181

“المصطفیٰ ویلفئر ٹرسٹ اور کمیونٹی شیلف”


یہ چیریٹی تنظیم پاکستان/آزاد کشمیر سمیت دُنیا کے کوئی چوبیس ممالک میں انواع واقسام کے مسائل در پیش ہونے کے باوجود مختلف منصوبوں کے تحت انسانی فلاح کی خدمات انجام دے رہی ہے۔ ابھی گزشتہ ہفتے ہی “المصطفی ویلفئر ٹرسٹ” نے مغربی لندن کے علاقہ میں “ ہونسلو جامع مسجد اینڈ اسلامک سینٹر “ کے تعاون سے مسجد کے احاطے میں کھانے پینے کا ایک آؤٹ لیٹ یا فوڈ بینک قائم کیا ہے جہاں سے ایسے افراد کو کھانے پینے کی اشیا فری آف چارج مہیا کی جائیں گی جو عمر رسیدہ ہیں کسی قسم کی معزوری کا شکار ہیں یا پھر وُہ لوگ جو افلاس کا شکار، بے گھر اور ضرورتمند ہیں۔ اس ضمن میں یہ بات بھی انتہائی اہم ہے کہ یہ انسانی خدمت کسی رنگ ونسل اور عقیدے کو مد نظر نہ رکھتے ہوئے بلا امتیاز کی جائے گی !
گزشتہ ہفتے جب اس فوڈ بینک کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تو اس میں ملٹی کلچرل کمیونٹی نے شرکت کی اور “المصطفی ویلفئر ٹرسٹ” کی اس کوشش کی ستائش بھی کی ان افراد میں لارڈ قربان حسین ،ممبر پارلیمینٹ روتھ کیڈبری، مئیر آف ہونسلو ٹیرین سمتھ، ڈپٹی میئر ہونسلو شکیل اکرم ملک، چیئرمین تھرڈ ورلڈ سالیڈیریٹی مشتاق لاشاری، کونسلر سمیعہ چودھری، ماہر قانون اور لیبر کونسلر ریاض گل، بیرسٹر زبیر اعوان، ڈپٹی لیڈر آف دی ہاؤس ہونسلو کونسل ٹام بروس اور ملٹی کلچر سوسائیٹی سے چرنجیت کور نے بھی شرکت کی۔
دُنیا بھر میں رفاحی تنظیمیں انسانیت کی کسی نہ کسی طرح خدمت انسانی کرتی ہیں لیکن مذکورہ فوڈ بینک کی افتتاحی تقریب میں چیئرمین “المصطفی” عبدالرزاق ساجد کے اس “کمیونٹی شیلف” کے آئیڈیا نے داد وتحسین اس لئے سمیٹی کہ اُنہوں نے کہا اس کا نام فری فوڈ یا اس قسم کا کوئی دوسرا نام بھی ہو سکتا تھا لیکن میرا مطمع نظر یہ تھا کہ کسی انسان کی عزت نفس یا خودداری کو دھچکا نہیں لگنا چاہیئے اس لئے مفت کے لفظ سے دور رہ کر انتہائی غور وخوض کے بعد اس منصوبے کو “کمیونٹی شیلف” نام دیا گیا۔
یقینا، “مفت کھانے” کا لفظ اکثر منفی معنوں میں استعمال ہوتا ہے، جو کسی کی محنت یا خودداری کو کمتر دکھانے کے لیے کہا جاتا ہے، اگر کوئی کسی کی مہمان نوازی یا مدد سے فائدہ اٹھا رہا ہو، تو بہتر ہے کہ اس کے لیے نرم اور مثبت الفاظ استعمال کیے جائیں، مثلا “دعوت”، “مہمان نوازی” یا “تحفہ” جیسے الفاظ کا درست انتخاب تعلقات میں عزت اور محبت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کیونکہ خودداری انسان کی شخصیت کا ایک قیمتی جوہر ہوتی ہے۔ ہر شخص کی عزتِ نفس اور خودداری کا احترام کرنا نہ صرف ایک اچھے اخلاق کی علامت ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی کے لیے بھی ضروری ہے۔ جب ہم دوسروں کی خودداری کا احترام کرتے ہیں تو درحقیقت ہم انہیں یہ احساس دلاتے ہیں کہ وہ قابلِ قدر ہیں، اور یہی رویہ باہمی تعلقات کو مضبوط بناتا ہے۔
“کمیونٹی شیلف” کی اس افتتاحی تقریب کے موقع پر مقامی میڈیا کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی اپنے خطاب کے بعد چیئرمین “المصطفی ویلفئر ٹرسٹ” عبدالرزاق ساجد نے انسان کی خود داری اور عزت نفس سے متعلق جو گفتگو کی اس سے یقیناً اُن کی خدمت خلق انسان دوستی کی سوچ، سماجی کام کی لگن، مخلوقِ خُدا کی بہبود، دُکھی و ضرورتمندوں کی دیکھ بھال اور رفاہ عامہ کے کاموں کی دھن کا قطعی اندازہ ہوتا انہوں نے قرآن و احادیث کے حوالہ جات دیتے ہوئے کہا کہ دینِ اسلام میں عزتِ نفس اور خودداری کا احترام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ قرآن و حدیث میں بارہا یہ تعلیم دی گئی ہے کہ ہر انسان کو عزت دی جائے اور اس کی خودداری کو مجروح نہ کیا جائے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ
وَلَقَدْ كَرَّمْنَا بَنِي آدَمَ
(اور بے شک ہم نے بنی آدم کو عزت دی) – (سورہ الاسراء: 70)
یہ آیت واضح کرتی ہے کہ ہر انسان کو عزت اور تکریم دی گئی ہے، اور اس کی خودداری کا احترام کرنا لازمی ہے۔
نبی کریمﷺ نے فرمایا:
“مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔” (بخاری و مسلم)
یہ حدیث اس بات کی تلقین کرتی ہے کہ کسی کو تکلیف دینا، چاہے وہ جسمانی ہو یا عزتِ نفس کو مجروح کرنے کی صورت میں ہو، اسلام میں منع ہے۔ دین میں خودداری اور عزتِ نفس کو برقرار رکھنے کی تلقین اور مانگنے یا ہاتھ پھیلانے سے بچنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ یہ حدیث خودداری اور عزتِ نفس کو قائم رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
یہ تعلیم اس بات پر زور دیتی ہے کہ کسی کی عزتِ نفس کو مجروح کرنا، مذاق اڑانا یا تحقیر کرنا جائز نہیں۔ دینی لحاظ سے کسی بھی انسان کی عزتِ نفس کا احترام نہ صرف لازمی ہے بلکہ یہ ایمان اور اچھے اخلاق کی علامت بھی ہے۔ اسلام ہر انسان کی تکریم کا درس دیتا ہے اور کسی کی خودداری کو ٹھیس پہنچانے سے منع کرتا ہے۔
“المصطفی ویلفئر ٹرسٹ” اور “ہونسلو جامع مسجد اینڈ اسلامک سینٹر، کی طرف سے “کمیونٹی شیلف” کے قیام سے یقینا ہونسلو اور قرب و جوار کے سیکڑوں ضرورت مند افراد کو زیادہ نہ سہی روزانہ کی بنیاد پر کھانے پینے کی اشیا بلا کسی امتیاز مہیا ہوں گی کیونکہ یہ سروس ہر روز 12 بجے سے 3 بجے تک دستیاب ہوگی !!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں