70

سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان اور معروف فلاحی و ادبی شخصیت توقیر احمد شریفی کا المصطفیٰ آئی ہسپتال کا دورہ

یوم آزادی پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب
محمد نواز کھرل

سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پھیلی مایوسی کے اندھیروں میں المصطفی جیسا فلاحی ادارہ امید کا چراغ ہے ۔۔۔
ملک میں برین ڈرین ہو رہا ہے، پڑھے لکھے نوجوان ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، آئی ایم ایف ، عالمی بنک سمیت دیگر بین الاقوامی ادارے ہمارے پڑھے لکھے افراد کو ملازمتیں دے کر ان کی برین واشنگ کرتے ہیں اور پھر انھیں اعلی عہدے دے کر پاکستان پر مسلط کردیتے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے المصطفی آئی ہسپتال مزنگ روڈ لاہور میں یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں معروف ادیب ، شاعر اور فلاحی شخصیت توقیر احمد شریفی نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی ۔ قاری محمد علی قادری کی تلاوت قرآن مجید اور محمد اکبر چوہدری کی نعت رسول مقبول سے شروع ہونے والی تقریب کے مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر ناصر چوہدری ، شوکت ناز ، پروفیسر گل احمد ، شہزاد روشن گیلانی ، آغر ندیم سحر اور دیوان عظمت محمود ( پاکپتن شریف ) شامل تھے ۔ جسٹس محمد قاسم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے ۔ ہم نے پاکستان جیسے عطیہ خداوندی کی قدر نہیں کی ۔ انھوں نے کہا کہ المصطفی آئی ہسپتال بے سہارا اور بے وسیلہ انسانوں کے لئے پناہ گاہ بن چکا ہے ۔ دنیا بھر میں لاکھوں بندگان خدا المصطفی کے فلاحی منصوبوں سے فیض یاب ہو رہے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کئی کتابوں کے خالق اور مختلف فلاحی اداروں کی معاونت کرنے والی معروف فلاحی شخصیت جناب توقیر احمد شریفی نے کہا کہ لسانی ، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو چھوڑ کر پاکستانیت کی سوچ کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنائے بغیر قیام پاکستان کے مقاصد پورے نہیں ہو سکتے ۔ خدمت میں عظمت کا راز پوشیدہ ہے ۔ المصطفی آئی ہسپتال نے دس ہزار بجھی آنکھوں کی روشنی بحال کر کے قابل تقلید مثال قائم کی ہے ۔ المصطفی آئی ہسپتال کو مالی وسائل کی فراہمی ہم سب پر فرض ہے ۔ تقریب کے آخر میں یوم آذادی کے سلسلہ میں کیک بھی کاٹا گیا ۔ اور شرکاء تقریب نے مل کر قومی ترانہ پڑھا ۔ اختتامی دعا معروف روحانی شخصیت پیر سید تنویر حسین شاہ بخاری نے کروائی ۔ تقریب کے شرکاء میں شیراز احمد خان ، محترمہ نبیلہ اکبر ، محترمہ غلام زہرا ، عطاءالرحمن فاروقی ، آصف بلال ، احسان علی گورائیہ شامل تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں