رپورٹ : محمد نواز کھرل
پاکستان کے نیک نام سیاستدان ، معروف فلاحی شخصیت اور سابق وفاقی وزیر الحاج محمد حنیف طیب نے 1983 میں کراچی شہر میں صادق جذبے کے ساتھ “ المصطفے “ کی بنیاد رکھی ۔ المصطفے کے بانی و سرپرست اعلی الحاج محمد حنیف طیب پاکستان کی معروف طلباء تنظیم “ انجمن طلباء اسلام “ کے بانی اور پہلے صدر ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں ۔ “ المصطفے “ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کو بھی اسی طلباء تنظیم “ اے ٹی آئی “ کا 92 میں مرکزی صدر منتخب ہونے کا شرف حاصل ہوا ۔ انجمن طلباء اسلام اور جناب الحاج محمد حنیف طیب کے ساتھ اسی تنظیمی و نظریاتی تعلق اور رشتے نے عبدالرزاق ساجد کے من میں خدمت خلق کا جذبہ بیدار کیا ۔ تعلیم مکمل کر کے برطانیہ منتقل ہونے کے چند برس بعد عبدالرزاق ساجد نے 2006 میں انگلینڈ میں “ المصطفے “ کے کام کا آغاز کیا ۔۔ آج الحمدللّٰہ پاکستان اور آذاد کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں سمیت دنیا کے 22 ممالک میں “ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ “ کا فعال سیٹ اپ دُکھی انسانیت کے درد بانٹنے کے لئے “ ہر وقت خدمت اور بروقت خدمت “ کے جذبے کے ساتھ سرگرم عمل ہے ۔۔۔ اور خوشیوں سے محروم انسانوں کو سکھ اور سکون فراہم کرنے کا مشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ “ المصطفے “ کی فلاحی خدمات کا ایک مختصر جائزہ ملاحظہ فرمائیں ۔
آنکھوں کے ایک لاکھ چوبیس ہزار مفت آپریشن مکمل
المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام پچھلے کئی برس سے “ روشنی سب کے لئے “ کے سلوگن کے تحت پاکستان ، بنگلہ دیش ، کینیا ، گیمبیا ، سری لنکا ، یمن ، شام ، انڈونیشیا ، ملاوی ، نائیجیریا ، افضانستان ، عراق اور برما سمیت مختلف غریب خطوں اور ملکوں میں “ فری آئی کیمپ “ لگانے کا سلسلہ تسلسل ، باقاعدگی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہو گی کہ المصطفے کے ان فری آئی کیمپوں کے ذریعے اب تک ایک لاکھ چوبیس ہزار آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کئے جا چکے ہیں ۔ جس کا مکمل ڈیٹا ( مریضوں کی تصاویر ، ایڈریسز ، فون نمبرز اور شناختی کارڈز ) المصطفے کے ریکارڈ میں موجود ہے ۔۔ ان فری آئی کیمپوں میں آپریشن سے پہلے ہر مریض کا بلڈ پریشر ، شوگر ، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے ٹیسٹ بھی مفت کئے جاتے ہیں اور مریضوں کو “ المصطفے “ کی طرف سے عینکیں ، لینز ، ادویات اور کھانا بھی مفت پیش کیا جاتا ہے ۔ گذشتہ سال 2020 کے دوران “ المصطفے “ کے زیراہتمام پاکستان میں 603 ، غزہ فلسطین میں 62 ، بنگلہ دیش میں 298 ، برما میں 21 ، گیمبیا میں 106 ، سوڈان میں 21 ، کینیا میں 33 اور سری لنکا میں 39 فری آئی کیمپ لگائے گئے ۔۔
المصطفے آئی ہسپتال لاہور
اللہ کریم کے فضل و کرم سے “ المصطفے “ نے المدینہ ٹرسٹ کے اشتراک سے پاکستان کے دل لاہور اور لاہور کے دل مزنگ روڈ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ سے متصل ، برٹش کونسل اور پنجاب اسمبلی کے نواح میں نہایت شاندار “ المصطفے آئی ہسپتال “ قائم کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے ۔ گذشتہ برس کے آخر میں 14 نومبر 2020 کو گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور معروف روحانی و علمی شخصیت حضرت علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ جی نے اس ہسپتال کا افتتاح کیا ۔۔ افتتاح کے بعد پچھلے چار ماہ کے مختصر عرصہ میں “ المصطفے آئی ہسپتال “ میں ایک ہزار سے زائد آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل ہو چکے ہیں ۔ اس طرح یہ ہسپتال حالیہ دنوں میں لاہور میں آنکھوں کے سب سے زیادہ آپریشن کرنے والا ہسپتال بن چکا ہے ۔۔ چار ماہ کے دوران “ المصطفے آئی ہسپتال “ کے شعبہ او پی ڈی سے دس ہزار مریضوں نے استفادہ کیا ۔ ہسپتال میں جدید ترین مشینری نصب کی گئی ہے ۔۔ میو ہسپتال لاہور کے شعبہ امراض چشم کے چیئرمین ڈاکٹر ناصر چوہدری “ المصطفے آئی ہسپتال “ میں ایچ او ڈی اور سرجن کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ڈاکٹر محمد شریف ایم ایس ، معروف بزنس مین طارق حمید فضل صدر ، محترمہ رضوانہ لطیف جنرل سیکریٹری ، تجمل گرمانی فنانس سیکریٹری اور محترمہ نصرت سلیم شریعہ بورڈ کی ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی ہیں ۔۔۔ المصطفے آئی ہسپتال کی ٹیم لاہور کے مختلف علاقوں اور لاہور کے گرد و نواح میں او پی ڈی کیمپ لگا کر مریضوں کی سکریننگ کر کے آپریشن کے لئے مریضوں کا انتخاب کرتی اور انھیں ہسپتال لانے کا بندوبست کرتی ہے ۔ ہر بدھ اور جمعہ کو ہسپتال میں آپریشن کئے جاتے ہیں ۔ المصطفے آئی ہسپتال بُجھی آنکھوں کی روشنی پھر سے بحال کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔۔
المصطفےٰ دسترخوان
المصطفے آئی ہسپتال لاہور سے ملحقہ خالی جگہ پر “ المصطفے دسترخوان “ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔۔ اس دسترخوان میں المصطفے آئی ہسپتال میں آنے والے مستحق مریضوں ، ان کے لواحقین اور علاقہ کے غریب افراد ، مزدوروں اور ضرورت مند طلباء کو معیاری کھانا مفت اور عزت و احترام کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے ۔ دسترخوان میں میزیں کرسیاں لگا کر کھانا کھلانے کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے ۔
کرونا کے دوران اشیائے خورد و نوش کی تقسیم
المصطفے کی مخلص و متحرک ٹیم نے کرونا وبا کے دوران سخت ترین حالات میں اپنی جانوں اور صحت کی پرواہ کئے بغیر ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے غریب گھرانوں میں اشیائے خورد و نوش کے بیگ تقسیم کرنے کا کام مسلسل جاری رکھا ۔ المصطفے کی طرف سے جون تا دسمبر 2020 پاکستان میں 6800 ، غزہ فلسطین میں 4280 ، لبنان میں 960 ، شام میں 5245 ، بنگلہ دیش میں 1100 ، برما میں 2800 ، یمن میں 9500 ، کینیا میں 2750 ، تنزانیہ میں 3570 اور ملائی میں 2100 فوڈ بیگ تقسیم کئے گئے ۔
برما کے مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی امداد
بنگلہ دیش میں پناہ گزیں برما کے بے گھر مظلوم روہنگیا مسلمانوں کی داد رسی کے لئے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ کام “ المصطفے “ کو سرانجام دینے کی سعادت حاصل ہوئی ہے ۔ میں خود کئی بار روہنگیا مسلمانوں کے لئے امداد لے کر بنگلہ دیش اور برما جا چکا ہوں ۔ المصطفے کی طرف سے اب تک ایک ملین پونڈ کی رقم روہنگیا مسلمانوں کی بحالی اور داد رسی کے لئے خرچ کی جا چکی ہے ۔،بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں قائم روہنگیا مسلمانوں کے مہاجر کیمپوں میں “ المصطفے “ کے میڈیکل کیمپ مسلسل کام کر رہے ہیں اور فوڈ بیگز کی تقسیم کا سلسلہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے ۔
رمضان فوڈ بیگز کی تقسیم
المصطفے کی طرف سے ہر سال رمضان المبارک کے دوران غریب خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل فوڈ پیکٹس تقسیم کرنے کی خوبصورت روایت کئی برس سے جاری ہے ۔ گذشتہ سال 2020 رمضان المبارک کے دوران 88000 رمضان فوڈ پیکٹ تقسیم کئے گئے ۔
ونٹر پروجیکٹ
المصطفے کے زیراہتمام ہر برس سردیوں کے موسم میں مستحق افراد اور غریب خاندانوں کو رضائیاں ، گرم کپڑے ، جرسیاں اور گرم چادریں فراہم کی جاتی ہیں ۔ پچھلے سال 2020 کے موسم سرما میں 40000 ونٹر پیکٹ کی تقسیم کا ہدف پورا کیا گیا ۔ لاہور میں ہر سال دسمبر میں “ المصطفے “ کی ٹیم فٹ پاتھوں اور پارکوں میں کھلے آسمان کے نیچے سونے والوں کو رضائیاں ، کمبل اور گرم چادریں پیش کرنے کی مہم چلاتی ہے ۔
یتیموں کی کفالت
المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے پلیٹ فارم پر یتیم بچوں کی کفالت کے لئے بھی موثر کردار ادا کیا جا رہا ہے ۔ کراچی میں المصطفے کا یتیم خانہ “ میرا گھر “ کے نام سے اپنی شاندار بلڈنگ میں قائم ہے ۔ جس میں سینکڑوں یتیم بچوں کو رہائش ، کھانا ، لباس اور تعلیم و تربیت فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ انفرادی سطح پر یتیم بچوں کی کفالت کا منصوبہ بھی جاری ہے جس کے تحت گزشتہ سال 2020 کے دوران 2351 یتیم بچوں کو سپانسرڈ کیا گیا ۔
حفاظ پروجیکٹ
“ المصطفے “ کی طرف سے پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں حفاظ پروجیکٹ کے تحت قرآن حفظ کرنے والے خوش نصیب طلباء کو ہر ماہ وظیفہ پیش کیا جاتا ہے اور قرآن مجید کی تدریس کے فرائض سرانجام دینے والے اساتذہ کرام کی تنخواہیں بھی المصطفے کی طرف سے ادا کی جاتی ہیں ۔ گذشتہ سال 2020 کے دوران 6238 حفاظ کرام کو سپانسرڈ کیا گیا ۔
کلین واٹر پروجیکٹ
المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے زیراہتمام مختلف پسماندہ خطوں اور ملکوں سمیت پاکستان کے محرومیوں کے شکار علاقہ تھر ، جنوبی پنجاب اور چولستان میں کلین واٹر پروجیکٹ نتیجہ خیزی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے غریب گھروں اور عوامی گزرگاہوں میں واٹر پمپس کی تنصیب کے علاوہ غریب کاشت کاروں کے لئے آبپاشی کی غرض سے ٹیوب ویل لگائے جاتے ہیں ۔ گزشتہ سال 2020 کے دوران 11320 واٹر پروجیکٹس مکمل کئے گئے ۔ جبکہ 319 کمیونٹی واٹر پروجیکٹ بھی کئے گئے ۔
قربانی پروجیکٹ
“ المصطفے “ کی طرف سے ہر سال عید الاضحی کے موقع پر مختلف ممالک کے کئی شہروں اور دیہاتوں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریب ، محروم اور نادار لوگوں میں انتہائی منظم طریقے سے شاندار پیکنگ میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے ۔۔۔ پچھلے سال 2020 کی عید قربان کے موقع پر المصطفے کی طرف سے 1442542 قربانی کے گوشت کے پیکٹ تقسیم کئے گئے ۔۔
اجتماعی شادیاں
“ المصطفے “ کے پلیٹ فارم پر ہر سال ربیع الاول کے مقدس مہینے میں فیصل آباد ، کامونکی اور دوسرے کئی شہروں میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریب بچیوں کو ضروری گھریلو سامان پر مشتمل جہیز کے ساتھ رخصت کیا جاتا ہے ۔ ان اجتماعی شادیوں میں باراتیوں کو کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے ۔ المصطفے کی مخلصانہ کوششوں سے اب تک ہزاروں یتیم اور غریب بچیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں ۔
سیو آور چلڈرن ان کشمیر مہم
اکتوبر 2019 میں المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے انٹرنیشنل پلیٹ فارم سے مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے طویل ترین کرفیو اور سخت ترین لاک ڈاؤن سے متاثرہ کشمیری بچوں کے لئے عالمی سطح پر “ سیو آور چلڈرن ان کشمیر مہم “ چلائی گئی اور برطانیہ سے ممبران پارلیمنٹ ، انٹرنیشنل میڈیا کے نمائندوں اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کے مبصرین کو مظفرآباد آذاد کشمیر لایا گیا اور مظفرآباد سے کشمیری بچوں کے لئے اشیائے خورد و نوش اور ادویات پر مشتمل 100 ٹرکوں کے بڑے کاروان کی صورت میں کنٹرول لائن کے قریب چکوٹھی کے مقام پر پہنچ کر عالمی نمائندوں کے ہمراہ بھارت سے اپیل کی گئی کہ وہ المصطفے کا امدادی سامان بھارتی ریڈ کریسنٹ کے ذریعے وصول کر کے سری نگر پہنچائے لیکن بدقسمتی سے بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہا اور “ المصطفے “ کی انسانی بنیادوں پر کی گئی اپیل کو مسترد کر دیا ۔ تین گھنٹے انتظار کے بعد امدادی سامان آذاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ریڈ کریسنٹ آذاد کشمیر کے سربراہ کے حوالے کر دیا گیا جنہوں نے یہ سامان بھارتی گولہ باری سے متاثرہ کنٹرول لائن کے نواحی علاقوں میں تقسیم کر دیا ۔
گذشتہ سال 2020 کے دوران المصطفے کی فلاحی خدمات کے کچھ مزید اعداد و شمار
المصطفے کے 17 سکولز میں 5988 طلباء مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں
المصطفے گذشتہ ایک سال کے دوران 10 ملین افراد تک پہنچنے اور کسی نہ کسی شکل میں ان کی مدد کرنے میں کامیاب ٹھہری
مختلف ممالک میں ایمرجنسی کے دوران 976887 افراد کو محفوظ کیا گیا
غریب گھرانوں میں 41000 فوڈ بیگ تقسیم کئے گئے
آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد میں 661741 عینکیں تقسیم کی گئی
گزشتہ سال کے دوران “ المصطفے “ کی طرف سے 7 مساجد کی تعمیر و مرمت کا کام کیا گیا
المصطفے کے کیمپوں میں 478331 افراد کی ہیپاٹائٹس سکریننگ کی گئی
المصطفے کے کیمپوں میں گزشتہ سال 814563 افراد کی او پی ڈی سکریننگ کی گئی
المصطفے کی طرف سے گذشتہ سال 602 سکولوں میں میڈیکل کیمپ لگائے گئے
المصطفے کی طرف سے 2020 کے دوران 35 ہسپتالوں 19 سکولوں کی مختلف صورتوں میں مدد کی گئی
المصطفے کے زیراہتمام 2020 کے دوران 1153 معذور افراد کے لئے سمال بزنس سیٹ اپ کا بندوبست کیا گیا
ہونٹ کٹے تالو کٹے بچوں کے 8 ہزار آپریشن کر کے ان بچوں کے چہروں کی مسکراہٹ بحال کی گئی
المصطفے کے نیٹ ورک میں 181 ایمبولینسیں کام کر رہی ہیں
شام میں پچھلے 9 سال سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے لاکھوں شامی مہاجرین مختلف ممالک میں پناہ گزیں ہو چکے ہیں ۔ ان بے گھر شامی مہاجرین کے لئے “ المصطفے “ کی امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں ۔ میں برطانیہ سے امداد لے کر ترکی میں پناہ گزیں شامی مہاجرین تک خود جا چکا ہوں ۔ اسی طرح خانہ جنگی سے متاثرہ یمن میں بھی “ المصطفے “ انٹرنیشنل آرگنائزیشن “ ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز “ کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ۔ یمن میں جنگ سے متاثرہ علاقوں میں فوڈ بیگز کی تقسیم اور میڈیکل و آئی کیمپ لگانے کا سلسلہ جاری ہے ۔
کراچی میں کثیر المنزلہ شاندار بلڈنگ میں قائم “ المصطفے ہسپتال “ برس ہا برس سے خدمات سرانجام دے رہا ہے جبکہ کئی چھوٹے میڈیکل سنٹرز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں غریب افراد کو مفت طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں ۔
جناب والا !
میں نے “ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ “ کے دنیا بھر میں فلاح انسانیت کے لئے جاری منصوبوں اور فلاحی خدمات کا مختصر اور اجمالی تزکرہ کیا ہے ۔ میں انسانیت کے نام پر آپ سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ بے سہاروں کا سہارا بننے اور دُکھی انسانیت کے درد بانٹنے کے اس سفر میں ہمارے ہمسفر بنیں ۔۔۔ آپ کے عطیات کسی غریب کی بُجھی آنکھ کی بینائی بحال کر سکتے ہیں ، کسی مرجھائے چہرے پر مسکراہٹ سجانے کا سبب بن سکتے ہیں ۔