائف کی ادائیگی ، مساجد کی تعمیر اور اجتماعی قربانی جیسے فلاحی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں ۔۔۔ نیکیوں کے موسم بہار رمضان المبارک کے رحمتوں ، برکتوں اور سعادتوں بھرے مہینے میں المصطفے کی طرف سے پاکستان ، بنگلہ دیش ، فلسطین ، بھارت ، برما ، سری لنکا ، ملاوی ، گیمبیا ، شام ، یمن اور افریقہ سمیت مختلف ممالک کے بے شمار شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں میں جگہ جگہ بڑے پیمانے پر یکم رمضان المبارک سے 29 رمضان المبارک تک ، ہر روز فری افطار ڈنر کا معیاری اہتمام کیا گیا ۔۔۔ مختلف شہروں میں افطاری کے بندوبست کے لئے دسترخوان بنائے گئے جبکہ المصطفیٰ کی ٹیمیں پورا رمضان ہر شام افطار باکس ہاتھوں میں اٹھائے سڑکوں پر نکلتی رہیں اور سڑکوں ، مارکیٹوں اور دوسرے پبلک مقامات پر موجود افراد کو افطار باکس پیش کر کے ان کی روزہ کشائی کا سامان مہیا کرنے کی سعادت حاصل کرتی رہیں ۔ یہ سلسلہ یکم رمضان سے 29 رمضان تک مسلسل جاری رہا ۔ محتاط اندازے کے مطابق المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے کم و بیش تین لاکھ افراد کو افطاری کروانے کا اعزاز حاصل کیا ۔

المصطفیٰ کی عالمگیر افطاری مہم کے سلسلہ میں سب سے بڑا اور مرکزی دسترخوان پاکستان کے شہر لاہور کے مزنگ روڈ پر سجایا گیا ۔۔ لاہور میں بنائے گئے المصطفیٰ دسترخوان میں یکم رمضان سے ہر شام ہزاروں انسانوں کو کھجور ، فروٹ ، سموسہ ، شربت اور دوسرے لوازمات کے ساتھ روزہ افطار کروایا گیا اور افطاری کے بعد معیاری کھانا بھی پیش کیا جاتا رہا ۔ ہر روز کا کھانے کا مینیو مختلف ہوتا ۔۔۔ کھانے پکانے کے لئے المصطفیٰ نے اپنا نہایت شاندار کچن تیار کیا ہے جس میں ماہر اور تجربہ کار پروفیشنل شیف خدمات سرانجام دیتے ہیں ۔۔۔ المصطفیٰ دسترخوان لاہور میں 200 افراد پر مشتمل ٹیم جناب محمد اکبر چوہدری کی سربراہی میں کام کرتی ہے ۔۔ تازہ روٹی کے لئے تنور نصب کئے گئے ہیں ۔۔۔ المصطفیٰ دسترخوان میں نہایت پرسکون اور صاف ستھرے ماحول میں عزت و احترام کے ساتھ کھانا پیش کیا جاتا ہے اور دسترخوان پر تشریف لانے والے اللہ کے بندوں کی عزت نفس کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔۔۔
المصطفیٰ دسترخوان میں افطاری سے آدھ گھنٹہ پہلے کسی دینی سکالر ، دانشور یا لکھاری کے اصلاحی اور تعمیری لیکچر کا خصوصی طور پر اہتمام کیا جاتا رہا اور افطاری کے بعد باجماعت نماز کی ادائیگی بھی مستقل معمول کا حصہ رہی ۔ المصطفیٰ دسترخوان لاہور میں ہر روز کم و بیش دو ہزار سے زائد افراد افطاری اور کھانے میں شریک ہوتے رہے جبکہ دوسری طرف ہر روز المصطفیٰ کی مختلف ٹمیمیں افطار کا سامان باکسز میں پیک کر کے مختلف پبلک مقامات پر پہنچ کر تقسیم کرتے رہے ۔۔ پورا مہینہ ہر روز ہزاروں افطار باکس تقسیم کرنے کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر تسلسل کے ساتھ جاری رہا ۔ رمضان المبارک کے دوران لاہور میں ریلوے اسٹیشن ، لاری اڈہ ، گنگا رام ہسپتال ، میو ہسپتال ، جنرل ہسپتال ، سروسز ہسپتال ، عابد مارکیٹ ، شاہدرہ چوک ، بھاٹی چوک ، لمز یونئورسٹی ، مین مارکیٹ گلبرگ سمیت شہر کی مختلف مارکیٹوں ، چوکوں ، جھگیوں اور شہر کے گرد و نواح کی کچی اور غریب بستیوں میں افطار باکس تقسیم کئے گئے ۔
افطار باکس میں چاول ، فروٹ ، کھجور ، سموسہ اور جوس کا ڈبہ شامل کیا گیا تھا ۔۔۔ یکم رمضان سے 29 رمضان تک ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ سے زائد افطار باکس صرف لاہور شہر میں تقسیم کئے گئے جبکہ اسی طرح کی افطاری مہم پاکستان کے دوسرے کئی شہروں میں بھی پورا رمضان جاری رہی ۔۔۔ دنیا کے مختلف خطوں میں بندگان خدا کی روزہ کشائی کے لئے خدمات سرانجام دینے والے المصطفیٰ کے رضاکار ہدیہ تحسین و تبریک کے مستحق ہیں ، جو روزہ کی حالت میں اپنے مسلمان بھائیوں ، بہنوں اور ماوں کی خدمت کے لئے کئی کئی گھنٹے کام کرتے رہے ۔۔۔ المصطفیٰ کا عزم ہے کہ کوئی بھوکا نہ رہے ۔۔۔ المصطفیٰ کھانا کھلانے کی قدیم صوفیانہ روایت پر عمل پیرا ہے ۔۔۔ بھوکوں کو کھانا کھلانے کے مشن میں معاونت کرنے والے ڈونرز بے پناہ اجر و ثواب کما رہے ہیں کیونکہ خالی پیٹ کو کھانا کھلانا بہت بڑی نیکی ہے ۔ شیخ عبدالقادر جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر جلی حروف میں ان کا ارشاد گرامی لکھا ہے کہ ” میں نے نیکیوں کے دفتر الٹ پلٹ کر دیکھے ، مجھے کھانا کھلانے سے بڑی کوئی نیکی نظر نہیں آئی ” ۔۔۔۔
لاہور میں قائم ” المصطفیٰ دسترخوان ” پچھلے کئی برس سے چل رہا ہے ، جہاں پر رمضان المبارک کے علاوہ بھی عام دنوں میں ہر روز ہزاروں افراد کو دوپہر اور شام کا معیاری کھانا پیش کیا جاتا ہے ۔ دسترخوان میں آنے والے مہمانوں کو کرسیوں میزوں پر بٹھا کر نہایت عمدگی اور سلیقے کے ساتھ کھانا کھلایا جاتا ہے ۔۔۔
صاحبو !المصطفیٰ کا سفر اخلاص اور احساس کا سفر ہے ۔۔۔ المصطفیٰ کا مشن درد بانٹنے کا مشن ہے ۔۔۔ المصطفیٰ کا عقیدہ ہے کہ ” مخلوق سے بھلائی خالق تک رسائی ” ۔۔۔ المصطفیٰ کا عزم ہے ” ہر وقت خدمت اور بروقت خدمت ” ۔۔۔۔ المصطفیٰ محرومیوں کے اندھیروں میں خدمت کے چراغ جلانے میں مصروف ہے ، آپ بھی اس روشنی کی کرن بن سکتے ہیں ۔ آئیے نیکی ، خیر ، بھلائی اور خدمت کے اس سفر میں المصطفیٰ کا ساتھ دیں ۔۔۔ خدمت میں عظمت تلاش کرنے والے اس کاروان کا حصہ بنیں ۔۔۔ یاد رکھیں کہ اللہ کریم تک پہنچنے کا سب سے آسان اور مختصر راستہ اللہ کی مخلوق کے دلوں سے گزرتا ہے ۔ آپ کا تعاون خدمت میں معاون بن سکتا ہے ۔۔۔
اپنے لئے تو جیتے ہیں ، سب ہی اس جہاں میں
ہے زندگی کا مقصد اوروں کے کام آنا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں