348

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں امجد اسلام امجد اور ضیاء محی الدین میموریل ریفرنس کا انعقاد

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقدہ میموریل ریفرنس میں اردو کے معروف شاعر امجد اسلام امجد اور لیجنڈری اداکار ضیاء محی الدین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام اردو مرکز لندن اور پاکستانی سفارتخانہ نے مشترکہ طور پر کیا ۔ امجد اسلام امجد اور ضیاء محی الدین دونوں رواں ماہ کے اوائل میں انتقال کر گئے تھے۔
میموریل ریفرنس سے خطاب میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے امجد اسلام امجد اور ضیا محی الدین کو ادبی اور ثقافتی آئیکون قرار دیا جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستانی ثقافت اور زبان کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کی ان کی میراث کو آگے بڑھانا ان دونوں شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کے انتقال سے فن اور ادب کی دنیا میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے جو ہمیشہ رہے گا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نے پاکستانی ثقافت اور زبان کو سمندر پار پاکستانی نوجوانوں تک منتقل کرنے کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو اردو زبان سیکھنے پر زور دیا تاکہ وہ اپنی ثقافتی شناخت بنا سکیں اور اسے برقرار رکھ سکیں۔ ہائی کمشنر نے برطانیہ میں اردو زبان کے فروغ کے لیے ڈاکٹر جاوید شیخ کی خدمات کو بھی سراہا۔
مقررین نے دونوں شخصیات کو اپنے اپنے شعبوں میں غیر معمولی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ادبی اور ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ان کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ سامعین نے امجد اسلام امجد اور ضیاء محی الدین کے ساتھ اپنی وابستگی کی دلکش یادیں بھی تازہ کیں کیونکہ دونوں برطانیہ میں باقاعدگی سے آتے رہتےتھے۔ میموریل ریفرنس سےچیئرمین اردو مرکز لندن ڈاکٹر جاوید شیخ، ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز احمد،شاعر ایوب اولیا، لندن اردو وائس کے یوسف ابراہیم، براڈکاسٹر ڈاکٹر قیصر زیدی،عابد علی بیگ، شاعرسہیل ضرار، شاعر یشب تمنا اور ساجد خان نے بھی خطاب کیا۔ دردانہ انصاری نے تقریب کی نظامت کی اور امجد اسلام امجد کا کلام اپنی سریلی آواز میں پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
یادگاری ریفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی برٹش پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں