471

المصطفیٰ آئی ہسپتال۔خواب سے تعبیرتک

تجمل گرمانی
شہر بے مثال لاہور کے عین وسط میں ، انتہائی اہم اور پُر رونق مقام پر “ المصطفے آئی ہسپتال “ کا قیام ۔۔۔ پنجاب اسمبلی اور برٹش کونسل کے نواح میں ، لارنس گارڈن اور لاہور تعلیمی بورڈ کے بہت قریب ، گنگا رام ہسپتال کے عقب میں ، اللہ کے خصوصی فضل و کرم سے “ المصطفے آئی ہسپتال “ فنگشنل ہو چکا ۔۔ المصطفے آئی ہاسپٹل کی کشادہ بیسمنٹ اور فسٹ فلور کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ۔۔۔ آپریشن تھیٹر کی تیاری اور ہسپتال کی تزئین و آرائش کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ۔۔۔۔ ماہ آذادی اگست کے آخری عشرے میں اس شاندار ہسپتال میں آنکھوں کے مفت آپریشن اور امراض چشم کے علاج کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ( ان شاءاللہ ) ۔۔ اس طرح دنیا کے 22 ممالک میں خدمت انسانیت کے لئے سرگرم عمل “ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل “ کا ایک دیرینہ خواب تعبیر آشنا ہوا ۔۔ المصطفے کے ایک اور ہدف کی کامیاب تکمیل ۔۔ ایک اور سنگ میل عبور ۔۔ ایک اور جگمگاتی کامیابی ۔۔ ایک اور اعزاز ۔۔ المصطفے کی مخلص و متحرک اور جنوں صفات ٹیم کی ایک اور معرکہ آرائی ۔۔۔ اللہ کریم کے فضل و کرم کا ایک اور رنگ ۔۔۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی نگاہ کرم اور آپ کے اسم گرامی کا ایک اور معجزہ اور کرشمہ ۔۔ المصطفے آئی ہسپتال کے لئے ماہرین امراض چشم کے ساتھ ساتھ تجربہ کار ، کوالیفائیڈ اور ماہر ترین ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔۔ اور خدمت کے لازوال جذبے سے سرشار بااخلاق ، ہمدرد ، مہربان ، شفیق اور خلیق عملہ کے چناؤ اور تعیناتی کا عمل انتہائی سرعت کے ساتھ جاری ہے ۔۔ ربیع الاول کے مقدس ، متبرک اور معطر و منور ایام میں “ المصطفے آئی ہسپتال “ کی باقاعدہ افتتاحی تقریب ہو گی جس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔۔ المصطفے آئی ہسپتال اپنی نوعیت کا انوکھا اور منفرد و مختلف منصوبہ ہے جہاں ایک ہی چھت تلے آنکھوں کے معائنہ ، مرض کی تشخیص ، سفید موتیا کے آپریشن ، لینز ، ادویات ، نظر کے چشمہ اور فالو آپ کی تمام تر سہولتیں اعلی ترین معیار کے ساتھ مفت مہیا کی جائیں گی ۔ پرچی سے آپریشن تک ہر سہولت فری ہو گی ۔۔۔ یہ کمرشل ہسپتال نہیں بلکہ یہاں علاج مفت جبکہ سہولتیں پاکستان کے کسی بڑے سے بڑے ہسپتال سے کہیں بہتر ہوں گی ۔۔المصطفے آئی ہسپتال میں دنیا کی جدید ترین مشینیں اور آلات کا بندوبست کیا جا رہا ہے تاکہ غریب مریضوں کو آنکھوں کے علاج اور آپریشن کی عالمی معیار کی شاندار سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں ۔۔ المصطفے کے اس ہسپتال میں آنکھوں کے آپریشن سے پہلے ہر مریض کا ہیپاٹائٹس بی سی ، بلڈ پریشر ، بلڈ شوگر اور ایڈز کا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا ۔ اس ہسپتال میں آنکھوں کے تمام امراض سفید موتیا ، بھینگاپن اور ناخونہ سمیت دوسرے تمام امراض چشم کے علاج کا انتہائی معیاری اور مثالی انتظام ہو گا ۔۔ ہسپتال میں آنکھوں کے علاج کے علاوہ نئی نسل کے لئے آنکھوں کے شعبہ میں تعلیم اور عملی تربیت کے مواقع بھی میسر ہوں گے اور ہسپتال کی طرف سے المصطفے کے تربیت یافتہ رضاکار امراض چشم سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوام میں شعور و آگہی بیدار کریں گے کیونکہ پرہیز اور احتیاط علاج سے زیادہ ضروری اور اہم ہے ۔ المصطفے آئی ہسپتال عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق کام کرے گا اور اسے اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنایا جائے گا ۔۔المصطفے آئی ہسپتال کے قیام و تشکیل کی حیرت انگیز کہانی انتہائی دلگداز اور حوصلوں کو مہمیز دینے والی ہے ۔ اس کہانی کے قابل قدر اور لائق ستائش کرداروں میں شیخ طارق حمید فضل ، شیخ خالد حمید فضل ، شیخ عزیز الرحمن ، شیخ سعد عطا ، شیخ احمد عطا ، چیئرمین المصطفے عبدالرزاق ساجد اور برادرم تجمل گرمانی کے اسمائے گرامی نمایاں ہیں ۔۔ 1982 کی بات ہے جب لاہور شہر کی ایک معروف سماجی ، کاروباری اور فلاحی شخصیت جناب شیخ فضل الرحمن نے انتہائی اخلاص اور صادق جذبے کے ساتھ رفاہی اور فلاحی مقاصد کے لئے “ مدینہ ٹرسٹ “ کی بنیاد رکھی ۔ 1990 میں ان کے قابل فخر اور خوش بخت بیٹے شیخ عطاالرحمن نے مدینہ ٹرسٹ کی ذمہ داری سنبھالی اور نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ مدینہ ٹرسٹ کے زیراہتمام مزنگ روڈ پر آٹھ مرلہ زمین پر “ مدینہ لیب “ قائم کی جہاں پر غریب مریضوں کو مختلف میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولت انتہائی معمولی معاوضے کے ساتھ فراہم کرنے کی خدمت برس ہا برس کامیابی کے ساتھ جاری رہی اور محترم شیخ عطاالرحمن کی وفات کے بعد بھی ان کے سعادت مند اور درد دل رکھنے والے بیٹوں نے خدمت انسانیت کا یہ عمل جاری رکھا ۔المصطفے کے کنٹری ڈائریکٹر جناب تجمل گرمانی مدینہ لیب کے ذمہ داران کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور انھیں المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ مل کر مشترکہ بنیادوں پر خدمت انسانیت کا کام کرنے کی ترغیب دلاتے رہے ۔ اس دوران چیئرمین المصطفے جناب عبدالرزاق ساجد اور المصطفے کی ٹرسٹی محترمہ رضوانہ لطیف نے بھی مدینہ لیب کی جگہ کا وزٹ کیا اور مدینہ ٹرسٹ کے ذمہ داران کے ساتھ ملاقات بھی کی اور اشتراک عمل کی ممکنہ صورتوں پر تبادلہ خیال کیا ۔۔ کئی برس کے رابطوں اور ملاقاتوں کے بعد بالآخر جناب تجمل گرمانی کی مخلصانہ کاوشیں رنگ لائیں اور پچھلے سال 1990 کے دسمبر میں مدینہ لیب کے شیخ طارق حمید فضل ، شیخ خالد حمید فضل اور شیخ عزیز الرحمن کو المصطفے کے لاہور میں بروئے کار ہیڈ آفس میں مدعو کر کے انھیں دنیا کے 22 ممالک میں جاری المصطفے کی فلاحی سرگرمیوں ، رفاہی منصوبوں اور موثر و متحرک نیٹ ورک کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور آئی کے شعبے میں المصطفے کے تجربے اور ورکنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔۔ بریفنگ دینے والوں میں تجمل گرمانی ، محمد نواز کھرل ، ارشاد جاوید قریشی ، حامد رضا اور ملک فیاض اطہر شامل تھے ۔۔۔ اس مشترکہ اجلاس میں مدینہ ٹرسٹ کے دردمند اور مخلص احباب گرامی قدر نے کمال فیاضی و مہربانی کا ثبوت دیتے ہوئے المصطفے کے کام اور فلاحی سفر سے متاثر اور مطمئن ہو کر مدینہ لیب کی جگہ اور عمارت المصطفے کے حوالے کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا ۔۔ اس خوش آئند فیصلے کے بعد مدینہ ٹرسٹ اور المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے باہمی اشتراک کی تفصیلات طے کرنے ، قانونی دستاویزات کی تیاری اور المصطفے آئی ہسپتال کے قیام کی منصوبہ بندی کے لئے مسلسل کئی مشترکہ اجلاس منعقد کئے گئے ۔۔ ان اجلاسوں میں مدینہ ٹرسٹ کی طرف سے شیخ طارق حمید فضل ، شیخ خالد حمید فضل ، شیخ عزیز الرحمن اور المصطفے کی طرف سے تجمل گرمانی ، محمد نواز کھرل ، ملک فیاض اطہر ، سلیم عباس قیصر اور سیف صاحب شریک ہوتے رہے ۔۔ قانونی دستاویزات پر دستخطوں کے بعد اپریل 2020 میں مدینہ لیب کے بیسمنٹ اور فسٹ فلور کو آئی ہسپتال کی شکل دینے کے لئے تعمیر و مرمت کے کام کا آغاز کیا گیا اور کرونا وبا کے باوجود احتیاطی تدابیر کے ساتھ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے چار ماہ کے قلیل وقت میں آئی ہسپتال کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔۔ اس وقت المصطفے کا یہ ہسپتال ایک دلکشا اور شاندار منظر پیش کر رہا ہے اور اب یہ ہسپتال غریب ، نادار ، مستحق اور ضرورت مند مریضوں کی بےلوث خدمت کے لئے تیار ہے ۔۔ ہسپتال کی تعمیر و مرمت ، تزئین و آرائش ، مشینوں کی تنصیب اور آپریشن تھیٹر کی تیاری پر کم و بیش ایک کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہو چکی ہے جبکہ ہسپتال کو کامیابی کے ساتھ چلانے ، ڈاکٹرز اور دوسرے عملے کی تنخواہوں اور یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی ، ادویات ، مزید جدید مشینوں ، چشموں ، لینز اور ضروری آلات کی خریداری کے لئے ہر ماہ خطیر رقم درکار ہو گی ۔ قارئین کرام ! المصطفے آئی ہسپتال محرومیوں ، مایوسیوں اور غربت و افلاس سے تپتی زمین پر مجبوروں ، بے کسوں ، لاچاروں اور بیماروں کے لئے ایک ایسا گھنا درخت ہے جس کی ٹھنڈی چھاؤں تلے روزانہ سینکڑوں افراد اپنی جسمانی تکالیف کو راحت میں بدلیں گے ۔۔۔۔ المصطفے آئی ہسپتال علاج کے وسائل سے محروم نادار و مفلس مریضوں کے لئے پناہ گاہ ہے ۔۔۔ المصطفے آئی ہسپتال بجھی آنکھوں والے نابینا افراد کے لئے امید ، امکان اور روشنی کی علامت ہے ۔۔۔ المصطفے آئی ہسپتال ایک مشن ہے ، خدمت انسانیت کا مشن ، ایک کوشش ہے ، اندھے پن کے خاتمے کی کوشش ، ایک تحریک ہے ، روشنی سب کے لئے تحریک ۔۔۔۔ اپنے دل میں دُکھی انسانیت کا درد رکھنے والے لوگو ! دیکھنے سے محروم بجھی آنکھوں کو پھر سے دیکھنے کے قابل بنانے کے اس عظیم مشن میں المصطفے کا ساتھ دیں ۔۔۔ آپ کے دیئے گئے عطیات سے ہونے والے آپریشن کے ذریعے کسی غریب کی مدتوں سے ٹھہری ، رُکی ، تھمی اور ویران زندگی پھر سے مسکرا اٹھے گی ، رواں دواں ہو جائے گی ۔۔۔ آپ کی دی ہوئی مدد صدقہ جاریہ بن کر بہت سی زندگیاں بدلے گی ۔۔ آئیے اپنے حصے کا فرض ادا کیجئے ، کہیں ایسا نہ ہو کہ ہماری راہ دیکھتی اُجڑی آنکھیں ہمیشہ کے لئے مایوس ہو جائیں ۔۔۔ آئیے زندگی ختم ہونے سے پہلے مل جُل کر اپنی جیب اور اپنے احساس کے ذریعے ان مفلوک الحال خاک نشینوں کو سکھ کی چھاؤں فراہم کریں جن کی حیاتی میں شاخ بھر چھاؤں بھی باقی نہیں رہی ۔۔۔ ہمیں یاد رکھنا ہو گا کہ ایمان کے بعد افضل ترین نیکی خلق خدا کی خدمت ہے ۔ المصطفے ویلفیئر ٹرسٹ کے کئی برس سے جاری فری آئی کیمپوں کے ذریعے ایک لاکھ بجھی آنکھوں کی روشنی بحال ہو چکی ۔ آنکھوں کے ایک لاکھ مفت آپریشن مکمل کر لینے کے بعد لاہور میں المصطفے آئی ہسپتال کا قیام المصطفے کی دوسری بڑی کامیابی ہے اور یہ سب کچھ اللہ کریم کے فضل و احسان اور المصطفے کے ڈونرز اور معاونین کی مدد و تعاون سے ممکن ہوا ہے ۔۔ ایک لاکھ بندگان خدا کو بینائی کا تحفہ دے کر ان کی زندگیاں روشن کرنے کے بعد اب المصطفے آئی ہسپتال کے ذریعے پھر سے مسکرائیں گے کئی گھرانے ۔۔۔ پیارے پڑھنے والے ! آنکھ کی نعمت کے شکرانے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ کسی اندھے کو دیکھنے کے قابل بنایا جائے ۔ اس وقت بھی دنیا میں کروڑوں غریب نابینا افراد زندگی کے رنگ دیکھنے کے منتظر ہیں ۔۔ آگے بڑھیں اور المصطفے کے آئی ہسپتال کو چلانے کے عمل کا حصہ بن کر روشنی کے سفیر بن جائیں ۔۔۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں