232

جناب وزیر اعظم پلیز !


آپ نہ گھبرائیں !
٭ اس لئے کہ آپ نے کونسا بیمار بیوہ ماں کی کھانسی کے شربت کیلئے پیسے اکٹھا کرنے ہیں ۔
٭یا جہیز نہ ہونے کی وجہ سے بوڑھی ہوتی ہوئی بہنوں کی شادیاں کرنی ہیں۔
٭ اللہ نہ کرے آپ کے کونسے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں جو بھوک و پیاس سے بلک رہے ہیں اور آپ کے پاس انہیں دینے کیلئے دو وقت کی روٹی اور صاف پانی کی ’عیاشی‘ تک نہیں۔
٭ کونسا آپ کے کسی بچے نے ایم اے پاس کر لیا ہے اور کئی سال سے کسی چھوٹی موٹی نوکری کیلئے در بدر سڑکوں پر مارا مارا پھر رہا ہے ۔
آپ نے بالکل نہیں گھبرانا !
٭ آپ کی تو کسی بیٹی کا نام عاصمہ ، عائشہ ، زینب اور نور مقدم بھی نہیں۔
٭ خدانخواستہ آپ کے بچوں کو کوئی خطرہ نہیں اور اللہ کا شکر ہے وہ بغیر ڈھکن کے کھلے گٹروں میں گر کر یا موت کا پیغام بننے والے گندے نالوں میں ڈوب کر مرنے سے محفوظ ہیں۔
٭ وہ بچیاں جو ریپ ہو رہی ہیں، اغوا کے بعد قتل کر دی جاتی ہیں وہ تو ہماری بچیاں ہیں آپ اور آپ جیسی ایلیٹ کلاس اس قسم کے سانحات سے مکمل محفوظ ہے۔
٭اور شکر ہے کہ آپ کے بچے کسی سکول ، کسی مدرسے میں جنسی تشدد کا شکار بھی نہیں ہو رہے اس لئے ، آپ نے نہیں گھبرانا !
٭آپ کا گھر کونسا کرایے کا ہے جس کا آٹھ ماہ سے کرایہ نہیں دیا جا سکا اور مالک مکان نے آپ کا سامان غنڈوں کو بلوا کر باہر پھینکوا دیا ہے اور اب آپ کے بیوی بچے کھلے آسمان تلے اللہ کے آسرے پر ہیں۔
٭ کونسا کسی ایجنسی نے آپ کے کسی عزیز رشتہ دار کو اٹھا لیا ہے اور اس کا کوئی پتا نہیں چل رہا ۔
٭آپ تو اوورسیز پاکستانی بھی نہیں ہیں کہ آپ کے خون پسینے سے پاکستان میں خریدی گئی کسی جائیداد پر قبضہ ہو چکا ہے۔
٭آپ نے کونسا کسی بنک کا ایک دو لاکھ کا قرض واپس کرنا ہے اور قسط کی عدم ادائیگی پر آپ کو قرقی کے آرڈر آنے کے بعد پولیس یا کورٹ کے چکر کاٹنا پڑتے ہیں۔
آپ مت گھبرائیں !
٭یہ پٹرول مہنگا ہونے کا شور تو ہم جیسے ناہنجار غریب غربے مچا رہے ہیں جن کی چھکڑا موٹر سائیکلوں کو دو چار لیٹر پٹرول کی ضرورت ہے لیکن آپ کا یہ مسئلہ نہیں ہے آپ کی تو گاڑیاں بھی سرکاری اور پٹرول بھی سرکاری ہے، چنانچہ مہنگا ہو یا سستا اورنہ بھی ملے تو بھی آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
٭کیونکہ یہ جو سرکاری نلکوں میں پانی نہیں آتا ، گندہ پانی آتا ہے یا بالکل نہیں آتا یہ آپ کا گھر تھوڑی ہے آپ تو منرل واٹر بھی پی سکتے ہیں ۔
٭ اور ہاں !یہ جو دن رات بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے آپ تو اس سے بھی مبّرا ہیں یہ تو ہمارے گھروں میں ہوتی ہے ۔
٭آپ کا کون سا بڑا یا چھوٹا بزنس ہے کہ آپ کو اس کے بند ہوجانے کا خطرہ ہو اور نہ ہی آپ سے کوئی بدمعاش یا گروہ بھتّہ ما نگ رہا ہے۔
آپ بالکل نہ گھبرائیں !
٭ آٹا ، دال ، چاول ، گوشت ، گھی اور خوردنی تیل وغیرہ اگر غریب کی قوت خرید سے باہر ہو رہے ہیں یہ آپکا مسلۂ تھوڑی ہے۔
٭یہ جو دوائیں مہنگی ہونے کی وجہ سے عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں او ر اسپرین خریدنے تک کی سکت بھی ان میں نہیں رہی یہ آپ کا مسئلہ تھوڑی ہے آپ کو تو سرکاری خرچ پر اصلی دوا گھر بیٹھے میسر ہے ۔
٭اور یہ امریکی ڈالر چاہے 200 کا اور برطانوی پاؤنڈ خواہ 300 روپے کا ہو جائے آپ نے بالکل نہیں گھبرانا۔
٭ معیشت تباہ ہو جائے ، قومی وقار کی دھجیاں بکھر جائیں، پاکستانی پاسپورٹ کی بیرونی دُنیا میں عزت ہو نہ ہو ، سارے دوست ممالک ناراض ہو جائیں ، کشمیر تک بھی ہاتھ سے نکل جائے اور جو بائیڈن آپکو فون کرے نہ کرے، امریکی سینیٹ میں طالبان اور حامی ممالک پر پابندیوں کا بل پیش ہو جائے!
آپ نے بالکل نہیں گھبرانا !
٭ اور یہ جو “نیب” نے تین سال میں 33 کروڑ روپے کی ریکوری کی اور برطانوی عدالت نے اسے 6.5 ارب روپے کا جرمانہ کیا ہے اس پر بھی آپکو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
٭اور پھر یہ جو پانچ سے سولہ برس کے 2کروڑ 20لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں ان میں آپ کے بچے تھوڑی ہیں جو سکول نہیں جاتے اور جو تعلیمی بجٹ ناکافی ہونے کی وجہ سے پانچ سال کا ہر بچہ سکول نہیں جا سکتا یہ بھی آپ کا درد سر نہیں ہے ۔
٭پاکستان کی کسی عدالت میں آپ کا کوئی مقدمہ دہائیوں سے تو نہیں چل رہا کہ عدالتوں کے چکر لگا اور وکیلوں کی فیس دے کر آپ بے سکت ہو چکے ہیں بلکہ آپ کے پاس تو اللہ کے فضل سے اس قدر وسائل ہیں کہ آپ برسوں سٹے آرڈر کے پیچھے چھُپ سکتے ہیں ۔
٭نہ آپ کو چوری ڈاکے کا ڈر ہے نہ یہ خوف کہ کہیں کسی گلی چوراہے کی نکر پر کوئی گن پوائنٹ پر آپ کا موبائل اور پیسے چھین لے گا ۔
پلیز آپ نہ گھبرائیں !
٭بھوک ، ننگ ، پریشانیوں ، بیروزگاری ، مہنگائی اور نارسائی سے گھبرانے کیلئے 24کروڑ پاکستانی اور 80لاکھ اوور سیز پاکستانی ابھی زندہ ہیں ، یہ سارے دُکھ ، غم اور مسائل ہمارے لئے ہیں۔ ہمیں بس فکر ہے تو آپ کے گھبرانے کی کیونکہ اگر آپ گھبرا گئے تو اس ساری اپوزیشن پر مقدمات کون کرے گا ، انہیں جیلوں میں کون ڈالے گا انہیں رُلائے گا کون ؟
چنانچہ جناب ِ وزیراعظم آپ گھبرائیں بالکل نہیں لیکن عبدالحمید عدم کا یہ شعر ضرور پڑھ لیں ۔
میرا شیرازہ ہستی نہ بکھر جائے عدم
اس پری زاد کو توفیق ِ نظر ہونے تک

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں