103

“المصطفیٰ ” پاکستان و آزاد کشمیر میں مثالی خدمات انجام دے رہا ہے۔ سردار مسعود خان

ہم آنکھوں کے 1,73,000 مفت آپریشن کر چکے ہیں۔ چیئرمین “المصطفیٰ ”

“المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ امریکہ” کی طرف سے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں تقریب سے مقررین کا خطاب

تجمل لطیف گرمانی
المصطفیٰ امریکہ کے زیر اہتمام المصطفیٰ کے چئیرمین عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں استقبالیہ تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان تھے۔ تقریب میں انگلینڈ سے آنے والے مہمانوں میں المصطفیٰ کی چیف ایگزیکٹو رضوانہ لطیف، ایم ڈی صدف جاوید، عروہ فاطمہ، ایمان جاوید بھی شامل تھیں۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور افریقہ سے تعلق رکھنے والے مہمان بھی اس بامقصد تقریب میں شریک ہوئے ۔
تقریب کے اہم شرکاء میں المصطفیٰ امریکہ کے ڈائریکٹر محمد عثمان خان نوری، منیر گیلانی ، معین گیلانی، سیف گیلانی، عمر گیلانی،سابق سینیٹر ڈاکٹر اکبر خواجہ، سنئیر صحافی کوثر جاوید، جنید بشیر ، ملک اسد، ملک اعجاز، مسلم خزانچی، ناصر خٹک ،شیرف جمیل حیات نیازی کے اہلخانہ، سید علی ہاشمی مجتبی، میاں الیاس داتا سنٹر،میاں یعقوب، اقبال خان راوی ریسٹورنٹ، صحافی میاں شکیل، ٹیکس کنسلٹنٹ رائو عظیم، کے ایچ فائونڈیشن کے ثاقب رحیم، ذوالفقار حفیظ، میاں سجاد نغمی، نور رحمت ٹرسٹ کے ملک بشیر ، جنید بشیر ، ڈاکٹر قدیر سہروردی ،اصغر شنواری ریسٹورنٹ ،عمیر مرزا، سمیت دیگر شامل تھے۔
المصطفیٰ کے چئیرمین عبدالرزاق ساجد نے خطاب میں کہا کہ المصطفیٰ کے آئی کیمپوں اور المصطفیٰ آئی ہسپتال لاہور میں پرچی سے آپریشن تک آنکھوں کے مفت آپریشن کئے جاتے ہیں، المصطفیٰ سب سے پہلے برما میں روہنگیا مسلمانوں کی امداد کرنے پہنچی، بیت المقدس میں قران کلاسیں جاری ہیں، یتیم بچوں کی کفالت ، قران مجید حفظ کرنے کے لئے حفظ سپانسر شپ ، غریب ، یتیم بچوں اور بیواوں کے گھروں میں راشن وائوچر دئیے جاتے ہیں، المصطفیٰ آنکھوں کے ایک لاکھ 73ہزار مفت آپریشن کرچکی ہے ، المصطفیٰ کے سپانسر شپ سے ہزاروں بچے قران حفظ کررہے ہیں المصطفیٰ دنیا کے 22ملکوں میں کام کررہی ہے ۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے کہا کہ المصطفیٰ پاکستان اور کشمیر میں آنکھوں کا مثالی علاج کررہی ہیں ، جب میں آزاد کشمیر میں صدر تھا تو المصطفیٰ کے آئی کیمپوں میں خود جانے کا موقع ملا، المصطفیٰ پورے پاکستان میں راشن تقسیم کررہی ہے، زلزلہ، سیلاب اور قدرتی آفات میں المصطفیٰ بے لوث فلاحی کام کررہی ہے، المصطفیٰ کی تقریب میں شریک بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے، یہاں انڈیا اور بنگلہ دیش کے لوگ بھی موجود ہیں، ہم نیک کاموں کے لئے متحد ہیں، ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ہم سب پاکستانی ہیں، ہمارا وجود پاکستان کی وجہ سے ہے، ہمیں آگے بڑھنا ہے، پاکستان امریکہ تعلقات مضبوط کرنے ہیں، امریکہ ہمارا گھر اور پاکستان ہمارا مادر ملک ہے، امریکی پاکستانی کمیونٹی پاکستان میں بہت سرمایہ کاری کررہی ہے، ہم نے پاکستان کی مدد کرنی ہے، ہم ملک سے باہر سب ایک ہیں، المصطفیٰ کی تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی ہوئی ہے،


المصطفی امریکہ کے ڈائریکٹر ، سابق ممبر نیشنل اسمبلی پاکستان اور سابق مرکزی صدر انجمن طلباء اسلام محمد عثمان نوری نے کہا کہ المصطفی کانام نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے نام پر رکھا گیا ہے، ہم 22ملکوں میں خدمت انسانیت کا کام کررہے ہیں، امریکہ میں چار برس سے کام کررہے ہیں، امریکہ میں المصطفیٰ بے گھر افراد کے لئے کام کرنا چاہتی ہے، پاکستانی کمیونٹی کو بڑھ چڑھ کر المصطفی سے تعاون کرنے کی ضرورت ہے،
تقریب کے دوران صدف جاوید نے بریفنگ بھی دی جس میں دنیا بھر میں جاری فلاحی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی گئی، تقریب کے آخر میں سید منیر گیلانی نے تمام حاضرین کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں