575

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ: رمضان دسترخوان سے کورونا زد گان کی دستگیری تک


تنویر قیصر شاہد

برطانیہ میں بروئے کار عالمی شہرت یافتہ این جی او ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹر نیشنل ‘‘ (AMWT) نے تو یوں دکھی انسانیت کی دستگیری اور اعانت کیلئے تقریباً زندگی کے ہر شعبے میں خدمات کا پرچم بلند کر رکھا ہے لیکن نیکیوں کے جاری بہار یہ موسم ، رمضان شریف ، میں اس کی خدمات کا دائرہ مزید وسعت اختیار کر جاتا ہے ۔ جناب عبدالرزاق ساجد المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ہیں۔ ان کی این جی اویا ادارے کی ممتاز اور منفرد خصوصیت یہ ہے کہ ان کے عطیات کا زیادہ تر انحصار برطانیہ میں بسنے والے مخیرمسلمان شہری ، ادارے اور شخصیات ہیں۔ لیکن عبدالرزاق ساجد صاحب اور ان کے ادارے نے اپنی خدمات کے دائرے میں سب کو سمیٹ اور شامل کر رکھا ہے ۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے مذہب ، مسلک ، رنگ اور نسل کی حد بندیوں اور تعصبات کا شکار نہیں ہو کر رہ جاتی ۔ اس نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ اس کے اعانتی ہاتھ سب انسانوں کے لئے کھلے ہیں۔ شائد ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ڈونیشن دینے والے آنکھیںبند کر کے ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل ‘‘ پر اعتبار کرتے ہیں ۔
نیکیوں کے جاری بہار یہ موسم ، رمضان شریف، میں ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ نے اپنے پلیٹ فارم سے خاص طور پر ’’ رمضان فوڈ بیگز‘‘ کا پروگرام شروع کر رکھا ہے ۔ ہر سال ہی بڑی کمٹمنٹ کے ساتھ اس پر عمل کیا جا رہا ہے ۔ گذشتہ برس 2020ء کے رمضان المبارک میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے 88ہزار رمضان فوڈ بیگز تقسیم کر کے اعلیٰ ترین مثال قائم کی۔اور اس جاری 2021ء کے رمضان شریف میں اس ادارے کے طے کردہ پروگرام کے مطابق ایک لاکھ سے زائد مستحقین میں رمضان فوڈ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ یہ رمضان فوڈ پیکیج دراصل ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کے اس شاندار پروگرام کا حصہ ہے جسے ’’ المصطفیٰ دستر خوان ‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ اس دستر خوان پروگرام کے تحت لاہور میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر نگرانی بروئے کار ’’ المصطفیٰ آئی ہسپتال‘‘ میںپوری طرح پہلے ہی عمل کیا جا رہا ہے ۔ اس ہسپتال میں غریب اور مستحق آنکھوں کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے ۔ یہاں آپریشن بھی مفت کئے جا تے ہیں اور لینز و عینکیں بھی مفت ہی مستحقین میں تقسیم کی جاتی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ المصطفیٰ آئی ہسپتال میں آنے والے غریب مریضوں کو مفت کھانا بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ یہ ہسپتال پچھلے سال سے لاہور کے مشہور علاقے مزنگ میں (گنگا رام ہسپتال سے متصل ) خدمات انجام دے رہا ہے ۔ گذشتہ تقریباً ایک سال کے عرصے کے دوران سینکڑوں غریب اور مستحق مریضوں میں یہ ہسپتال آنکھوں کا نور تقسیم کر چکا ہے۔ اس کیلئے صحت یاب لوگ ادارہ ہٰذا کو دعائیں بھی دے رہے ہیں اور اس ادارے کے چیئر مین کی دنیا و آخرت میں بہتری کیلئے دعائیں بھی مانگ رہے ہیں۔

قارئین کی معلومات میں اضافے کیلئے یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہیں ہو گا کہ ’’ روشنی سب کیلئے ‘‘ کے دلکش اور پُر اُمید سلوگن کے تحت گذشتہ کئی برسوں سے ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کی زیر نگرانی بنگلہ دیش ، کینیا، برما ، یمن ، شام اور کئی عرب ممالک میں فری آئی کیمپ لگائے جا رہے ہیں ۔ اب تک ان کیمپوں میں کوئی سوا لاکھ سے زائد غریب مریضوں کے مفت کامیاب آپریشن کئے جا چکے ہیں ۔ ان سب کا مکمل احوال اس ادارے کے پاس محفوظ ہے۔ دیکھا جائے تو اس میدان میں ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ انٹرنیشنل کی کامیابیاں حیران کن ہیں ۔ یہ
سب اس لئے ممکن ہوا ہے کیونکہ AMWTنے کسی ستائش اور صلے کی پروا کئے بغیر انسانیت کی دستگیری کا یہ بیڑہ اُٹھا رکھا ہے ۔
یوں اللہ کریم نے بھی اس ادارے کی خدمات میں برکت عطا فرمائی ہے ۔ سب سے بڑی برکت یہ ہے کہ ڈونیشنز دینے والے اس ادارے پر اعتبار کرتے ہیں اور دیکھا جائے تو سب سے بڑا وقار یہی ہے ۔ ایک اور بھی انسانی خدمت کا ذکر یہاں کرنا اہم ہو گا۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے برطانیہ کے مختلف شہروں بالخصوص لندن میں بے گھروں (Home less)میں مفت فوڈ بیگز تقسیم کرنے کا نیا اور شاندار سلسلہ شروع کیا ہے ۔
پچھلے سال ،ڈیرھ سال سے دنیا کو کورونا کووڈ 19کی مہلک وبا نے اپنی گرفت میں لے رکھا ہے ۔ اس وفا نے دنیا کی معیشت پر بھی گہرے منفی اثرات ڈالے ہیں۔ لاکھوں لوگ ملازمتوں سے محروم ہوچکے ہیں۔ ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ نے آزمائش کی ان گھڑیوں میں مستحقین میں مفت خوراک کے تھیلے تقسیم کرنے کی مستحسن مہمات پر عمل کر کے نیکیاں سمیٹی ہیں۔ اس ادارے کے ذمہ دار ان کا کہنا ہے کہ پچھلے سال بھی ہم نے پاکستان میں کررونا سے متاثرہ تقریباً سات ہزار خاندانوں میں قابل ِ خوردنی اشیاء کے تھیلے تقسیم کئے تھے ۔ اس کے علاوہ غزہ (فلسطین)، لبنان ، شام، بنگلہ دیشن ، یمن ، کینیا اور تنزانیہ میں 30ہزار سے زائد خوراک کے تھیلے تقسیم کرنے کا اعزاز حاصل کیا گیا۔ کورونا کے مہلک جاری موسم میں بھی المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے تحت پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک میں فوڈ بیگز تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔
یہ کالم لکھ ہی رہا تھا کہ مجھے لندن سے ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشن ‘‘ کے چیئرمین جناب عبدالرزاق ساجد کا فون آیا ۔ عبدالرزاق ساجد صاحب نے مجھے بتایا کہ ہم نے آج ہی ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل ‘‘ کے پلیٹ فارم سے برطانیہ میں بروئے کار بھارتی ہائی کمیشن کو ایک تفصیلی خط لکھا ہے۔ اس چٹھی میں بھارتی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کا عملہ فوری طور پر کررونا کے متاثرین کے لئے ادویات ، آکسیجن کے سلنڈر ز اور خور ونوش کو اشیاء لے کر بھارت جانا چاہتا ہے ، اجازت دی جائے ۔نیکیوں کے جاری بہاریہ موسم ، رمضان شریف ، میں ویسے بھی ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ پاکستان اور بالخصوص بنگلہ دیش میں کیمپوں میں محصور روہنگیا مسلمانوں میں کروڑوں روپے کی خوراک کے تھیلے تقسیم کر رہا ہے۔ اور اب وہ فوری طور پر کورونا کووڈ 19کے شکار بھارتیوں کی اعانت کی تمنا بھی رکھتے ہیں لیکن بھارت سرکار بوجوہ اجازت دینے سے احتراز برت رہی ہے ۔ ابھی تک ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل ‘‘ کوبھارت جانے کی اجازت نہیں ملی ہے ۔ پچھلے سال بھی ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ نے مقبوضہ کشمیر کے مظلومین میں خوراک اور فوری ضرورت کی ادویات تقسیم کرنے کیلئے لندن میں بھارتی ہائی کمشنر سے اجازت لینے کی درخواست کی تھی لیکن بھارتی حکومت نے اجازت نہیں دی تھی ۔ بھارتی حکومت اگر تعصبات کی عینک اتار کر دیکھے تو اسے نظر آئے گا کہ ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ این جی او کا تعلق کسی سیاسی یا گروہی یا مسلکی یا جہادی جماعت سے نہیں ہے ۔ یہ این جی او تو خالصتاً دکھی انسانوں کی دستگیری کیلئے ساری دنیا میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ ایسی این جی او کو بھارتی کورونا زدہ عوام کی خدمت سے محروم کر کے بھارتی حکومت نا مناسب کردار ادا کر رہی ہے ۔ بھارتی حکومت کو اب بھی اپنی ضد سے ہٹ کر فیصلہ کرنا چاہئے۔ اور اگر یہ اجازت مل جائے تو ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کے چیئرمین جناب عبدالرزاق ساجد فوری طور پر بھارتی کررونا زدگان کی دستگیری کیلئے متعلقہ میڈیکل سامان ، ادویات اور آکسیجن کے سلنڈروں کے ساتھ بھارت روانہ ہو جائیں گے۔
ویسے تو اب پاکستان میں بھی کررونا زدگان کی تعداد میں خاصا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ حکومت کے ہاتھ پائوں پھول رہے ہیں۔ عبدالرزاق ساجد صاحب کا اعلان ہے کہ انہوں نے پاکستان میں ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ کے وابستگان سے کہہ دیا ہے کہ پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں کررونا زدگان کی ہر ممکنہ دستگیری کیلئے کمرکس لیں۔ اللہ کریم ان کی خدمات اور اخلاص میں برکت عطا فرمائے ۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل سے براہ راست رابطہ اور ان سے تعاون کرنے کیلئے پتہ درج ذیل ہے www.almustafatrust.org.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں