444

المصطفیٰ کے زیر اہتمام فری آئی کیمپوں کی سب سے بڑی مہم شروع ہو گئی

تجمل گرمانی
افتتاح صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے گزشتہ روز پلندری کیمپ میں کیا
پاکستان اور کشمیر میں دسمبر تک 30 شہروں میں فری آئی کیمپ لگائے جائیں گے،عبدالرزاق ساجد


المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیرانتظام پاکستان اور کشمیر میں فری آئی کیمپوں کی سب سے بڑی مہم شروع ہو گئی۔ مہم کا افتتاح صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نےپلندری کیمپ میں کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی انسانیت کیلئے خدمات کو سراہا اور کہاکہ ا نسانیت کی فلاح کیلئے المصطفیٰ جیسے اداروں کو کام کرنے کیلئے ہر ممکن مدد دینی چاہئے۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے بہترین کارکردگی شیلڈ کا اعلان بھی کیا۔

المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ فری آئی کیمپوں کی مہم ستمبر سے دسمبر تک جاری رہے گی جس میں 30 شہروں میں فری آئی کیمپ لگائے جائیں گے جہاں ضرورت مند اور مستحق مریضوں کے لئے آنکھوں کا معائنہ، ادویات، لیبارٹری ٹیسٹ بلڈ ٹیسٹ، شوگر، ہیپا ٹائٹس، ایڈز سمیت دیگر معائنہ جات، آپریشن اور لینز کی سہولیات مفت مہیا ہو گی۔ آئی کیمپوں کے دوران کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی ہو گی۔ المصطفیٰ کے جاری شیڈول کے مطابق آئی کیمپ جن شہروں میں لگیں گے ان میں آزاد کشمیر میں پلندری، کوٹلی، مظفر آباد، خیبر پختونخواہ میں مانسہرہ ، مردان، پشاور ، ہری پور، پنجاب میں نارنگ منڈی، چہچہ وطنی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، راولپنڈی، رانجھا میرا جہلم، جتوئی، کوٹ ادو، چولستان، بار موسی منڈی بہائوالدین، تلمبہ، کامونکی، چکلالہ، چنیوٹ، گوجر خان، ستیانہ فیصل آباد، بورے والا ، اڈا شیخن لالیاں، لاہور، سیالکوٹ ، کمالیہ ، رحیم یار خان سمیت دیگر شہر شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں