31

المصطفیٰ کا نیٹ ورک امریکہ میں پھیل گیا

چئیرمین عبدالرزاق ساجد کاواشنگٹن، ورجینیا، میری لینڈ، نیو جرسی، پنسلوانیہ، نیویارک کی ریاستوں کا دورہ
المصطفیٰ بہت جلد امریکہ کی تمام ریاستوں میں فلاحی سرگرمیاں شروع کردے گی
امریکہ میں آئی ہسپتال، فری آئی کیمپوں، دستر خوان، پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کی پزیرائی
المصطفی وفد کی مسلمان کمیونٹی سے ملاقاتیں، مختلف ریاستوں میں استقبالیہ تقریبات میں شرکت
مرکزی تقریب واشنگٹن میں ہوئی جہاں سینکڑوں افراد شریک ہوئے، مالی عطیات بھی دئیے گئے

تجمل گرمانی

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے وفد کے ہمراہ امریکہ کا ایک ہفتہ پر مشتمل تفصیلی دورہ کیا جس میں ان کے ہمراہ عروہ فاطمہ، محمد مصعب، فروہ فاطمہ شریک تھے۔عبدالرزاق ساجد کے دورہ کا آغاز امریکہ کے درالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے ہوا، لندن سے واشنگٹن ائیر پورٹ پہنچنے پر المصطفیٰ امریکہ کے ڈائریکٹر عثمان خان نوری اور ان کے ساتھیوں نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرمین المصطفیٰ ٹائی سن کارنر میں واقع المصطفیٰ کے ہیڈ آفس پہنچے توانھیں امریکہ میں فلاحی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں عثمان نوری،آفس منیجر سکینہ ، اسامہ سمیت دیگر نے انھیں تفصیلی بریفنگ دی۔ انھوں نے بریفنگ کے دوران کہا کہ چار برسوں کے دوران المصطفیٰ امریکہ مسلسل ترقی کررہی ۔
ہے،المصطفیٰ کا کام نیویارک، واشنگٹن، ورجینیا، میری لینڈ، نیو جرسی تک پھیل چکا ہے اور جلد امریکہ کی تمام ریاستوں میں رجسٹریشن اور فلاحی سرگرمیوں کا دائرہ پھیل جائے گا۔المصطفیٰ کو مسلمان کمیونٹی اور بالخصوص پاکستانی کمیونٹی میں بہت پذیرائی مل رہی ہے، المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور کے سابق ایم ایس ڈاکٹرانعام جو حال ہی میں امریکہ شفٹ ہوئے ہیں انھوں نے چیئرمین المصطفیٰ کو نیو جرسی سٹیٹ میں دعوت دی اور ان کے اعزاز میں فنڈ ریزنگ تقریب ہوئی جس میں نیو جرسی کے دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے مہمانوں نے شرکت کی، اس موقع پر ہال مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، المصطفیٰ امریکہ کے ڈائریکٹر عثمان نوری نے کہا کہ انھوں نے ۱۹۸۳میں حاجی محمد حنیف طیب کے ساتھ المصطفیٰ کی کراچی میں بنیاد رکھی ، المصطفی کا کام اس وقت پوری دنیا میں پھیل چکا ہے،صومالیہ، برما، شام، ترکی، یمن، افغانستان،غزہ سمیت دنیا بھر میں قدرتی آفات، جنگوں اور مصائب کے دوران المصطفیٰ نے موقع پر پہنچ کر فلاحی کاموں میں حصہ لیا۔ المصطفیٰ کا نیٹ ورک دنیا کے ۲۲ ملکوں تک پھیل چکا ہے، ایم ایس ڈاکٹر انعام الحق نے تقریب میں آئے مہمانوں کو بتایا کہ المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور میں فرائض کے دوران انھوں نے المصطفیٰ کے کاموں کو اپنی آنکھوں سے دیکھا، المصطفیٰ پاکستان نے ہر سال آنکھوں کے دس ہزار مفت آپریشن کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، آئی ہسپتال کے ساتھ المصطفیٰ دستر خوان میں روزانہ سینکڑوں غریب مریضوں، ورثا ، مسافروں، طالب علموں اور کم آمدنی والے طبقے کو مفت کھانا دیا جاتا ہے، آئی ہسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی سفید موتیا کا آپریشن، لینز ، ادویات سمیت تمام سہولیات مفت دستیاب ہے، المصطفی فری آئی کیمپوں کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔ اس موقع پر المصطفی کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نیو جرسی کی کمیونٹی المصطفیٰ کے ساتھ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ المصطفیٰ کےوفد کو نیو جرسی میں ڈاکٹر انعام الحق کے گھر شاندار دعوت دی گئی جس میں معززین کی بڑی تعداد شریک ہوئی مسلم سنٹر آف مڈل سیکس ( ایم سی ایم سی ) جامع مسجد نور کے خطیب،امریکن مسلم آف فلسطین کے رہنماڈاکٹر خالد زید،انجنیئر انوار الحق ، نرگس انعام ، مریم انعام سمیت دیگر شریک ہوئے،اس موقع پر وفد کے ارکان اہلخانہ کے ساتھ گھل مل گئے۔ ڈاکٹر انعام الحق نے کہا کہ المصطفیٰ ایک خاندان کی طرح ہے جس میں ہر فرد ایک دوسرے کی خوشی اور تکلیف میں شامل ہوتا ہے،ایک دوسرے سے ہمدری اور تعاون کیا جاتا ہے، عبدالرزاق ساجد کی امریکہ آمد سے فلاحی کام مزید بڑھے گا۔ نیو جرسی کے مقامی ہوٹل شا ہنواز پیلس اینڈ بینکویٹ ہال میں خصوصی استقبالیہ دیا گیا،نیو جرسی میں مخیر افراد پروفیسر جاوید الحق سندھو،عثمان شاہ، محمود مصری،قاسم نوید چیمہ، ہما شاہد وڑائچ،قیصر قریشی، حاجی صادق قادری، جعفر محی الدین، سخاوت علی خان سمیت دیگر شرکا نے مالی عطیات دئیے، عبدالرزاق ساجد پنسلوانیہ سٹیٹ کے شہر ہرشے پارک بھی گئے جہاں ڈاکٹر عمر فاروق ، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر سمیر سمیت پاکستانی کمیونٹی کے کثیر افراد شریک ہوئے اور مالی عطیات دئیے، چیئرمین المصطفی نے میری لینڈ کا دورہ بھی کیا جہاں محمد ارشد رانجھا نے ان کے لئے عشائیہ اور حافظ حبیب اللہ نے ظہرانہ دیا۔ تقریبات میں پاکستانی کمیونٹی کے کاروباری افراد شریک ہوئے۔ چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے اس دورہ کے موقع پر جامعہ مسجد فاطمہ کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ میری لینڈ میں مسجد الکرم مسلمان پاکستانی کمیونٹی کا بڑا مرکز ہے جہاں المصطفیٰ کے کاموں کا ہمیشہ اعتراف کیا گیا اور کمیونٹی نے فری آئی کیمپوں، واٹر پراجیکٹ سمیت دیگر فلاحی منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر مالی تعاون کیا۔ مسجد انتظامیہ کی جانب سے چشتیہ ضلع بہاولنگر میں رواں سال دوسرا سالانہ فری آئی کیمپ بھی لگایا جارہا ہے۔ معروف کاروباری اور سماجی شخصیت ماجد حسین ساہی کے گھر ہونے والی تقریب میں معظم ساہی،گل شیر ساہی، منیر احمد، حافظ حبیب اللہ سمیت مقامی کمیونٹی کے افراد شریک ہوئے۔میری لینڈ دورہ کے دوران ارشد رانجھا، اویس وائیں، میاں امجد وائیں سمیت دیگر معززین بھی ملاقاتیں کرنے والوں میں شامل تھے۔ ورجینیا میں سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ملک بشیر اعوان نے اپنے گھر ضیافت کا اہتمام کیا جبکہ معروف صحافی جاوید کوثر نے راوی ریسٹورنٹ واشگنٹن میں کھانے کی دعوت دی جس میں مقامی عمائدین کو مدعو کیا گیا۔ چیئرمین عبدالرزاق ساجد کی آمد کے موقع پر مرکزی تقریب واشنگٹن میں ہوئی۔ المصطفیٰ امریکہ کے زیر اہتمام حویلی ہوٹل واشنگٹن میں بڑی فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت المسطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کی جبکہ مہمان خصوصی ،سید حیدر پاشا قادری الجیلانی تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر المصطفیٰ امریکہ عثمان خان نوری معروف کاروباری شخصیت ماجد حسین ساہی،جاوید کوثر نے خطاب کیا جبکہ دلاور حسین اعوان، ڈاکٹر مسعود چودھری، حافظ حبیب اللہ،منیر احمد، ڈاکٹر قدیر، ڈاکٹر انعام الحق،گل شیر ساہی، میاں اکرام نغمی، میاں الیاس، ٖضمیر عزیز، حافظ یوسف سمیت دیگر مہمانوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر اروی فاطمہ، محمد مصعب، فروہ فاطمہ نے خصوصی بریفنگ دی۔ چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ المصطفی رنگ ونسل ، مذہب اور فرقے کی تفریق سے بالا تر ہو کر دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے لئے سرگرم عمل ہے۔ اس موثر و متحرک رفاعی ادارے کا خدمت خلق کا شاندار سفر ایک روشن تاریخ ہے، جس کا ہرورق فلاح انسانیت کے اجلے کارناموں سے جگمگا رہا ہے۔ المصطفیٰ ایک دعوت ہے محروم طبقات کی اور یہ دستگیری کی دعوت ہے۔ المصطفیٰ ایک تحریک ہے، ضرورت مندوں کی ضرورتیں پوری کرنے کی تحریک، المصطفی ایک مشن ہے جس کا مقصد آنکھوں کے بجھتے چراغوں کو پھر سے روشن کرنا ہے۔ المصطفیٰ پکار ہے گرتے ہوئے کو تھامنے کی پکار ، المصطفیٰ ایک جذبہ ہے بجھتی آنکھوں کو روشنی بحال کرنے کا جذبہ ہے۔ اسی جذبے کے تحت المصطفیٰ اب تک آنکھوں کے دو لاکھ 25ہزار فری آپریشن کر کے غریب افراد کو آنکھوں کی روشنی دے چکا ہے۔ محمد عثمان نوری نے کہا کہ المصطفیٰ کا سفر شروع کرنے کرتے ہوئے کبھی سوچا نہیں تھا کہ ہماری ٹیم اتنا بڑا سفر بہت تھوڑے عرصہ میں عبور کرلے گی، امریکہ سے لے کر 22ملکوں میں المصطفیٰ کا نیٹ ورک کام کررہا ہے، المصطفیٰ کی آنکھوں کی روشنی بحال کرنے میں ہمارا ساتھ دیں جس کے لئے ہماری ویٹ سائٹ www.almustafausa.orgوزٹ کی جائے۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں