474

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ اور ہنسلو جامع مسجد کے اشتراک سے یوم آزادی پاکستان کی شاندار تقریب ۔۔۔۔

رپورٹ : نثاراحمد

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ اور ہنسلو جامع مسجد کے باہمی اشتراک سے 14 اگست کے تاریخی دن یوم آذادی پاکستان کی شاندار تقریب صفہ سکول کے خوبصورت لان میں نہایت عمدگی اور خوبصورتی سے منعقد کی گئی ۔ ہر طرف لہراتے پاکستانی پرچموں کے سائے میں منعقد ہونے والی اس رنگارنگ تقریب میں کمیونٹی کے اہم راہنماؤں سمیت خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی ۔ تقریب کے آغاز میں پاکستان کا پرچم لہرا کر پرچم کشائی کی رسم ادا کی گئی ، بعد ازاں شرکاء تقریب نے پاکستان اور برطانیہ کے قومی ترانے پڑھے ، ملی نغمے گائے اور پاکستان کے ساتھ والہانہ محبتوں کا اظہار کیا ۔ ہنسلو جامع مسجد کے امام اور خطیب علامہ جعفر بلال برکاتی کی خوبصورت اور پرتاثیر تلاوت و نعت سے تقریب کا آغاز ہوا ۔۔۔ تقریب سے خطاب کرنے والوں میں چیئرمین المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ عبدالرزاق ساجد ، ہنسلو جامع مسجد کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمد شفیق الرحمن ،المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایم ڈی محترمہ صدف جاوید ، مقصود چوہدری ، افضال کیانی شامل تھے ۔ تقریب کے دوران الاحسان اکیڈمی کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے پیش کئے ۔ تقریب کی کمپیئرنگ محمد نواز کھرل نے کی ۔ آخر میں پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا ۔ تقریب میں جن شخصیات نے شرکت کی ان میں کونسلر سمیعہ چوہدری ، کونسلر حنا میر ، مدینہ اسلامک سنٹر کے چیئرمین خواجہ محمود ، ہنسلو جامع مسجد کے چیئرمین راجہ غضنفر علی ، پی آئی اے کے کنٹری ہیڈ تیمور ملک ، ہنسلو جامع مسجد کے وائس چیئرمین چوہدری عجائب ، ماہنامہ ایمز کے ایڈیٹر وجاہت علی خان ،المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر نثار احمد کے علاوہ میڈیا کے نمائندے ودود مشتاق ، غلام حسین اعوان ، شوکت ڈار ، وسیم کاظمی شامل تھے ۔ اس موقع پر کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل سٹال اور مہندی کے ٹیبل بھی سجائے گئے تھے اور بچوں کے لئے کھیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ تقریب کے شرکاء کی اکثریت نے پاکستان کے قومی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے سفید اور سبز رنگ کے کپڑے زیب تن کر رکھے تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ لسانی ، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات سے بالاتر ہو کر پاکستانیت کی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان ہماری ماں دھرتی ہے ۔ پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لئے اوورسیز پاکستانی اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے ۔ ہنسلو جامع مسجد کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمد شفیق الرحمن نے کہا کہ خوددار ، خودمختار اور خوشحال پاکستان کا خواب جلد پورا ہو گا ۔ تحریک پاکستان کے راہنماوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں