344

’’ المصطفیٰ‘‘کی طرف سے ایک لاکھ پونڈ کی امداد فلسطین کے مہاجرین تک پہنچا دی گئی

چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے فلسطین کا دورہ مکمل کر کے واپس لندن پہنچنے پر میڈیا کو بیان
محمد نواز کھرل
المصطفےٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے غزہ کے مہاجرین اور مظلومین کے لئے ایمرجنسی ریلیف مشن’’ تیز تر ‘‘کر دیا ہے ۔ ’’ المصطفیٰ‘‘کی طرف سے ایک لاکھ پونڈ کی امداد فلسطین کے مہاجرین تک پہنچا دی گئی ہے اور خوراک و ادویات پر مشتمل ہزاروں باکسز بے گھر ہو جانے والے فلسطینیوں کی عارضی رہائش گاہوں میں تقسیم کر دیئے گئے ہیں ۔ فلسطین میں پہلے سے قائم ’’المصطفے‘‘کا موثر نیٹ ورک اور المصطفے کے متحرک رضاکار مظلوموں کے درد بانٹنے میں مصروف ہیں ۔ برطانیہ سے فلسطین جانے والی المصطفے کی ٹیم نے ہسپتالوں میں زیر علاج فلسطینی بچوں کی عیادت کی اور ان میں تحائف اور ادویات تقسیم کیں ۔ المصطفے نے فلسطین میں صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے اور زیتون کا باغ بھی لگایا ہے ۔ المصطفے کے وفد نے مسجد اقصی کے امام اور ڈائریکٹر شیخ عمر فہمی الکسوانی سے بھی ملاقات کی ۔ ان خیالات کا اظہار المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے فلسطین کا دورہ مکمل کر کے واپس لندن پہنچنے پر میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے خصوصی بیان میں کیا ہے ۔ عبدالرزاق ساجد نے بتایا کہ غزہ سے جانیں بچا کر مصر اور اردن کے سرحدی علاقوں میں آ کر کیمپوں میں رہنے والے فلسطینی مہاجرین کی حالت زار انتہائی تشویشناک ہے ۔ فلسطینی مہاجرین کے ان کیمپوں میں مارچ کے آخر تک کرونا کے48 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں اور ہزاروں فلسطینی مہاجرین غذائی قلت کا شکار ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ میں خود ’’المصطفےٰ ‘‘ کی ٹیم کے ہمراہ فلسطین کے ان علاقوں کا دورہ کر کے آیا ہوں ، جہاں ہزاروں زخمی فلسطینی جھونپڑیوں میں ابتدائی طبی امداد اور خوراک سے محروم بے یار و مددگار پڑے ہیں ۔ حالیہ بمباری کے نتیجے میں 20 لاکھ آبادی پر مشتمل غزہ کی پٹی میں بے شمار کمرشل اور رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں ۔ غزہ کی وزارت ہاؤسنگ کے مطابق کم و بیش 17 ہزار گھروں کو تازہ بمباری سے نقصان پہنچا ہے ۔

جن میں دو ہزار گھر ایسے ہیں جو اب رہائش کے قابل نہیں رہے ۔ غزہ کی تعمیر نو وقت کی اہم ضرورت اور بہت بڑا چیلنج ہے ۔ بے گھر ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کو رہائش ، علاج معالجے ، خوراک اور ادویات کی اشد ضرورت ہے جبکہ بے شمار شدید زخمیوں کی جانیں بچانے کے لئے انھیں ہنگامی بنیادوں پر بیرونی ممالک میں بھیجنا بھی ضروری ہے ۔ المصطفےٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین نے بتایا کہ ’’ المصطفےٰ‘‘ کے وفد کو مسجد اقصی کے امام اور ڈائریکٹر شیخ عمر الکسوانی نے ملاقات کے دوران آگاہ کیا کہ حالیہ بمباری سے مسجد اقصی کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مسجد اقصی کی مرمت کا تخمینہ دو لاکھ پاؤنڈ سے زیادہ ہے ۔ عبدالرزاق ساجد نے اعلان کیا کہ ہم’’ المصطفےٰ‘‘ کے پلیٹ فارم پر مسجد اقصی کی مرمت کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور ہر قسم کا مالی تعاون کریں گے ۔ مسجد اقصی کے امام نے ’’ المصطفےٰ ‘‘ کے وفد سے ملاقات کے دوران اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ غزہ میں بمباری کا سلسلہ کئی برس سے تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور غزہ موت کی وادی بن چکا ہے لیکن اس سلگتے معاملے پر مسلم اُمّہ ، انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور اقوام متحدہ بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ۔’’ المصطفےٰ‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے مزید کہا کہ اگرچہ برطانیہ سے فلسطین جانے والی المصطفےٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی ٹیم نے فلسطین کے آفت زدہ علاقوں میں اپنے ڈونرز کے تعاون سے خوراک ، ادویات اور نقد رقم کی صورت میں امداد پہنچائی ہے اور مقامی افراد پر مشتمل ہماری مستقل ٹیمیں بھی دن رات ریلیف مشن جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن تباہی و بربادی اس قدر زیادہ ہے کہ بہت بڑے پیمانے اور ہنگامی بنیادوں پر فلسطین میں ریلیف ورک کرنے کی ضرورت ہے ۔ مظلوم فلسطینی امید بھری نظروں سے مہذب دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ آزمائش کی اس گھڑی میں ہماری فلسطینی بہنیں ، بھائی اور بچے ہماری امداد کے منتظر ہیں ۔ ہم سب پر لازم اور فرض ہے کہ ہم انسانیت کے ناطے غزہ کے مظلومین کی مدد اور بحالی کے لئے آگے آئیں اور ایثار کا دل کھول کر مظاہرہ کریں ۔ مظلومین کی مدد کرنا ہم پر فرض اور قرض ہے ، وہ فرض جس کا اللہ اور اس کے رسول نے حکم دیا ہے ۔ عبدالرزاق ساجد نے مزید کہا کہ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ نے غزہ کے مظلومین اور فلسطینی مہاجرین کی داد رسی کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے ۔ اس فلاحی منصوبہ پر عملدرآمد کے لئے المصطفے کو مخیر اور دردمند افراد کے فراخدلانہ تعاون کی ضرورت ہے ۔ المصطفے کی ٹیم فلسطین کے مظلوموں کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ ہم اپنی بساط کے مطابق مستقل بنیادوں پر فلسطین میں فلاحی سرگرمیاں جاری رکھیں گے ۔ المصطفے کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ اگر آج اسلامیان عالم نے فلسطینی بچوں ، عورتوں اور بوڑھوں کی چیخیں نہ سنیں اور ان مظلوموں کے لئے کچھ نہ کیا تو کل قیامت کے روز ہم سب اللہ کے سامنے شرمندہ کھڑے ہوں گے ۔ اقوام متحدہ غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور عالمی برادری غزہ میں رہنے والے معصوم انسانوں کو امن اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ مسئلہ فلسطین عالمی امن کے لئے مستقل خطرہ بنا ہوا ہے ۔ اس لئے فلسطین کے دیرینہ مسئلے کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ مہذب دنیا مسئلہ فلسطین کا انسانی بنیادوں پر جائزہ لے ۔ غزہ میں عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی میں بدلنے کی ضرورت ہے ۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔ ڈائیلاگ کے ذریعے فلسطین کے تنازعہ کا حل تلاش کرنا ہو گا ۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ اس وقت زخموں سے چور بلکتے تڑپتے فلسطینیوں کی مدد کرنا سب سے بڑی نیکی اور سب سے بڑی عبادت ہے ۔ فلسطینیوں کی بے بسی اور عالمی برادری کی بے حسی کی انتہا ہو گئی ہے ۔ غزہ بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ انٹرنیشنل میڈیا کو غزہ تک رسائی دی جائے اور غزہ میں عالم امن فوج تعینات کی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں