176

لندن میں ایمز رائیٹرز فورم نے شاعروں ، ادیبوں اور صحافیوں کی کہکشاں سجا دی

سہیل وڑائچ کی بطور چیف گیسٹ خصوصی شرکت ۔۔۔ چیئرمین ’’المصطفیٰ ‘‘عبدالرزاق ساجد نے صدارت کی ۔۔۔
پاکستان ، انڈیا اور لندن کے 60 اہل قلم کی بھرپور شرکت

رپورٹ : شاہد اقبال کھرل

ایمز رائیٹرز فورم ( یوکے ) کے زیراہتمام مقامی ریسٹورنٹ میں شاندار اور یادگار ” محفل شعر و سخن ” منعقد کی گئی جس میں پاکستان ، انڈیا اور انگلینڈ کے 60 سے زائد اہل قلم شریک ہوئے ۔۔۔۔ نظامت کے فرائض محمد نواز کھرل نے سرانجام دیئے ۔۔۔۔ چیئرمین المصطفیٰ جناب عبدالرزاق ساجد کی زیر صدارت منعقدہ اس محفل شعر و سخن میں پاکستان سے معروف اینکر ، کالم نگار ، پاکستانی میڈیا کے سپر سٹار محترم سہیل وڑائچ نے بطور چیف گیسٹ خصوصی شرکت کی ۔۔۔۔ وطن عزیز پاکستان سے سینئر شاعرہ ، افسانہ نگار ، سفرنامہ نگار ، 18 کتب کی مصنفہ محترمہ نیلما ناہید درانی ، پنجابی کی مقبول ترین شاعرہ محترمہ طاہرا سرا ، پنجابی کے معروف شاعر اور کہانی کار صابر علی صابر جبکہ انڈیا سے محترمہ سمرن عکس اور سنیل سجل مہمانان اعزاز کی حیثیت سے تقریب کا حصہ بنے اور اپنا مہکتا کلام سنا کر والہانہ داد و پذیرائی حاصل کی ۔ لندن سے سینئر ترین شاعر ، کالم نگار ، ” حیات دانش ” اور ” اردو کے سو اسباق ” جیسی خوبصورت کتب کے مصنف جناب عقیل دانش ، ” نیرنگ نظر ” جیسی شاندار کتاب کے مصنف ، معتبر ادبی شخصیت اور قادر الکلام شاعر جناب ایوب اولیاء ، 5 شعری کتب کی خالق محترمہ نجمہ عثمان ، اردو ، پنجابی اور سرائیکی کے ممتاز سخن ور منان قدیر منان ، 7 وقیع کتب کی باکمال مصنفہ ، شاعرہ ، کالم نگار ، مبصر اور مزاح نگار محترمہ فرخندہ رضوی خندہ ، اسلام چینل اردو کے معروف اینکر ، سہیل ضرار خلش ، عظیم ادبی شخصیت جناب سلیم گمی لودھی کی قابل فخر بیٹی ، ” جامعات میں اردو تحقیق ” جیسی ضخیم تحقیقی کتاب کی مصنفہ اور گمی ٹی وی لندن کی روح رواں محترمہ شگفتہ گمی لودھی ، ندا اور بحرخیال جیسی خوبصورت کتب کی خالق محترمہ سیمیں برلاس ، دبئی سے تشریف لائی ہوئی معروف شاعرہ محترمہ نوشی ملک ، پنجابی کے معروف شاعر صفدر سعید اور سید شان کانپوری نے دلوں کو چھو لینے والی پرتاثیر شاعری سنا کر سامعین کی سماعتوں کو معطر کر دیا ۔۔۔ اس لٹریری ایونٹ کے دوسرے اہم شرکاء میں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی ٹرسٹی محترمہ رضوانہ لطیف صاحبہ ، تھرڈ ورلڈ سالڈیریٹی کے سربراہ ، معروف سیاسی و سماجی شخصیت مشتاق لاشاری ، پی آئی اے انگلینڈ کے ہیڈ تیمور ملک ، اردو ٹائمز کے ایڈیٹر طاہر چوہدری ، معروف افسانہ نگار اور کالم نگار ، تین کتب کے مصنف حسنین جمیل ، روزنامہ نوائے وقت کے کالم نگار طاہر جمیل نورانی ، ممتاز سماجی شخصیت افضال کیانی ، ہنسلو جامع مسجد کے ٹرسٹی راجہ جاوید اختر ، سابق ڈپلومیٹ شہزاد لودھی ، مقامی یونیورسٹی سے وابستہ معروف جرنلسٹ گونیلا حسنین ، جیو نیوز کے ودود قریشی ، دنیا نیوز کے شوکت ڈار ، 92 نیوز کے وسیم کاظمی ، معروف بزنس مین منور حیات قریشی ، علی احمد سید ، رائے شاہد اقبال کھرل ، نسیم قریشی ، تنویر ملک ، کونسلر شہباز احمد ، فواد سلطان اور عمران شاکر شامل تھے ۔۔۔ تقریب کے آغاز میں روزنامہ جنگ کے کالم نگار اور ماہنامہ ایمز لندن کے ایڈیٹر وجاہت علی خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں ایسی ہی ادبی تقریبات مانچسٹر اور برمنگھم میں بھی منعقد کی جائیں گی جبکہ اگلے سال لندن میں ” انٹرنیشنل رائیٹرز کانفرنس ” منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے ۔ اس موقع پر سہیل وڑائچ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ایمز رائیٹرز فورم کا قیام خوش آئند ہے ۔ ادبی سرگرمیوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ادیب معاشرے کے لئے قطب نما کا درجہ رکھتے ہیں ۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ ایمز رائیٹرز فورم ادبی روایات کے احیا کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا ۔

محفل شعر و سخن میں پیش کئے گئے کلام سے کچھ انتخاب ۔۔۔
ایوب اولیاء
میں ہوں اولیاء، مسافر کسی اجنبی جہاں کا
جو نہ جانتا ہو منزل نہ ہے واقف زمانہ

عقیل دانش
بچے بد بھی ہوں تو سینے سے لگا لیتی ہے
ماں کے انداز میں انداز خدا ملتا ہے

نیلما ناہید درانی
اداس لوگوں سے پیار کرنا کوئی تو سیکھے
سفید لمحوں میں رنگ بھرنا کوئی تو سیکھے

نجمہ عثمان
راکھ ہو کر شرر رہی ہوں میں
اس طرح معتبر رہی ہوں میں

طاہرا سرا
پہلی گل کہ ساری غلطی میری نئیں
جے کر میری وی اے کی میں تیری نئیں
اوہ کہندا اے پیار تے جنگ وچ جائز اے سب
میں کہندی آں اوں ہوں ہیرا پھیری نئیں

فرخندہ رضوی
یہ ایک بوند ہمیں آبشار لگتی ہے
ہماری تشنگی بے اختیار لگتی یے

منان قدیر منان
یا تے کہہ دے یاری نئیں
یا فر دنیاداری نئیں
میرے اتے رعب نہ پا
میں تیرا درباری نئیں

سہیل ضرار خلش
زندگی سے نہیں گلہ مجھ کو
تو ملا ہے تو سب ملا مجھ کو

سیمیں برلاس
کنارے سے کروں کیا سیر دریا
میں لہروں میں اترنا چاہتی ہوں

صابر علی صابر
تیرے جاون مگروں آوندی پنڈے چوں خشبو
جسراں سخر دوپہرے کنیاں پے کے ہٹیاں ہوون

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں