376

انسانی خدمت ، المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کا نصب العین

’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد ان دنوں اپنی ٹیم کے ساتھ پاکستان کے دورہ پر ہیں جہاں وہ اپنے ادارے کے تحت جاری آنکھوں کے آپریشن اور دیگر پراجیکٹس کی رپورٹس لیں گے ، مذکورہ ادارہ پاکستان کے علاوہ برما، بنگلہ دیش ، فلسطین اور افریقہ کے کئی ایک ممالک میں خدمات انجام دے رہا ہے ، ابھی گذشتہ مہینے کی پانچ تاریخ کو چیئریٹی کا عالمی دن منایا گیا اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات ، سیمینار ز ، واکس اورکانفرنسز کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد دُنیا بھر کے بے سہارا اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کرنا ہے اسی سلسلہ میں 2012ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بیماروں ، ناداروں کی مدد کیلئے اپنی پوری زندگی وقف کر دینے والی عظیم سماجی کارکن مدرٹریسا کے یوم وفات یعنی 5ستمبر کو ’’ ورلڈ چیئریٹی ڈے ‘‘ منانے کی منظوری دی ، صدقہ و خیرات اور سخاوت یا انسانی ہمدردی کے تحت مالی طور پر کی جانے والی امداد چیئریٹی کہلاتی ہے۔ انسانوں کا یہی جذبہ اور ایکٹ انسانوں کے درمیان حقیقی سماجی تعلق قائم کرتی ہے اور ایک جامع و لچکرار معاشرے کی تشکیل میں معاون ہوتی ہے ، یہ چیریٹی ہی ہے جو قدرتی اور انسانی بحرانوں سے پیدا ہونے والے بدترین اثرات کو کم کرتی ہے اور حکومتوں کا ہاتھ بھی بٹاتی ہیں ۔ چیریٹی تنظیموں کے زریعہ حکومتیں صحت ، تعلیم اور ہائوسنگ سمیت بچوں کے تحفظ کے ضمن میں انتہائی مثبت فائدہ اٹھا سکتی ہیں ، چیریٹیز ثقافت ، سائنس ، کھیلوں کی ترقی اور قدرتی ورثے کے تحفظ میں بھی معاون ہوتی ہیں یہ پسماندہ افراد کے حقوق کو بھی فروغ دیتی ہیں اور تنازعات کی صورت انسانیت کا پیغام پھیلاتی ہیں اسی لئے ستمبر 2015ء میں اپنائے جانے والے پائیدار ترقی کے ایجنڈہ برائے 2030ء اقوام متحدہ نے تسلیم کیاکہ غربت کو اس کی تمام اقسام اور جہتوں بشمول انسانی غربت کا خاتمہ سب سے بڑا عالمی چیلنج اور پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔ ’’ اے ڈبلیو ٹی ‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد بھی گذشتہ کوئی تیرہ سال سے یہی ایجنڈا اور نصب العین لے کر انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت بغیرکسی رنگ ونسل اور عقیدے کی تخیص کے انسانیت کا یہ سفر جاری رکھے ہوئے ہیں اس کا کہنا ہے کہ ہمارے دین میں بھی چیریٹی کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور اس کی معاشرتی ضرورت کو انتہائی تفصیل سے بیان کر دیا گیا ہے ، اسی لئے مسلمانوں کو زکوٰۃ ، صدقات ، خیرات اور عطیات وغیرہ دینے کی ترغیب دی گئی ہے تاکہ معاشی پریشانیوں کا شکار ، مصیبت زرہ ، بے گھر اور بے سہارا افراد کی مالی مدد ممکن ہو سکے ، چیریٹی کرنے والا خود بھی کسی مستحق کی مالی مدد کرنے سے دلی سکون اور خوشحالی ہوتی ہے کیونکہ وہ اپنے سے کم مایہ لوگوں کو دیکھتا ہے ان کے مسائل سنتا ہے۔ شکر گزاری اور خود کو حاصل نعمتوں کی قدر کرتا ہے ۔اس طرح گھر کے افراد کی چیریٹی کرنے سے بچوں کو بھی ترغیب ملتی ہے اور یہ نیک کام نسل در نسل چلتا رہتا ہے ۔کیونکہ زندگی کا اصل مقصد دوسروں کے کام آنا ہی ہوتا ہے کیونکہ دولت اور وسائل ایک حد تک انسانی ضروریات پوری کرتے ہیں اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ ان چیزوں کی اہمیت کم یا ختم ہو جاتی ہے اگر ہم نظر دوڑائیں تو دنیا کی نامور شخصیات اپنی عظمت دولت اور بے انتہا مصروفیات کی بنا پر دوسروں کی مدد کرنے اور اس کام کو آگے بڑھانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتیں ۔ ہر کوئی مانتا ہے کہ دنیا کے امیر ترین انسانوں میں سے ایک بل گیٹس ، کرسٹیا نو رونالڈو اور اوپر اونفرے جیسی شخصیات چیریٹی کے بہت سے کام کرتی ہیں ۔ لیکن کئی معروف لوگ ایسے بھی ہیں جو منظر عام پر نہیں آتے یہ نامور شخصیات شعور پیدا کرنے اور مستحق افراد کی مدد کرنے کیلئے بہت بڑا دل رکھتی ہیں اور میڈیا کی زینت بنے بغیر خاموشی سے اپنا کام گزرتی ہیں۔
’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کے زیر اہتمام حالیہ دنوں میں اعتکاف ہال داتا دربار میں تین روزہ فری آئی کیمپ، مزنگ لاہور میں قائم ’’ فری آئی ہسپتال ‘‘ میں خصوصی سیمینار ز ، واکس کو رونا ویکسین کیمپس اور پاکستان بھر کے دور دارز علاقوں میں جہاں سے پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں وہاں پانی کے کنویں بنوانے ، ہینڈ پمپس ، واٹر فلٹر یشن پلانٹس اور ضرور ت مندوں کو بنیادی کھانے پینے کی اشیاء پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ چیئرمین ا’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ عبدالرزاق ساجد نے مختلف جگہوں پر اپنے خطابات میں اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ آج کے اس پُر آسوب دور میں جبکہ ہر شخص مسائل کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہے خصوصاً جب پاکستان میں کُل آبادی کی اکثریت خطِ غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے بوگ بنیادی حقوق حاصل کرنے سے بھی محروم ہیں جن میں صحت ، تعلیم ، لباس ، رہائش اور خوراک شامل ہیں جبکہ رہی سہی کسر کورونا وائرس نے پوری کر دی ہے اس وبا کے باعث لوگوں کی ایک بڑی تعداد شدید مالی مسائل کا شکار ہوئی ہے ۔ مہنگائی و بیروز گاری کی وجہ سے لوگ تلخیوں و پریشانیوں کا شکار ہو چکے ہیں ایسے میں کئی افراد ایسے ہیں جو اس مشکل گھڑی میں بھی انسانیت کا درد رکھتے ہیں اور دوسروں کے دکھ درد سمیٹنے میں اور آسانیاں بانٹنے کیلئے عملی طور پر اپنی جان و مال سے دکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھائے ہوئے ہیں کیونکہ یہی عبادت ہے۔دین بھی ہمیں یہی سکھاتا ہے اور سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کا یہ حکم ہے کہ حقوق العباد تمام عبادتوں سے افضل عبادت ہے اور ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ اللہ کے اسی حکم کی پیروی کرتے ہوئے انسانی خدمت کے کام کو آگے بڑھا رہا ہے اور ادارے کی کوشش ہے کہ اپنے اس کام کا دائرہ کار دُنیا کے مزید ان ممالک اور علاقوں تک بڑھایا جائے جہاں غربت ہے ، بھوک ہے ، جہاں علاج و ادویات نہیں، جہاں شیلٹر نہیں ، جہاں ایک دو وقت کا کھانا میسر نہیں، جہاں تعلیم نہیں اور جہاں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، مذکورہ ادارے کے چیئرمین کے مطابق ’’ المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ ‘‘ اپنے فری آئی کیمپس پروگرام کے تحت دو سال پہلے شروع کئے گئے پروگرام تلے ڈیڑھ لاکھ افراد کی آنکھوں کے مفت آپریشن کرچکا ہے اور یہ سلسلہ تاحال بڑی سرعت سے جاری ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں