33

حکومت اور پاکستانی عوام کا کشمیر کاز کے لیے عزم ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر محمد فیصل

مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم بچوں کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال میں اضافہ تشویشناک ہے ۔
پاکستانی ہائی کمشنر کایوم یکجہتی جموں و کشمیر کے موقع پرسیمینار سے خطاب

خصوصی رپورٹ
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وقت نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہمارے عزم اور حمایت کو کم نہیں کیا بلکہ حکومت اور پاکستانی عوام کا کشمیر کاز کے لیے عزم ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہوتا جا رہا ہے ، وہ ۵ فروری کو پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے ’’یوم یکجہتی جموں و کشمیر‘‘ کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، ہائی کمشنر نے اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی انتہائی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، جہاں بھارتی قابض افواج بچوں سمیت معصوم شہریوں کو پیلٹ گنوں سے نشانہ بنا رہی ہیں اور گزشتہ برسوں کے دوران پیلٹ گنوں سے اندھے ہونے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، ہائی کمشنر نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کا واحد حل کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہے،سیمینار میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک اور سینیٹر مشاہد حسین سیدنے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ ایم پی ڈیبی ابراہم اور لارڈ قربان حسین سمیت برطانیہ کے دیگر اعکان پارلیمنٹ نے بھی سیمینار میں شرکت کی، ایم پی عمران حسین، ایم پی افضل خان، سینٹر آف انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز اے جے اینڈ کے سے ڈاکٹر عابدہ رفیق اور جموں کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے بھی خطاب کی اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق اورممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا کہ دنیا مقبوضہ وادی میں نسل کشی دیکھ رہی ہے اور بھارتی حکومت نے تمام مواصلاتی لائنیں منقطع کر دی ہیں ، دنیا کو اس ظلم کی مذمت کرنی چاہیے،جموں و کشمیر پر آل پارٹی پارلیمانی گروپ (اے پی پی جی) کی سربراہ ایم پی ڈیبی ابراہمز نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیری رہنما یاسین ملک کو سزائے موت سے جغرافیائی سیاسی استحکام متاثر ہوگا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنا کردار ادا کرے، جموں و کشمیر اور پاکستان پر اے پی پی جی کے وائس چیئرمین ایم پی عمران حسین نے کہا کہ ہندوستان غیر قانونی طور پرجموں و کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے مزید کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ جموں و کشمیر سے متعلق کیس پر فیصلے جاری نہیں کر سکتی کیونکہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے نہ کہ ملکی مسئلہ،ایم پی افضل خان نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو جواز فراہم کرنے کے لیے دیگر عالمی طاقتوں سے حمایت حاصل کر رہا ہے، لہٰذا ہمیں عالمی برادری کے سامنے ہندوستانی حکومت کے فاشسٹ چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے متحد ہونے اور حمایت حاصل کرنے کی ضرورت ہے، چئیرمین ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ محمد ایوب ٹھاکر اور دیگر مقررین نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ برطانیہ میں حال ہی میں وفات پانے والے معروف کشمیری رہنما نذیر احمد شال کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی، قبل ازیں ہائی کمشنر نے برطانیہ میں مقیم ممتاز کشمیری رہنمائوں، برٹش پاکستانیوں اور میڈیا کی ایک بڑی تعداد کے ہمراہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا دورہ کیا،تصویری نمائش میں جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تصویری عکاسی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں