180

کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں چیئرمین المصطفیٰ عبدالرزاق ساجد کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ تقریب

عمران شاکر
المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا ہے کہ المصطفیٰ آنکھوں کا علاج کرنے والی بین الاقوامی مسلم چیریٹی بن گئی، المصطفیٰ کا نیٹ ورک چار براعظموں تک پھیل چکا ہے جن میں یورپ، شمالی امریکہ، افریقہ اور ایشیا شامل ہیں، دنیا بھرمیں لاکھوں افراد کی آنکھوں کا علاج جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المصطفیٰ کینیڈا کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں ہونے والی پروقار عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کینیڈا کے شہر مسی ساگا کے مقامی ہال میں ہونے والی شاندار تقریب میں مئیر پیٹرک برائون، ، ممبران پارلیمنٹ اقرا خالد، رچی ولڈیز، شیرف سباوے، المصطفیٰ یوایس اے کے ڈائریکٹر محمد عثمان خان نوری، مسجد ریاض الجنة کے چیئرمین مسعود بھائی، المصطفیٰ کینیڈا کے ڈائریکٹر احتشام، امتیاز حسین کھرل سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع المصطفیٰ کی چیف ایگزیکٹو رضوانہ لطیف، محمد معصب، فروہ فاطمہ اروی فاطمہ، ڈاکٹر خالد انصاری سمیت کینیڈا میں مقیم پاکستانی اور مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران اورہ فاطمہ نے دنیا بھر میں جاری فلاحی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی۔المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ المصطفیٰ کینیڈا کی رجسٹریشن ہونے کے بعد ٹورنٹو میں دفتر کھول لیا ہے،جس سے ہمارے بین الاقوامی فلاحی مشن کو فروغ ملے گا اور دنیا بھر میں آنکھوں کی روشنی پھیلانے کا مشن تیز تر ہو گا ، المصطفیٰ کی طرف سے دنیا بھر میں آنکھوں کے مریضوں کا مفت علاج جاری ہے، اب تک آنکھوں کے ایک لاکھ 75ہزار فری آپریشن مکمل ہوچکے ہیں،لاکھوں مریضوں کو آنکھوں کے چشمے، ادویات، میڈیکل ٹیسٹ سمیت علاج معالجہ فراہم کررہے ہیں،المصطفیٰ ہمارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ کے نام مبارک پر قائم ہونے والی تنظیم ہے، المصطفیٰ دنیا بھر میں محبت، نیکی، انسانی فلاح و بہبودکا پیغام پہنچا رہی ہے، دنیا بھر میں غربت، جہالت، بیماریوں کا خاتمہ کر کے ہر انسان کے لئے علاج ، تعلیم،خوراک، پینے کا صاف پانی اور بنیادی ضروریات فراہم کرنے میں مصروف ہیں، المصطفیٰ رنگ، نسل، مذہب، علاقائی تفریق کے بغیر انسانی خدمت پر یقین رکھتی ہے، المصطفیٰ کینیڈا کے تعاون سے ایمرجنسی، غذائی تحفظ،، صحت عامہ، پینے کے صاف پانی ، یتیم بچوں کی کفالت ، غریب بچوں کی تعلیم کے منصوبے جاری ہیں۔کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کو المصطفیٰ سے مالی تعاون کرنا چاہئے، پاکستانی کمیونٹی اپنے آبائی علاقوں میں آنکھوں کے فری آئی کیمپ، سکول، ہسپتال قائم کرنے کے لئے المصطفیٰ کے ساتھ دل کھول کر مالی تعاون کرے،المصطفیٰ یو ایس کے ڈائریکٹر عثمان خان نوری نے کہا کہ المصطفیٰ 40 برس قبل کراچی میں سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے قائم کی ، المصطفیٰ پاکستان، امریکہ، یوکے اور کینیڈا میں رجسٹرڈ چیرٹی ہے، المصطفیٰ کے فلاحی کاموں کا نیٹ ورک 22ملکوں تک وسیع ہوچکا ہے، امریکہ میں نیویارک، میری لینڈ، ورجینیا، نیوجرسی سمیت دیگر ریاستوں میں المصطفیٰ کام کررہی ہے، نیو یارک میں امریکہ کا ہیڈ آفس قائم کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ماہ چیئرمین عبدالرزاق ساجد کے دورہ امریکہ کے موقع پر واشنگٹن میں بھی دفتر کھول دیا گیا ہے۔ امریکہ اور کینیڈا میں پاکستانی ڈاکٹروں سمیت دیگر طبقوں کو المصطفیٰ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے تاکہ پاکستان میں غربت کے اندھیرے ختم ہوجائیں۔ تقریب کے دوران ممبر پارلیمنٹ شیرف سباوے نے المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد کو المصطفیٰ کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ پیش کیا، انھوں نے کہا کہ المصطفیٰ کے پراجیکٹ دیکھنے کے لئے المصطفٰی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کروں گا، ، ریاض الجنہة مسجد کے چیئرمین مسعود بھائی نے کہا کہ ان کی کینیڈا میں قائم 36مساجد کے پلیٹ فارم سے المصطفیٰ کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا ۔ کینیڈا کے معروف صحافی نثار کلوں نے کہا کہ گزشتہ سال المصطفیٰ نے میرے آبائی علاقے نارووال میں آئی کیمپ لگایا اسی وجہ سے المصطفیٰ کے کام سے متاثر ہو کر المصطفیٰ کی حمایت کررہا ہوں اور ہمیشہ خدمت جاری رکھوں گا، معروف کمیونٹی لیڈر ڈاکٹر ارشد محمود نے المصطفیٰ کے آنکھوں کے ہسپتال، سکول اور آرفن ایج ہوم کے قیام کے لئے قصور میں زمین وقف کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان منصوبوں کے قیام سے لے کر انھیں کامیاب بنانے تک تعاون کروں گا۔ المصطفیٰ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے دس روزہ کینیڈا کے دورہ کے موقع پر ٹورنٹو، مسی ساگا سمیت دیگر شہروں کا دورہ کر کے وہاں پاکستانی اور کینڈین کمیونٹی کی سرکردہ سرکاری، سماجی، سیاسی اور فلاحی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں