پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد میں شرکت، کیک کاٹنے کے علاوہ بچوں میں گفٹ تقسیم، پرتکلف کھانا دیا گیا
پاکستان قونصلیٹ جنرل کی ویلفئیر اتاشی مصباح نورین، فادر فلک شیر، پرویز مسیح، نصر اللہ مغل کا خطاب
تربیتی ورکشاپ کے لئے محبوب الہی بٹ اور تجمل گرمانی کو ذمہ داری سپرد کردی گئی
المصطفیٰ کا سٹال شرکا کی توجہ کا مرکز بنا رہا
رپورٹ : تجمل گرمانی
پاکستان پریس کلب یو کے “ نے المصطفی ویلفئیر ٹرسٹ کے تعاون سے سینٹ پائول چرچ وتھنگٹن مانچسٹر کے کمیونٹی ہال میں سالانہ کرسمس تقریب کا اہتمام کیا.اس موقع پر کرسمس کا پیغام، گیت،کیک کاٹنے کے علاوہ پرتکلف کھانا بھی پیش کیا گیا۔پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مسیحی اور مسلمان رہنمائوں سمیت کثیر افراد شریک ہوئے جن میں کونسلر مقدسہ بانو، رب نواز اکبر، الطاف شاہد سدھو، چودھری ربنواز، محمد حسین، ڈیوڈ ڈین، سلیم گل، سعید وڑائچ، میاں عامر محمود، عامر بٹ، اعجاز ملہی، شہزاد مرزا، رضیہ چودھری،صابرہ ناہید، ڈاکٹر حفیظ فیملی،اقصی بانو سمیت دیگر شامل تھے۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض نصر اللہ خان مغل نے ادا کئے۔ فادر فلک شیرملک نے کرسمس کے پیغام کے دوران کہا کہ ہمیں برطانوی سوسائٹی میں مل جل کر رہنے کی ضرورت ہے، امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہئے،ان کا آبائی تعلق میانوالی کے محلہ شیر خیل سے ہے، عمران خان کا گھر ہمارے ساتھ تھا،جہاں کرسمس کے موقع پر ہم کرسمس کیک تقسیم کرتے اور عید قربان پر ہمارے گھر اتنا گوشت جمع ہوتا کہ ختم نہیں ہوتا تھا،کرسمس کا دن حضرت عیسی کی پیدائش کی خوشی میں منایا جاتا ہے جس میں سب کو شامل ہونا چاہئے، پاکستان قونصل جنرل مانچسٹر میں ویلفئیر اتاشی مصباح نورین نے کہا کہ مسیحی اور مسلمانوں کی مشترک روایات ہیں، دونوں مذاہب امن، محبت، احترام کا سبق دیتے ہیں، اسلام اورعیسائیت بوڑھے افراد سے احترام اور عزت کا درس اور بچوں پر تشددسے منع کرتے ہیں، مسلم اور غیر مسلم کو آپس میں جوڑنے کی ضرورت ہے، قوم مختلف مذاہب سے مل کر بنتی ہے، محبوب الہی بٹ، ریاض گل، سلیم اختر نے گیت پیش کئے۔پی سی پی یوکے کے صدر پرویز مسیح مٹو نے کہا کہ مذہبی اور ثقافتی تہواروں کا منانا ہماری پالیسی کا حصہ ہے دنیا بھر میں امن وسکون کے فروغ کیلئے ہونے والی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔پاکستان میں بھی تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دئیے جائیں۔ ہم نے صحافیوں کے لئے ورکشاپ کروانے کے لئے تجمل گرمانی اور محبوب الہی بٹ کو ذمہ داری سونپی ہے۔تقریب کے دوران کرسمس کیک کاٹا گیا اور بچوں میں گفٹ تقسیم کئے گئے اور آخر میں شرکا کو پرتکلف ضیافت دی گئی۔