222

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام پاکستان میں فری آئی کیمپوں کی ملک گیر مہم جاری ۔۔۔۔

اکتوبر تا دسمبر جاری رہنے والی تازہ مہم کے دوران 40 فری آئی کیمپوں میں ہزاروں افراد کے آنکھوں کے مفت آپریشن کئے جائیں گے
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا ” روشنی سب کے لئے ” کے سلوگن کے تحت بجھی آنکھوں کی روشنی بحال کرنے کا عالمگیر مشن کئی برس سے 22 ممالک میں کامیابی اور تسلسل کے ساتھ رواں دواں ہے ۔ اسی فلاحی مشن کے تسلسل میں پاکستان میں المصطفے کے زیراہتمام فری آئی کیمپوں کی ملک کی سب سے بڑی اور سب سے منظم و موثر مہم ان دنوں جاری ہے ۔ 24 ستمبر سے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران 17 دسمبر تک چاروں صوبوں اور آذاد کشمیر کے مختلف شہروں میں 40 فری آئی کیمپ لگائے جائیں گے ۔۔۔ اس مقصد کے لئے ڈاکٹرز اور ماہرین امراض چشم پر مشتمل دو ٹیمیں مسلسل تین ماہ سفر میں رہیں گی ۔ فری آئی کیمپوں کی اس مہم کے آغاز سے اب تک 15 کیمپ لگائے جا چکے ہیں ۔


پہلا کیمپ 3 اکتوبر کو ضلع سیالکوٹ کے شہر ڈسکہ میں لگایا گیا ، جس میں 720 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا ، 280 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے اور 54 افراد کے سفید موتیا کے مفت آپریشن کئے گئے ۔
دوسرا کیمپ 3 اکتوبر کو ضلع جہلم کے شہر سرائے عالمگیر کے نواحی قصبہ بھاگوشاہ پور میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ کے دوران 382 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا ، 150 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے جبکہ 35 افراد کی آنکھوں کے مفت آپریشن مکمل کئے گئے ۔
تیسرا فری آئی کیمپ 5 اکتوبر کے دن آذاد کشمیر کے قصبہ برنالہ ( بھمبر ) میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ میں 371 افراد کی آنکھوں کے مفت معائنہ جات کئے گئے ، 195 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے اور 46 سفید موتیا کے مفت آپریشن کر کے بینائی سے محروم افراد کی بجھی آنکھیں روشن کی گئیں ۔
چوتھا فری آئی کیمپ 6 اکتوبر کو آزاد کشمیر کے قصبہ سماہنی میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ میں 419 آنکھوں کا چیک اپ کیا گیا ، 210 عینکیں بانٹی گئیں اور 36 افراد کے سفید موتیا کے فری آپریشن کئے گئے ۔
پانچواں دو روزہ فری آئی کیمپ 8 اور 9 اکتوبر کے ایام میں جہلم کے نواحی گاوں میرا میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ میں 805 انسانوں کی آنکھوں کا مفت معائنہ کیا گیا ۔ 310 ضرورت مند افراد کو نظر کے چشمے پیش کئے گئے جبکہ 91 خواتین و حضرات کی آنکھوں کے آپریشن کئے گئے ۔ اس کیمپ میں برطانیہ سے معروف سماجی شخصیت چوہدری شاہد اختر نے خصوصی شرکت کی اور المصطفے کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا ۔ کیمپ کا دورہ کرنے والے تحریک انصاف شمالی پنجاب کے نائب صدر اور امیدوار قومی اسمبلی چوہدری زاہد نے اس موقع پر کہا کہ المصطفے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔
چھٹا دو روزہ فری آئی کیمپ 11 اور 12 اکتوبر کو گجرات کے قصبہ بزرگوال میں لگایا گیا ۔ اس کامیاب کیمپ کے دوران صبح سے شام تک 1278 افراد کی آنکھوں کا جدید مشینوں پر کمپیوٹرائزڈ معائنہ کیا گیا ۔ 453 بندگان خدا میں نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے جبکہ 118 افراد کے مفت اور معیاری آپریشن کئے گئے ۔ اس شاندار کیمپ میں برطانیہ کے شہر چشم سے تعلق رکھنے والی معروف فلاحی شخصیت حاجی عبدالرشید اور ان کے خاندان کے افراد کے علاوہ جنرل ( ر ) زاہد اکبر اور سید زاہد شاہ ( یوکے ) نے خصوصی شرکت کی ۔ معزز مہمانوں نے المصطفے کی متحرک و مخلص ٹیم کی حسن کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ المصطفے آنکھوں کے سب سے زیادہ مفت آپریشن کرنے والی دنیا کی چند بڑی عالمی تنظیموں میں نمایاں ہے ۔
ساتواں فری آئی کیمپ 13 اکتوبر کو گوجر خان کے قریبی گاؤں ہرنال میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ کے دوران 280 افراد کی آنکھوں کا جدید مشینوں پر مفت معائنہ کیا گیا ۔ 76 افراد کو نظر کے چشمے دیئے گئے اور 15 افراد کے آنکھوں کے مفت آپریشن کئے گئے ۔ اس کیمپ میں برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے معروف بزنس مین چوہدری غفور اور ان کے صاحبزادے چوہدری بلال غفور نے چیف گیسٹ کی حیثیت سے شرکت کی اور بصارت کے عالمی دن کی مناسبت سے ہونے والی واک میں بھی شرکت کی ۔ چوہدری غفور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ المصطفے اندھے پن کے خاتمے کے لئے شاندار خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔
آٹھواں دو روزہ فری آئی کیمپ 15 اور 16 اکتوبر کو سرائے عالمگیر میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ میں 439 افراد کی آنکھوں کا مفت کمپیوٹرائزڈ معائنہ کیا گیا ۔ 195 عینکیں تقسیم کی گئیں اور 76 افراد کے سفید موتیا کے مفت آپریشن کئے گئے ۔ کیمپ کا افتتاح امیدوار صوبائی اسمبلی راجہ اسلم نے کیا جبکہ اس کیمپ کے انتظامات کے لئے دی پنجاب سکول کے پرنسپل راجہ جاوید نے اہم کردار ادا کیا ۔
9 واں فری آئی کیمپ 18 اکتوبر کو خیبرپختونخواہ کے شہر ٹوپی( صوابی ) میں لگایا گیا ۔ اس ایک روزہ کیمپ کے دوران 388 آنکھوں کے معائنہ جات کئے گئے ۔ 180 نظر کے چشمے تقسیم کئے گئے اور 24 افراد کی آنکھوں کے مفت آپریشن کر کے دعائیں سمیٹی گئیں ۔
10 واں کیمپ 20 اکتوبر کو خیبرپختونخواہ کے شہر ہری پور کے نواحی گاوں ٹہلالہ میں لگایا گیا ۔ اس کیمپ کے دوران 515 افراد کی آنکھوں کا معیاری اور تسلی بخش معائنہ کیا گیا ۔ 238 نظر کے چشمے تقسیم ہوئے اور 38 آنکھوں کے مفت آپریشن کر کے ان کی بینائی بحال کی گئی ۔
17 دسمبر تک مسلسل جاری رہنے والی اس مہم کے دوران جن علاقوں میں کیمپ لگائے جائیں گے ان میں مانسہرہ ( خیبرپختونخواہ ) ۔۔۔ راجے کی ( گجرات ) ۔۔۔۔ ٹانڈہ ( گجرات ) ۔۔۔ تھاتھی( گوجر خان ) ۔۔۔ سلطانیہ ہسپتال کوٹلی( آزاد کشمیر ) ۔۔۔ گوجرانوالہ ۔۔۔ ڈڈیال( آذاد کشمیر ) ۔۔۔ سرائے عالمگیر ۔۔۔ سوڈی گجر ( پنڈدادنخاں ) ۔۔۔ لالہ موسی ۔۔۔ سلانوالی( سرگودھا ) ۔۔۔ سیالکوٹ ۔۔۔ ننکانہ صاحب ۔۔۔ کامونکی ۔۔۔ کمالیہ ۔۔۔ تلمبہ ( میاں چنوں ) ۔۔۔ جہانیاں ۔۔۔ فیصل آباد ۔۔۔ ماموں کانجن ۔۔۔ چیچہ وطنی ۔۔۔ بورے والا ۔۔۔ مظفرگڑھ ۔۔۔ شجاع آباد ۔۔۔ فورٹ عباس ۔۔۔ منچن آباد ۔۔۔ بجوات( سیالکوٹ ) ۔۔۔ راولپنڈی ۔۔ شامل ہیں ۔۔۔ المصطفے کے ہر فری آئی کیمپ میں سفید موتیا کے آپریشن سے پہلے ہر مریض کا بلڈ پریشر ، شوگر ، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے مفت ٹیسٹ بھی کئے جاتے ہیں ۔ پاکستان میں فری آئی کیمپوں کی اگلی مہم فروری میں پھر سے شروع ہو گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں