172

لاکھوں مستحق افراد اور ہزاروں ضرورت مند خاندانوں میں گوشت کی تقسیم

رپورٹ : محمد نواز کھرل

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام ہمیشہ کی طرح اس سال بھی عید الاضحی کے موقع پر پاکستان ، فلسطین ، جموں و کشمیر ، بنگلہ دیش ، انڈیا سمیت 22 ممالک کے سینکڑوں شہروں میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے ملک ملک شہر شہر اجتماعی قربانیوں کا شاندار اور منظم اہتمام کیا گیا ۔ ان اجتماعی قربانیوں کے ذریعے لاکھوں مستحق افراد اور ہزاروں ضرورت مند خاندانوں کو تازہ ، صحت مند اور صاف ستھرا گوشت وافر مقدار میں فراہم کیا گیا ۔ مجموعی طور پر 25 لاکھ افراد ’’المصطفیٰ‘‘ کے قربانی پراجیکٹ سے استفادہ کر چکے ہیں ۔
عید قربان کے تین دن مسلسل جگہ جگہ اجتماعی قربانیوں کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف ممالک میں موجود المصطفے کے ہزاروں رضا کار گھر گھر گوشت پہنچانے کے لئے سرگرم عمل رہے ۔ اس طرح لاکھوں افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں لائی گئیں ۔’’المصطفیٰ‘‘کی طرف سے مظفرآباد آذاد کشمیر میں کشمیری مہاجرین ، بنگلہ دیش میں پناہ گزیں روہنگیا مہاجرین ، چمن بارڈر پر افغان مہاجرین اور شامی مہاجرین کے لئے اجتماعی قربانیوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور اپنے وطن سے دور مہاجر کیمپوں میں رہنے والے مظلوم مہاجرین کو شاندار پیکنگ میں گوشت فراہم کر کے انھیں عید کی خوشیوں میں شریک کیا گیا ۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کے سیلاب زدہ علاقوں اور افغانستان کے زلزلہ زدگان کے لئے بھی اجتماعی قربانیوں کا وسیع پیمانے پر بندوبست کیا گیا اور سیلاب و زلزلہ کے متاثرین کے گھروں میں گوشت تقسیم کرنے کا منظم اور موثر اہتمام کیا گیا ۔ پاکستان کے چاروں صوبوں ، آذاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے جن شہروں میں اجتماعی قربانی کا بندوبست ہوا ان میں لاہور ، کراچی ، مظفرگڑھ ، سوات ، پشاور ، مظفرآباد ، میاں چنوں ، خانیوال ، فیصل آباد ، جڑانوالہ ، چنیوٹ ، کندیاں ضلع میانوالی ، چولستان ، تھر ، نواب شاہ ، ٹانڈہ ضلع گجرات ، اوکاڑہ ، ملتان ، باغ آذاد کشمیر ، کوٹلی آزاد کشمیر ، نیلم وادی آذاد کشمیر ، فارورڈ کہوٹہ آ زاد کشمیر ، سبی بلوچستان اور چمن بلوچستان سمیت دوسرے کئی شہر ، قصبے اور دیہات شامل ہیں ۔ جن ممالک میں اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کیا گیا ان میں پاکستان ، فلسطین ، بنگلہ دیش ، افغانستان ، انڈیا ، جموں و کشمیر ، گیمبیا ، نائیجیریا ، ملاوی ، البانیہ ، صومالیہ ، کینیا ، ایتھوپیا ، یمن ، لبنان ، سری لنکا ، تنزانیہ اور دوسرے کئی خطے شامل ہیں ۔
’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے دنیا بھر میں ’’المصطفیٰ‘‘کے عالمگیر قربانی مشن میں دن رات کام کرنے والے’’المصطفیٰ‘‘ مخلص و متحرک رضاکاروں اور فعال ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور ’’المصطفیٰ‘‘ کے معاونین اور ڈونرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے جن کی بدولت 25 لاکھ افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا گیا ۔ عبدالرزاق ساجد نے بتایا ہے کہ اجتماعی قربانیوں کے لئے مجموعی طور پر ہزاروں صحت مند گائیں ، بھیڑیں ، بکریاں ، بیل اور اونٹ خریدے گئے اور انھیں شرعی تقاضوں کے مطابق ذبح کر کے گوشت کی معیاری پیکنگ کر کے مستحقین تک پہنچانے کا انتہائی منظم بندوبست کیا گیا ۔ اس شاندار قربانی پراجیکٹ میں’’المصطفیٰ‘‘کے ہزاروں کارکنان نے حصہ لیا اور عید کے دنوں میں اپنے گھروں سے باہر رہ کر گوشت بنانے اور ضرورت مندوں تک پہنچانے کے عمل میں شریک رہے ۔ غزہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کرنے کی سعادت’’المصطفیٰ‘‘کے حصے میں آئی ۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ پچھلے کئی برس سے’’المصطفیٰ‘‘کی طرف سے ہر سال اجتماعی قربانیوں کا اہتمام کرنے کی خوبصورت روایت جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گی ۔ اس فلاحی مشن سے استفادہ کرنے والوں کی دعائیں ہمارے اور ہمارے معاونین کے لئے سرمایہ آخرت ہے ۔

البانیہ ۔۔۔

افغان مہاجرین ۔۔ چمن بارڈر

انڈیا ۔۔۔

بنگلہ دیش ۔۔ سیلاب زدگان

روہنگیا مہاجرین ۔۔۔

صومالیہ

غزہ ۔۔ فلسطین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں