رپورٹ : محمد نواز کھرل
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایک اور کامیابی ، ایک اور اعزاز ۔۔۔ لاہور میں المصطفیٰ آئی ہسپتال اور اٹک میں المصطفیٰ ہسپتال فنگشنل ہونے کے بعد اگلے مرحلے میں آزاد کشمیر کے ضلع میرپور کے شہر ڈڈیال میں المصطفیٰ آئی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔۔ سنگ بنیاد رکھنے کی بڑی تقریب 10 اگست کو کشمیر مارکی ڈڈیال میں نہایت کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی ۔۔۔ اس شاندار اور یادگار تقریب کی صدارت المصطفیٰ کے بلند عزم چیئرمین جناب عبدالرزاق ساجد نے کی ۔ تقریب میں سیکریٹری سوشل ویلفیئر آزاد کشمیر ارشاد قریشی ، معروف اینکر ، کالم نگار اور دانشور سہیل وڑائچ ، کمشنر میرپور چوہدری شوکت علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔۔ جناب کرم حسین نے خطبہ استقبالیہ میں مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ڈڈیال کا المصطفی آئی ہسپتال اہل کشمیر کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے ، خطہ کشمیر کے لاکھوں افراد اس ہسپتال سے استفادہ کریں گے ۔۔ ہنسلو جامع مسجد لندن کے متحرک و فعال جنرل سیکریٹری اور ڈڈیال ہسپتال کے لئے قطعہ اراضی عطیہ کرنے والی ممتاز فلاحی و سماجی شخصیت چوہدری شفیق الرحمن نے اپنی تعارفی تقریر میں المصطفیٰ آئی ہسپتال ڈڈیال کی تفصیلات سے شرکاء تقریب کو آگاہ کیا اور کہا کہ ہم سب مل جل کر ڈڈیال ہسپتال کی تعمیر مکمل کر کے دم لیں گے اور اس ہسپتال کو جدید ترین مشینوں اور آلات سے آراستہ کریں گے ۔۔ انھوں نے کہا کہ ڈڈیال میرا آبائی شہر ہے ، اس دھرتی کے ساتھ میرا جذباتی رشتہ ہے اس لئے اپنے آبائی علاقہ میں رہنے والوں کی خدمت کرنا ہم پر فرض اور قرض ہے ۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایم ڈی محترمہ صدف جاوید نے ڈڈیال ہسپتال کے میگا پروجیکٹ اور دنیا بھر میں جاری المصطفیٰ کے فلاحی مشن کے حوالے سے مفصل پریزینٹیشن دی ۔ شرکائے تقریب نے پریزینٹیشن پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ۔۔ آزاد کشمیر کے سیکریٹری سوشل ویلفیئر ارشاد قریشی نے کہا کہ حکومت آذاد جموں و کشمیر المصطفیٰ آئی ہسپتال ڈڈیال کو مفت بجلی فراہم کرے گی ۔ حکومت اس فلاحی منصوبے کی تکمیل کے لئے المصطفیٰ کے ساتھ ہے ۔ کمشنر میرپور شوکت چوہدری نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکومت میرپور شہر میں فلاحی منصوبے کے المصطفی کو وسیع قطعہ اراضی دینے کے لئے تیار ہے ۔ حکومت المصطفیٰ کے فلاحی کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔۔ معروف اینکر اور کالم نگار سہیل وڑائچ نے اپنی تقریر میں کہا کہ میں پاکستان سے فلسطین تک جاری المصطفیٰ کے فلاحی مشن کا چشم دید گواہ ہوں ۔ المصطفیٰ کے فلاحی منصوبوں سے لاکھوں غریب لوگ استفادہ کر رہے ہیں ۔ لاہور میں المصطفیٰ آئی ہسپتال کا معیار شہر کے مہنگے ترین پرائیویٹ ہسپتالوں سے زیادہ اچھا ہے ۔۔ کشمیر کے مخیر حضرات ڈڈیال کے المصطفیٰ آئی ہسپتال کی تعمیر و تشکیل کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ یاد رکھیں کہ اللہ تک پہنچنے کا آسان راستہ غریبوں کے دلوں سے گزرتا ہے ۔ تقریب کے مقررین میں اسرار نواز ایڈووکیٹ ( صدر بار ایسوسی ڈڈیال ) ۔۔۔ راجہ امتیاز ایڈووکیٹ ( سابق صدر میرپور بار ایسوسی ایشن ) ۔۔۔۔ راشد لطیف ( سپیشل سیکریٹری ہیلتھ ) ۔۔۔۔ علامہ زاہد حسین ( ضلعی مفتی میرپور ) ۔۔۔ محمد عتیق کیانی ( صدر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائیٹی آزاد کشمیر ) ۔۔۔۔ ڈاکٹر امجد راجہ ( سابق ڈی جی ہیلتھ حکومت پاکستان ) شامل تھے ۔ تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین المصطفیٰ جناب عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ ڈڈیال کا المصطفیٰ آئی ہسپتال پورے خطہ کشمیر کے باسیوں کو آنکھوں کے علاج معالجہ ، چیک اپ اور آپریشن کی جدید ترین اور معیاری سہولیات مفت فراہم کرے گا ۔۔ تقریب کی کمپیئرنگ نواز کھرل نے کی ۔۔۔ تقریب کے آخر میں ڈڈیال ہسپتال کی تختی کی نقاب کشائی کی گئی ۔ تقریب میں آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے اہم سماجی ، سرکاری ، کاروباری ، دینی اور عدالتی شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔ اہم شرکاء میں برطانیہ سے تشریف لائے معزز مہمان راشد خان ، المصطفیٰ پاکستان کی ہیڈ آف مینجمنٹ محترمہ نصرت سلیم ، المصطفیٰ کے پروجیکٹ منیجر حسن جاوید ، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی آذاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری حافظ شفیق الرحمن ، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائیٹی ضلع میرپور کے صدر رضاءالحق ایڈووکیٹ ، ضلع میرپور کے جنرل سیکریٹری انجیئر طاہر امین ، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی راہنما افشاں سعید ایڈووکیٹ ، ماہنامہ ایمز کے ایڈیٹر ، شاعر اور محقق سجاد اظہر ، محترمہ روبینہ خواجہ ، منگلا کالج کے پرنسپل شیخ شاہد ، جموں کشمیر انجمن طلباء اسلام کے ناظم محمد سجاد رشید ، المصطفیٰ ویلفیئر سوسائیٹی کوٹلی کے جنرل سیکریٹری سید نظر حسن بخاری ، عبدالقادر مصطفائی شامل تھے ۔
163