63 یتیم اور غریب جوڑوں کو ساڑھے تین لاکھ مالیت کے جہیز اور بارات کے کھانے کے ساتھ رخصت کیا گیا
چیئرمین المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ عبد الرزاق ساجد نے یتیم اور نادار بچیوں کو اپنے ہاتھوں سے رخصت کیا ، 63 باراتیں آئیں تو مفلوک الحال چہرے کھل اٹھے
رپورٹ: سجاد اظہر
ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایسی ایک کروڑ خواتین موجود ہیں جن کی عمر 35 سال تک پہنچ چکی ہے مگر ابھی تک ان کی شادی نہیں ہوئی۔ المصطفیٰ نے اس کے پیش نظر شادی پروگرام شروع کر رکھا ہے جہاں سالانہ بنیادوں پر اجتماعی شادیوں کا پروگرام ترتیب دیا جاتا ہے۔ پنجاب کے شہر کامونکی میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کا سالانہ پروگرام ہوا جس میں ہر سال کی روایت کی طرح اس سال بھی 63 یتیم اور نادار بچیوں کو نہ صرف رخصت کیا گیا بلکہ انہیں ساڑھے تین لاکھ مالیت کا جہیز بھی دیا گیا جس میں فرنیچر، کپڑے، بستر، برتن، واشنگ مشین اور دیگر وہ تمام ضروری سامان موجود تھا جس کی ایک گھر کو ضرورت ہوتی ہے۔ رخصتی کی اس تقریب میں ہر بارات کے 40 لوگوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔ کامونکی کی ممتاز سماجی شخصیات اور المصطفیٰ کے الحاج شیخ امجد علی چشتی اور الحاج شیخ محمد علی چشتی اجتماعی شادیوں کا یہ پروگرام 2007ء سے ہر سال باقاعدگی سے کر رہے ہیں اور اب تک 1,107 غریب اور نادار بچیوں کی شادیاں کی جا چکی ہیں۔ اس سال جہیز کا فی کس خرچہ ساڑھے تین لاکھ روہے تھا جس کا اگر مارکیٹ ریٹ سے تقابل کیا جائے تو یہ پانچ لاکھ بنتا ہے مگر جہیز کی خریداری میں چشتی برادران جس طرح لگن سے کام کرتے ہیں اس سے وہ لاکھوں کی بچت کرتے ہیں۔ اس پروگرام کی خاص بات اس میں اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب، سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد ، المصطفیٰ ویلیئر ٹرسٹ کی ایم ڈی نصرت سلیم ، سینئر صحافی اور مصنف سجاد اظہر ، پیر سید نقیب الرحمٰن چشتی ،سید عابد حسین شاہ ، شیخ عبد الوحید، محمد نواز کھرل اور متعدد سماجی ، مذہبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔



























