222

خشک سالی اور قحط کے شکار ” چولستان ” میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا ایمرجنسی ریلیف مشن

محمد نواز کھرل :
پاکستان کے صوبہ پنجاب کا صحرائی علاقہ چولستان دنیا کے بڑے ریگستانوں میں شمار ہوتا ہے ۔ وسیع و عریض ریگستانوں پر مشتمل چولستان شروع سے محرومیوں ، افلاس اور غربت کا شکار ہے ۔ چولستان میں دور تک پھیلے ریت کے ٹیلوں پر بسنے والے انسان پانی جیسی بنیادی ضرورت سے بھی محروم ہیں ۔ یہاں پر پانی کا سارا دارومدار بارش پر ہے ۔ بارش ہوتی ہے تو ریت کے ٹیلوں پر بنے ہوئے ٹوبے ( تالاب ) بھر جاتے ہیں جہاں سے انسان اور جانور پانی پیتے ہیں ۔ اس سال گرمی شروع ہوئی تو بارش نہ ہونے کی وجہ سے پورے چولستان میں پانی نایاب ہو گیا اور پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے انسان اور جانور مرنے لگے ۔ اور لاکھوں زندگیاں داو پر لگ گئیں ۔ اس سنگین صورت حال میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کی خصوصی ہدایت پر المصطفیٰ کے رضاکاروں کی ٹیم چولستان پہنچی جو وہاں پر سخت گرمی اور شدید ترین مشکل حالات میں مسلسل دن رات ریلیف مشن میں مصروف ہے ۔۔ المصطفیٰ کے چولستان میں جاری ” ایمرجنسی ریلیف مشن ” کے دوران چولستان سے بہت دور شہروں سے بڑے ٹینکروں میں پانی بھر کر چولستان پہنچایا جا رہا ہے ۔ پانی کے ان ٹینکروں کی مدد سے چولستان کے ٹوبے( تالاب ) بھرے جا رہے ہیں جہاں سے جانور پانی رہے ہیں جبکہ گھروں میں صاف پانی کی بوتلیں وسیع پیمانے پر مسلسل تقسیم کی جا رہی ہیں ۔۔ ٹینکروں سے بھی چولستان کی خواتین کو گھڑے اور ٹینکیاں بھرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ ہنگامی اور جنگی بنیادوں پر ٹینکروں میں پانی چولستان کے مختلف علاقوں میں پہنچانے کے ساتھ ساتھ پانی کے سنگین مسئلہ کے مستقل حل کے لئے وہاں پر سولر واٹر پمپ بھی لگائے جا رہے ہیں ۔ اب تک سینکڑوں سولر واٹر پمپ لگانے کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ مزید ہزاروں سولر واٹر پمپ لگانے کی اشد ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ المصطفیٰ کی طرف سے چولستان کے مختلف ایریاز میں لنگرخانے بھی کھول دیئے گئے ہیں اور تازہ کھانا پکا کر تقسیم کیا جا رہا ہے ۔۔ المصطفیٰ کی مخلص و متحرک ٹیم اب تک چولستان میں ہزاروں خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل راشن کے فوڈ بیگ بھی تقسیم کر چکی ہے ۔ اور یہ سلسلہ تسلسل اور باقاعدگی کے ساتھ جاری ہے ۔ المصطفیٰ کے سینکڑوں رضاکار چولستان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔۔ ان ہنگامی اقدامات کے علاوہ چولستان میں پہلے سے المصطفیٰ کے کئی پراجیکٹ کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ان مستقل نوعیت کے پراجیکٹس میں مساجد کی تعمیر ، سکولز کا قیام ، شجرکاری ، راشن کی تقسیم ، ہینڈ پمپس کی تنصیب ، سولر واٹر پمپس ، اجتماعی قربانی ، فری آئی کیمپس شامل ہیں ۔ چولستان میں جاری پراجیکٹس کے کوآرڈینیٹر کے فرائض ارحم سلیم قادری بحسن و خوبی سرانجام دے رہے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں