145

‘‘المصطفیٰ ’’نے غزہ متاثرین کے لئے ہسپتال بنانے کا اعلان کردیا

امریکہ میں ہزاروں کے اجتماعات، لاکھوں ڈالر عطیات
ریڈ کریسنٹ مصر کے اشتراک سے غزہ اور ویسٹ بنک میں ہسپتال تعمیر ہوگے
ہسپتالوں میں سرجیکل، انتہائی نگہداشت وارڈ،آلات، ادویات کی سہولیات مہیا کی جائیں گی
شیخ مشاری العفاسی کی امریکہ میں ہونے والی تقریب میں خصوصی شرکت
پورا ہال فری فری فلسطین اور غزہ متاثرین کی حمایت میں نعروں سے گونجتا رہا
غزہ میں ساڑھے تین لاکھ متاثرین کی مدد، 38ہزار راشن ، 20ہزار افراد کو صاف پانی دیا
غزہ جنگ میں 47ہزار زخمی اور بیمار افراد کو علاج کی سہولیات مہیا کی گئیں
‘‘المصطفیٰ ’’نے غزہ جنگ کے دوران امدادی کام تیز کردئیے،عبدالرزاق ساجد

تجمل گرمانی
بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامی سکالر، قاری اور کویت کے خطیب شیخ مشاری الراشد العفاسی نے المصطفی امریکہ کی دعوت پر دو ہفتوں پر مشتمل تفصیلی دورہ کیا اور غزہ کے امدادی پروگراموں میں شرکت کی، انھوں نے امریکہ کی مختلف ریاستوں نیو یارک، نیو جرسی، میری لینڈ ، ورجینیا سمیت دیگر ریاستوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ شیخ عفاسی کے یادگار دورہ کے دوران چئیرمین المصطفی عبدالرزاق ساجد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ غزہ کی امداد کے لئے امریکہ میں ہونے والے اجتماعات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ لاکھوں ڈالر عطیات جمع کئے گئے، بالٹی مور میں ہونے والے پروگرام کے آخر میں ایک غیر مسلم نے اسلام قبول کرنے کا شرف حاصل کیا اور شیخ عفاسی سے خصوصی ملاقات بھی کی۔ عبدالرزاق ساجد نے عید الضحی کا تہوار بھی غزہ کے امدادی پروگراموں کے دوران امریکہ میں منایا گیا۔امریکہ میں پہلا پروگرام رٹزتھیٹر نیو جرسی میں ہوا جس کا مقصد فلسطین کے مسلمانوں کے لئے بڑی فنڈ ریزنگ تھا جس کے دوران المصطفی کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے فلسطینی مسلمانوں کے علاج معالجہ کے لئے ویسٹ بنک میں ہسپتال تعمیر کرنے کے تاریخی منصوبے کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ المصطفی اس سے قبل الہاشمی ٹرسٹ اردرن کے ساتھ پانچ مختلف ہسپتالوں میں تعاون کررہی ہے جن میں فیلڈ ہسپتال تل الھوی،نابلس، خان یونس، ویسٹ بنک میں اردن سرجیکل سٹیشن رام اللہ اور اردن سرجیکل سٹیشن جنین شامل ہیں۔۔ ریڈ کریسنٹ مصر کے تعاون سے فیلڈ ہسپتال تل الھوی،نابلس، خان یونس، ویسٹ بنک میں اردن سرجیکل سٹیشن رام اللہ اور اردن سرجیکل سٹیشن جنین میں تعمیر کئے جائیں گے۔ 500مریضوں کے ہسپتال پر لاگت کا تخمینہ 12لاکھ ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔ فنڈ ریزنگ تقریب کی صدارت چیئرمین المصطفی عبدالرزاق ساجد جبکہ مہمان خصوصی بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامی سکالر، قاری اور کویت کے خطیب شیخ مشاری الراشد العفاسی تھے، تقریب میں ڈائریکٹر المصطفیٰ امریکہ عثمان خان نوری،نیویارک کے معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر شہباز احمد چشتی،احمد فراز،توقیر خان، محمد مصعب،فروہ فاطمہ، ظہیرہ گھاس والا، ڈاکٹر انعام الحق،انجنیئر انوارالحق سمیت امریکہ،کینیڈا،عرب، افریقہ، انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش،ازبکستان اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلمان کمیونٹی کے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور المصطفی کو دل کھول کر مالی عطیات دئیے ۔اس موقع پر شیخ مشاری کی قران مجید کی قرات اور نشید سننے کے لئے ہال خواتین ، بچوں سمیت ہر عمر کے افراد سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔شیخ مشاری نے قرات کا آغاز کیا تو ہال میں مکمل خاموشی چھا گئی جبکہ نشید کے دوران پورا ہال تکبر اللہ اکبر کے نعروں سے گونجتا رہا۔تقریب میں شرکت کا وقت سہ پہر چار بجے طے تھا لیکن دوردراز سے حاضرین جوق درجوق شرکت کے لئے گیٹ کھلنے سے پہلے ہی پہنچنا شروع ہوگئے اور ہال میں داخلے کے لئے لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں،گاڑیوں کے رش کی وجہ سے رٹز تھیٹر کے باہر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا تاہم پولیس کی مدد سے ٹریفک کا نظام بحال ہوگیا۔ تقریب کی کارروائی چار گھنٹے تک جاری رہی۔چیئرمین عبدالرزاق ساجد نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ المصطفی غزہ متاثرین کی امداد کے لئے نو ماہ سے سرگرم عمل ہے، غزہ جنگ میں ہزاروں مسلمان شہید ہو چکے ہیں جن میں نصف تعداد معصوم اور نوزائیدہ بچوں کی شامل ہے جبکہ لاکھوں زخمی اور بے گھر افراد ہماری امداد کے منتظر ہیں۔متاثرہ خاندان گھروں کے ملبے کے نیچے بے بسئ کی زندگی گزاررہے ہیں ،غزہ کے متاثرین بھوک، پیاس،بیماریوں کے دوران علاج کے بغیر مررہے ہیں، گھر، ہسپتال، سکولوں کی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں، غزہ کی جنگ انسانی تاریخ کا بدترین المیہ ہے۔ عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ المصطفیٰ فلسطین میں گزشتہ دس برسوں سے فیلڈ میں موجود ہے، المصطفی نے غزہ جنگ کے دوران امدادی کام تیز کردئیے ہیں،المصطفیٰ ریڈ کریسنٹ مصر، ریڈ کریسنٹ فلسطین، اردن کے شاہی خاندان کی چیریٹی الہاشمی ٹرسٹ اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے، المصطفیٰ اور ریڈ کریسنٹ مصر کی جانب سے ہسپتالوں میں سرجیکل یونٹ، انتہائی نگہداشت یونٹ، سرجری کے آلات، ادویات سمیت دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ خان یونس ہسپتال میں 500مریضوں کے علاج کی گنجائش ہوگی جس پر 12لاکھ ڈالر سے زائد لاگت آئے گی۔ چیئرمین المصطفی عبدالرزاق ساجد کے ہمراہ اہم ڈونرز بھی ریڈ کریسنٹ مصر سے غزہ کی جانب امدادی سامان کی روانگی کے وقت موجود ہو گے۔المصطفی کا فلاحی نیٹ ورک امریکہ سے لے کر 22ملکوں میں کام کررہا ہے،المصطفی کے زیر اہتمام امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کے سلسلہ میں لیرک تھیٹر میں دوسری بڑی فنڈ ریزنگ تقریب ہوئی جس میں ہزاروں امریکی مسلمان اپنے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہوئے، تقریب میں عالم اسلام کے معروف سکالر، قاری اور کویت کے خطیب شیخ مشاری الراشد العفاسی نے خصو صی طور پر شرکت اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ شیخ مشاری ہال میں داخل ہوئے تو حاضرین اپنی نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور ان کا شاندار استقبال کیا۔انھوں نے تلاوت قران مجید کا آغاز کیا تو پورے ہال میں حاضرین نے نہایت ادب سے ان کی تلاوت کو سماعت کیا۔تقریب کے دوسرے مرحلے میں انھوں نے نشید پیش کی اور بھرپور داد وصول کی۔اس موقع پر پورا ہال فری فری فلسطین اور غزہ متاثرین کی حمایت میں بھرپور نعروں سے گونج رہا تھا۔المصطفی کے چئیرمین عبدالرزاق ساجد نے کہا کہ المصطفی ریلیف ایڈ امریکہ میں رجسٹرڈ چیرٹی ہے، المصطفی کو امریکہ میں شاندار پذیرائی پر مسلمان کمیونٹی کے شکرگزار ہیں، المصطفی رنگ، نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، انھوں نے کہا کہ المصطفی دنیا بھر میں فلاحی انسانیت کے منصوبوں کےلئے کام کررہی ہے، المصطفی کا نیٹ ورک ایشیا، افریقہ، یورپ، امریکہ تک پھیل گیا ہے۔ المصطفی نے غزہ جنگ کے بعد فلسطین میں ایمرجنسی ریلیف کے کام تیز کردئیے ہیں، المصطفی غزہ میں آپ کے دئیے ہوئے عطیات سے اب تک ساڑھے تین لاکھ متاثرین کی مدد کرچکی ہے، 38ہزار خاندانوں کو راشن دیا گیا، 20ہزار افراد کو پینے کا صاف پانی، 47ہزار زخمی اور بیمار افراد کو علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کی گئیں، المصطفی ریڈ کریسنٹ مصر کے تعاون سے فلسطین میں چھ فیلڈ ہسپتالوں تعمیر کررہی ہے۔ جہاں 500 سے زائد بستروں، جدید طبی آلات اور ادویات کا بندوبست ہو گا۔انھوں نے کہا کہ فلسطین میں بدترین بمباری کی وجہ سے 20لاکھ مسلمان بری طرح متاثر ہوئے ہیں، غزہ میں جنگ کی وجہ سے ہر روز دس بچے اعضا سے محروم اور ان اپاہج بچوں کا کوئی پرسان حال نہیں، انھوں نے اپیل کرتےہوئے کہا کہ ریڈ کریسنٹ مصر کے تعاون سے خان یونس میں فیلڈ ہسپتال کے لئے مالی عطیات کی فوری ضرورت ہےتاکہ ہسپتال کی تعمیر اور طبی الات کی فراہمی کویقینی بنایا جا سکے، فلسطین میں فیلڈ ہسپتال مکمل ہونے کے بعد ہزاروں انسانی جانوں کو بچانا ممکن ہوگا لہذا مسلمان کمیونٹی دل کھول کر مالی عطیات دے۔ المصطفی کی دعوت پر امریکہ کا دورہ کرنے والے شیخ مشاری نے فنڈ ریزنگ تقریبات میں شرکت کے علاوہ نیو یارک، نیو جرسی، میری لینڈ ریاستوں میں مقامی مساجد میں نمازوں کی امامت بھی کرائی، ان کی امامت میں مسجد نور ، مسجد ولی میں ہزاروں فرزندان اسلام نے نمازادا کی جبکہ عید الاضحی کے دن کمیونٹی پارک پرنسٹن جنگشن نیو جرسی میں بہت بڑا اجتماع ہوا جس میں ہزاروں افراد نے نمازعید ادا کی، اس موقع پر فلسطین کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔لیرک تھیٹر بالٹی مور میں ہونے والی فنڈ ریزنگ تقریب کے اختتام پر عبدالرزاق ساجدنے المصطفیٰ کی جانب سے شیخ مشاری کو یادگاری تحائف بھی پیش کئے۔؛اس موقع پر ایک عیسائی نوجوان نے شیخ مشاری کی تلاوت قران مجید سے متاثر ہوکر اسلام بھی قبول کیا۔ عبدالرزاق ساجد نے امام مشاری کے دورہ کی کامیابی پر امریکہ میں المصطفیٰ کے ٹرسٹی محمد عثمان خان نوری،توقیر خان،فراز احمد، ڈاکٹر انعام الحق، انجنیئرانوار، نرگس انعام الحق، ڈاکٹر شہباز چشتی، ماجد حسین ساہی، حافظ حبیب اللہ، مولانا طارق جامی، منیر احمد، گل شیر ساہی، صحافی کوثر جاوید سمیت تمام معاونین، کارکنوں اور رضاکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔مزید تفصیلات المصطفی یو ایس اے کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں