99

رسول اللہ ؐکی ولادت با سعادت


تحریر : رضوانہ لطیف (دینی عالمہ )

صَدیوں پہلے کائنات میں ایک ایسا بے مِثال پھول کِھلا کہ جس کی پاکیزہ خُوشبو نے زمانے میں پھیلی کُفر و شِرک اور ظُلم و زیادتی کی بَدبُو کو ایمان و اسلام اور اَمْن و سلامتی سے تبدیل کرنا شروع کر دیا۔اس گُل کی خوشبو صَدیاں گزرنے سے کم نہیں بلکہ تیز سے تیز تَر ہوتی چلی جا رہی ہے اور قِیامت تک ہوتی رہے گی، وہ بے مثال گُل سیّدہ آمِنہ کے پھول، والدِ سیّدۂ بَتُول یعنی ہمارے پیارے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہیں۔یہی وجہ ہےکہ عُلَما و صُلَحا اور مُحَدِّثِین و مُفَسِّرین آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارَک ولادت کے وقت اور مہینے کی عظمت و رِفعت کا خطبہ مختلف انداز میں پڑھتے آئے ہیں
کیسی شان والی ہے وہ گھڑی جس میں رسولِ خدا، بے سہاروں کے آسرا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تشریف لائے اور اس ساعَت کو قیامت تک آنے والے مسلمانوں کے لئے دُعا کی قبولیت کا وقت بنا دیا جیسا کہ حضرت سیِّدُنا شیخ عبدُالعزیز دَبّاغ رحمۃ اللہ علیہ فرماتےہیں:جس مبارک گھڑی میں حضور سیِّدِعالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم دنیا میں تشریف لائے وہ دُعا کی قبولیت کا وقت ہے۔ اس ساعَت کی مقبولیت کا وَصف قیامت تک رہے گا۔ اُس گھڑی میں رُوئے زمین کے غوث و قُطب اور دیگر اولیائے کِرام غارِ حِرا کے پاس جمع ہوتے ہیں۔ جس کی دُعا اُن (اولیائے کِرام) کی دُعا کے موافِق ہوجائے اللہ پاک اُس کی دعا کو قبول فرماتا اور اس کی ضَرورت پوری کرتا ہے۔
اسی لئے عاشقانِ رسول اس رات کو عِبادات و نوافل اور ذِکْر و اَذکار میں گزارتے اور صبحِ صادِق کے وقت دُعا کا اہتمام کرتے ہیں۔ وہ مکان بڑی برکتوں کا خَزِینہ ہے کہ جہاں آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم دنیا میں جلوہ گَر ہوئے، اسی لئے عُلَما و مُحَدِّثِین یہاں حاضری دیتے اور بَرَکات پاتے ہیں جیسا کہ تقریباً 826سال پہلے کے بُزرگ حضرت علّامہ ابوالُحُسین محمدبن احمد جُبیر اُندَلُسی رحمۃ اللہ علیہ (وفات:614ھ) اس مکانِ اَقدس کا ذِکْر کرتے ہوئے لکھتے ہیں: وہ مقدّس جگہ جہاں ایک ایسی سعادت والی بابرکت گھڑی میں نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادت ہوئی جنہیں اللہکریم نے تمام جہانوں کے لئے رَحْمت بنا دیا، اس بابرکت جگہ پر چاندی چڑھائی گئی (یہ جگہ یوں لگتی ہے) جیسے پانی کا چھوٹا سا حَوض ہو جس کی سَطْح چاندی کی ہو۔ اس مٹّی کی کیا بات ہے جسے اللہ پاک نے سب سے پاکیزہ جسم والے خیرُ الْاَنام صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جائے ولادت ہونے کا شرف بخشا۔ یہ مبارک مکان ربیعُ الاوّل میں پیر کے دن کھولا جاتا ہے کیونکہ ربیعُ الاوّل حُضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی وِلادت کا مہینا اور پیر ولادت کا دن ہے، لوگ اس مکان میں برکتیں لینے کے لئے داخل ہوتے ہیں۔ مکّۂ مکرّمہ میں یہ دن ہمیشہ سے ”یومِ مَشْہود“ ہے، یعنی اس دن لوگ جمع ہوتے ہیں۔
ایک اور مقام پر آپ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: خاص وہ جگہ جہاں وِلادتِ مبارَک ہوئی تھی وہ تقریباً تین بالشت کا چھوٹے حوض جیسا چبوترہ ہے اور اس کے درمیان سبز رنگ کا دو تہائی بالشت برابر سنگِ مَر مَر کا ایک ٹکڑا ہے جس پر چاندی چڑھی ہوئی ہے اور اس چاندی سمیت اس کی لمبائی ایک بالشت ہے۔ ہم نے اس مقدّس جگہ سے اپنے چہرے مَس کئے جو زمین پر پیدا ہونے والی سب سے افضل ذات کی ولادت گاہ بنی اور سب سے اشرف اور پاکیزہ نسل والی ذات سے مَس ہوئی اور ہم نے نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادت گاہ سے برکتیں لے کر نفع حاصل کیا۔
شارحِ بُخاری حضرت سیِّدُنا امام احمد بن محمد قَسْطَلانی رحمۃ اللہ علیہ (وفات: 923ھ) فرماتے ہیں:ولادتِ باسعادت کے دنوں میں محفلِ میلاد کرنے کے فوائد میں سے تجرِبہ شدہ فائدہ ہے کہ اس سال امن و امان رہتا ہے۔ اللہ پاک اُس شخص پر رَحمت نازِل فرمائے جس نے ماہِ وِلادَت کی راتوں کوعید بنا لیا۔(مواھب اللدنیہ،ج1،ص78)
حضرت شاہ وَلِیُّ اللہ مُحَدِّثِ دہلوی رحمۃ اللہ علیہ (وفات: 1176ھ) فرماتے ہیں: میں مکّۂ معظّمہ میں میلاد شریف کے دن رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جائے ولادت پر حاضر تھا، سب لوگ حُضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر دُرود و سلام پڑھ رہے تھے اور آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادت کے وقت جو خلافِ عادت چیزیں ظاہر ہوئیں اور بِعْثَت سے قبل جو واقعات رُونُما ہوئے تھے،ان کا ذِکْرِ خیر کررہے تھےتو میں نے ان اَنوار کو دیکھا جو یکبارگی اس محفل میں ظاہر ہوئے اور میں نہیں کہہ سکتا کہ یہ انوار میں نے اپنی ظاہری آنکھوں سے دیکھے یا روح کی آنکھوں سے دیکھے! اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ بہرحال جو بھی معاملہ ہوا جب میں نے ان انوار وتجلیات میں غور کیا تو پتا چلا کہ یہ اَنوار ان فرشتوں کی طرف سے ظاہر ہورہے ہیں جو اس طرح کی نورانی اور بابرکت مَحافِل میں شریک ہوتے ہیں اور میں نے یہ بھی دیکھا کہ ان فرشتوں سے ظاہر ہونے والے انوار، اللہ کی رحمت کے اَنوار سے مل رہے ہیں۔
امام محمد بن جارُ اﷲ ابنِ ظہیر رحمۃ اللہ علیہ (وفات: 986ھ) اپنی کتاب ” اَلْجَامِعُ الَّلطِیف“ کے صفحہ نمبر 285 پر لکھتے ہیں کہ ہر سال مکّہ شریف میں بارہ(12) ربیعُ الاوّل کی رات کو اہلِ مکّہ کا یہ معمول ہے کہ قاضیِ مکہ جوکہ شافعی ہیں، مغرب کی نماز کے بعد لوگوں کے ایک جَمِّ غَفِیر کے ساتھ مَوْلِد شریف (ولادت گاہ) کی زیارت کے لئے جاتے ہیں۔ان لوگوں میں دیگر تینوں مذاہب فقہ کے قاضی،اکثر فقہاء، فضلاء اور اہلِ شہر ہوتے ہیں۔ ان کے ہاتھوں میں فانوس اور بڑی بڑی شمعیں ہوتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں