208

AIHLکے زیر اہتمام ہائی ویکمب میں یوم پاکستان کی تقریب

میئر ز ، کونسلرز ، کاروباری شخصیات ، پاکستانی فنکاروں اور بڑی تعداد میں صحافیوں کی شرکت
ایمز خصوصی رپورٹ
برطانیہ کے نواحی علاقے ہائی ویکمب کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت اور AIHL ( ایکسیڈنٹ انجری ہیلپ لائن ) کے ڈائریکٹر نعیم طاہر کی جانب سے پاکستان کے ۷۵ ویں یوم آزادی کے سلسلے میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ، نعیم طاہر کئی برسوں سے پاکستان کی آزادی کا یہ دن صرف اپنے فنڈز سے شایان شان طریقے سے منانے کا اہتمام کرتے ہیں حالیہ تقریب میں بھی قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی اور پاکستان کی سالگرہ کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا جبکہ فنکاروں کے ملی نغموں نے حاضرین محفل کے لہو کو خوب گرمایا،
ہائی ویکمب کے کیمونیٹی ہال میں AIHL کے ڈائریکٹر نعیم طاہر کے زیر اہتمام گزشتہ کئی سالوں سے یوم آزاری کی تقریب منعقد کی جاتی ہے اس دفعہ بھی تقریب میں محمد ندیم طاہر ، محمد وسیم طاہر، صاحبزادہ عامر جہانگیر ، مئیر آف ہائی ویکمب عارف حسین ، مئیر آف ہنسلو حناء میر، مئیر آف لوئشم توصیف احمد ، سینئر ٹی وی اینکر پرسن سہیل وڑائچ، معروف صحافی وجاہت علی خان اور طاہر چوہدری، بزنس پرسن فواز سلطان، ایلڈر مین مشتاق لاشاری، صدر پی ٹی آئی ساؤتھ ایسٹ ریجن محمد زاہد راجہ ، ندیم طاہر ، وسیم طاہر چئیرمین او پی ڈبلیو سی نعیم نقشبندی، شیخ جاوید، راجہ ظفر اقبال، منصور کیانی، لالہ اظہر سمیت علاقہ بھر سے کمیونٹی ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، پروگرام میں سٹیج اور پوٹھوہاری ڈرامے سے شہرت پانے والے چھوٹے قد کے پاکستانی فنکار شہزادہ گلفام لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے اور فینز ان سے سیلفیاں بھی بناتے رہے، کمیونٹی ہال کو پاکستانی جھنڈوں سے سجایا گیا تھا جبکہ بچوں سمیت خواتین کے لباس بھی قومی پرچم کی عکاسی کر رہے تھے ، تقریب کا آغاز عمار ندیم نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دُعائیں بھی کی گئیں ، اپنے خطاب میں سیاسی رہنما محمد زاہد راجہ سمیت تقریب کے دیگر شُرکا، کا کہنا تھا کہ پردیس میں رہنے کے باوجود پاکستان کا یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے مناتے ہیں جس کا مقصد اپنے ملک سے اظہار محبت کے ساتھ ساتھ یہاں کی نئی نسل کو مادر وطن کے بارے میں بتانا بھی ہے کہ کس طرح ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے باعث یہ ملک وجود میں آیا ، اے آئی ایچ ایل کے ڈائیریکٹر نعیم طاہر کا کہنا تھا کہ اپنی مٹی سے ہزاروں میل دور رہنے کے باوجود ان کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہائی ویکمب میں گزشتہ نو برسوں سے یوم پاکستان کو جوش و جذبے سے منا رہے ہیں جس کے لئے ہر سال پُروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے ،صاحبزادہ عامر جہانگیر نے کہا کہ آج پاکستان کے یوم آزادی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اووسیز پاکستانی ایک چھت تلے ہیں جو خوش آئند ہے ،
تقریب میں فنکاروں کے ملی نغموں نے محفل کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا جبکہ پاکستانی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ہال میں خصوصی بینرز بھی لگائے گئے تھے ،دیار غیر میں مقیم اووسیز ہر سال جشن آزادی کو جوش و جذبے سے مناتے ہیں جو ان کی اپنے ملک سے محبت کا منہ بولتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں