314

والڈ سٹی اتھارٹی لاہور اور المصطفےٰ آئی ہسپتال کے مابین ایم او یو پر دستخط ہو گئے ۔

والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور المصطفے آئی ہسپتال کے مابین ایم او یو پر دستخط ہو گئے ۔ باہمی اشتراک کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے دفتر میں منعقد ہوئی ۔ ایم او یو پر والڈ سٹی کے ڈی جی کامران لاشاری اور المصطفے آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل نے دستخط کئے ۔ ایم او یو میں طے پایا کہ المصطفے آئی ہسپتال والڈ سٹی کے تعاون اور اشتراک سے اندرون لاہور کے مختلف مقامات پر ہر ماہ ’’ فری آئی کیمپ ‘‘ لگائے گا اور مستحق مریضوں کی آنکھوں کے چیک اپ اور آپریشن مفت کئے جائیں گے ۔ والڈ سٹی اور المصطفے آئی ہسپتال اندرون لاہور میں اندھے پن کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششیں کریں گے ۔ اس موقع پر والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کے ڈی جی کامران لاشاری نے کہا کہ المصطفے آئی ہسپتال بجھی آنکھوں کی روشنی بحال کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ المصطفے آئی ہسپتال نے صرف سات ماہ میں آنکھوں کے 1517 مفت آپریشن مکمل کر کے بہترین مثال قائم کی ہے ۔ المصطفے آئی ہسپتال کے صدر طارق حمید فضل نے کہا کہ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی قومی ورثے کے تحفظ اور پرانے لاہور کے نقوش کو محفوظ بنانے کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ تقریب میں المصطفےٰ آئی ہسپتال کی ایڈمن نصرت سلیم ، میڈیا اینڈ پی آرز آفیسر نواز کھرل ، والڈ سٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل موبلائزیشن ٹیم مسز نوشین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل موبلائزیشن ٹیم طیبہ نعیم نے بھی شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں