482

آنکھوں کے ایک لاکھ آپریشن کا ہدف مکمل ہو گیا

آئی کیمپوں کے دوران برطانیہ اور امریکہ کے ماہرڈاکٹروں نے خدمات انجام دیں

تجمل گرمانی
دنیا بھر میں تین کروڑ 90 لاکھ افراد آنکھوں کی روشنی سے محروم ہیں، جس کی بڑی وجہ سفید موتیا کا مرض ہے، دو کروڑ 85لاکھ افراد بینائی کی کمزوری کا شکار ہیں، دو ارب 20کروڑ افراد کی نزدیک کی نظر کمزور ہے اور انھیں نظر کے چشموں کی ضرورت ہے، افسوس ناک بات ہے کہ اندھے پن کے شکار 75فیصد افراد قابل علاج ہیں، اندھے پن میں مبتلا افراد کے بروقت علاج کے لئے طبی سہولیات میں اضافہ نہ ہوا تو 2050تک ان کی تعدادساڑھے 11کروڑ ہونے کا خدشہ ہے۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ اندھے پن کے خاتمہ کے لئے دنیا بھر میں فری آئی کیمپوں کی سب سے بڑی مہم چلا رہا ہے جس کے دوران جاری سال کے دوران امراض چشم میں مبتلا ایک لاکھ افراد کی آنکھوں کے مفت آپریشن کا ہدف مکمل ہو گیا۔ اس دوران پاکستان، کشمیر، بنگلہ دیش، برما، گیمبیا، سوڈان، کینیا، سری لنکا،فلسطین سمیت افریقی ممالک میں 906فری آئی کیمپ لگائے گئے۔ ہمارے اس سفر کا آغاز 2010میں پاکستان سے ہوا جہاں المصطفیٰ نے پاکستان اور کشمیر کے دیہی علاقوںمیں سفید موتئے کے آئی کیمپ لگائے جہاں مفت آپریشن اور لینز کی سہولیات مہیا کی گئیں، فری آئی کیمپوں کے کامیاب سفر کے بعد سکولوں میں بچوں کی آنکھوں کے معائنہ کے لئے سکول آئی ہیلتھ پراجیکٹ شروع کیا، سفید موتیا سے بچائو کے لئے آگاہی پروگرام شروع کئے، دیہی علاقوں میں طبی عملے کو آنکھوں کے امراض کی تشخیص اور علاج کی تربیت دی گئی، آئی کیمپوں میں پہلی مرتبہ ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ اور بعد ازاں ایڈز کے ٹیسٹ کی سہولیات شروع کیں، نظر کا بذریعہ کمپویٹرائزڈ معائنہ اور مریضوں کو قران مجید پڑھنے کے لئے قریب کی چشمے دئیے گئے، آئی کیمپوں میں مریضوں کو ایسی تمام سہولیات صرف المصطفیٰ مہیا کرتی ہے اور اسی وجہ سے ہمیں سفید موتیا کے ایک لاکھ آپریشن کرنے کا بین الاقوامی اعزاز حاصل ہوا جو ہماری محنت اور مریضوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ سفید موتیا کے ایک لاکھ آپریشن، ایک ہزار افراد کو آپریشن کے بعد کاروبار کے لئے مالی امداد، 421سکولوں میں سکول آئی ہیلتھ کیمپ، 3لاکھ افراد کو ہیپا ٹائٹس سکریننگ، 11ہزار بچوں کو سکولوں میں داخلوں میں مدد، ساڑھے پانچ لاکھ نظر کے چشمے، 7لاکھ افراد کی نظر کا معائنہ کر چکی ہے۔ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے آئی کیمپوں کے دوران امریکہ، انگلینڈ، سکاٹ لینڈ سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہر ت یافتہ ڈاکٹروں نے رضاکارانہ خدمات انجام دیںجن کی معاونت کے لئے پاکستان کے ماہرین امراض چشم بھی موجود تھے۔ آئی کیمپوں میں آنکھوں کا مفت معائنہ، ادویات، عینکوں اور موتئے کے مریضوں کے آپریشن کئے گئے۔المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی گلوبل ویژن ایڈمہم کے تحت فری آئی کیمپوں کی مہم کا عنوان ”آنکھوں کی روشنی سب کے لئے”تجویز کیاگیا۔ فری آئی کیمپوں کے دوران کامیاب آپریشن کے بعد اندھے پن کے مریضوں کو آنکھوں کی روشنی ملنے کے بعد ان کی زندگی تبدیل ہو گئی۔ ٰآئی کیمپوں کے دوران آنکھوں کے معائنہ، ادویات، کھانے، رہائش، لینز اور عینکوں کا مفت بندو بست کیا گیا۔اس دوران شوگر، بلڈ پریشر کے علاوہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مفت ٹیسٹ اور ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کے الگ آپریشن کئے گئے۔ آئی کیمپوں کے دوران ایسے مریضوں کے آپریشن بھی ہوئے جو دونوں آنکھوں سے نابینا ہوچکے تھے لیکن کامیاب آپریشن کے بعد انھیں نئی زندگی مل گئی، جن مریضوں کے آپریشن ہوئے سفید موتئے کی وجہ سے ان کی نظر ختم ہو چکی تھی لیکن المصطفیٰ آئی کیمپ میں کامیاب آپریشن کی وجہ سے انھیں دوبارہ آنکھوں کی روشنی مل گئی اور وہ کام کاج کے قابل ہو گئے،آئی کیمپوں کے دوران دیہی سکولوں میں ”سکول آئی ہیلتھ پروجیکٹ?”کے تحت بچوں کی بڑی تعداد کا معائنہ ہو ااور جن طالبعلموں کو دور کی نظر کی کمزوری کی وجہ سے پڑھنے لکھنے میں دشواری تھی انھیں عینکیں دی گئیں۔

چیئرمین عبدالرزاق ساجد کا پیغام
المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ آنکھوں کے علاج معالجہ کرنے والی دنیا کی بڑی تنظیم بن چکی ہے، مجھے فری آئی کیمپوں میں امراض چشم میں مبتلا سینکڑوں افراد سے ملنے کا موقع ملاجو اندھے پن کی وجہ سے معذوری اور ان کے خاندان کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے تھے، مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سفید موتیا قابل علاج مرض ہے لیکن دنیا بھر میں دو کروڑ انسان ہسپتالوں، ڈاکٹروں اور مالی استطاعت نہ رکھنے کی وجہ سے آنکھوں کی روشنی سے محروم ہیں،ہم نے 2010میں آنکھوں کی روشنی بانٹنے کا عزم کیا اور الحمد اللہ آج دس برس بعد ہم فخر سے کہتے ہیں کہ ایک لاکھ مریضوں کی آنکھوں کے آپریشن کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے لئے اللہ اور رسول کی ذات کے بعد ہمارے ڈونرز نے بہت ساتھ دیا جس پر میں تہہ دل سے ان کا شکر گزار ہوں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں